Chitral Times

Sep 21, 2023

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے زیر صدارت صوبے میں امن وامان کی صورت حال حوالے اعلیٰ سطح اجلاس

شیئر کریں:

پشاور (چترال ٹائمز رپورٹ) زیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کی زیر صدارت پیر کے روز امن و امان کی صورتحال سے متعلق اعلیٰ سطح کا ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبہ بھر میں امن و امان کی مجموعی صورتحال بالخصوص گزشتہ روز ضلع چارسدہ کے علاقہ مندنی میں پیش آنے والے نا خوشگوار واقعے کے مختلف پہلوﺅں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ۔اجلاس کے شرکاءکو پولیس کے اعلیٰ حکام کی جانب سے واقعہ سے پیدا شدہ صورتحال کو کنٹرول کرنے کیلئے پولیس کے اقدامات کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔

چیف سیکرٹری شہزاد خان بنگش ، انسپکٹر جنرل پولیس معظم جاہ انصاری ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری شہاب علی شاہ، وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری امجد علی خان ، سیکرٹری داخلہ اکرام اﷲ خان کے علاوہ دیگر متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی ۔ اجلاس کو چارسدہ میں پیش آنے والے ناخوشگوار واقعے پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ علاقے میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے مبینہ واقعہ کے بعد مشتعل ہجوم کی طرف سے ایک پولیس سٹیشن اور مختلف چوکیوں کو ریکارڈ سمیت نذر آتش کیا گیا۔ مزید بتایا گیا کہ بعض عناصر اور جرائم پیشہ افراد نے لوگوں کو سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے پر اُکسایا ہے جن کی نشاندہی کر لی گئی ہے ۔ اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ قرآن پاک کی مبینہ بے حرمتی کرنے والے شخص کو گرفتار کرکے اس کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے ۔

اجلاس میں مشتعل ہجوم کی طرف سے سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے جلاﺅ گھیراﺅ میں ملوث عناصرکے خلاف سخت سے سخت کاروائی عمل میں لانے کا فیصلہ کیا گیا ۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہاکہ قرآن پاک کی بے حرمتی ایک انتہائی افسوسناک واقعہ ہے اور بے حرمتی کرنے والے شخص کو قانون کے مطابق سخت سے سخت سزا دلائی جائے گی ۔ اُنہوںنے مزید کہاکہ حکومتی رٹ کو چیلنج کرنے والوں کے خلاف بھی سخت سے سخت ایکشن لیا جائے گااور ان سے آ ہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے پولیس حکام کو ہدایت کی ہے کہ پولیس فورس حکومتی عمل داری اور قانون کی بالا دستی کو ہرصورت یقینی بنائے، امن و امان کو برقرار رکھنا اور سرکاری املاک کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے جس پر کسی صورت کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ نے مزید ہدایت کی کہ مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے بھی لائحہ عمل تیار کیا جائے اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ اس طرح کے واقعات دوبارہ رونما نہ ہوں۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ اُنہیں قرآن پاک کی بے حرمتی کرنے والے کے خلاف شہریوں کے جذبات کا احساس ہے۔ اُنہوں نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ پرامن رہیں اور قانون کو اپنا راستہ اپنانے دیں ۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ شہری اطمینان رکھیں ، قرآن پاک کی بے حرمتی کرنے والے شخص کو قانون کے مطابق سزا دلائی جائے گی ۔
<><><><><>

وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان سے نو تعینات کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کی تعارفی ملاقات


پشاور (چترال ٹائمز رپورٹ) وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان سے پیر کے روز نو تعینات کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید نے تعارفی ملاقات کی اورصوبے میں امن و امان کی عمومی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر اُمور پر تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر صوبے اور خصوصاً ضم اضلاع میں سکیورٹی کی صورتحال کو مزید بہتر بنانے کے لئے مربوط کوششیں کرنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔ وزیر اعلی نے لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کو نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دی اور ان کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ اپنی گفتگو میں وزیر اعلی محمود خان نے صوبے بالخصوص ضم اضلاع میں امن کی بحالی کے لئے پاک فوج کی کوششوں اور قربانیوں کو خراج تحسین کرتے ہوئے کہا کہ ضم اضلاع میں امن کی بحالی کے لئے سکیورٹی فورسز کی کاوشیں قابل ستائش ہیں۔
<><><><><><><>

chitraltimes Chief Minister Khyber Pakhtunkhwa Mahmood Khan called on by corps commandere Peshawar Lt gen Faiz hameed

شیئر کریں: