Chitral Times

Apr 20, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

لواری ٹنل سے بڑی گاڑیوں کے گزرنے پر پابندی سے چترال میں مہنگائی مذید بڑھے گی۔ شبیراحمد

شیئر کریں:

چترال ( نمائندہ چترال ٹائمز ) تجار یونین چترال کے سابق صدر شبیراحمد نے کہا ہے کہ این ایچ اے کی طرف سے لواری ٹنل کے اندر سے بڑی ٹرکوں میں سامان لانے کی بندش سے چترالی عوام اور معیشت پر پر برا اثر پڑے گا ، فی بوری کا کرایہ 130 روپے کے حساب سے اضافہ ہو گا جن کی وجہ سے تعمیراتی شعبہ پر برااثر پڑنے کے ساتھ مہنگائی بڑھے گی جس کا اثر بلاواسطہ چترالی عوام پر پڑے گا ریٹ بڑھنے کی وجہ سے تعمیراتی اشیاء کا فروخت کم ہو گا جس سے متعلقہ دوکاندار حضرات پر بھی اثر پڑے گا ۔

ایک اخباری بیان میں انھوں نے کہاکہ موجودہ حکومت بےروزگاری ختم کرنے اور مزدور طبقے کی بحالی کا دعوی کر رہی ہے جبکہ دوسری طرف چترال اور دیر انتظامیہ اور ایں ایچ اے لواری ٹنل سے بڑی گاڑیوں کی آمدورفت روک کر مزدور طبقے اور عوام کو پریشان کر رہی ہے حکومت موٹروے اور سی پیک جیسے منصوبے ارزان آمدورفت اور ترسیل کے واسطے بنا رہی ہے اور دوسری طرف این ایچ اے اور انتظامیہ اس کے برعکس چترالی عوام اور تجار برادری کو زمانہ قدیم کی طرف دھکیلنے کی کوشش کر رہی ہے ۔انھوں نے مطالبہ کیا ہے کہ انتظامیہ اپنا اس ظالمانہ اقدام پر نظرثانی کرے اور بڑی گاڑیوں کو ٹنل سے گزرنے کی اجازت دی جائے۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, چترال خبریں
55328