Chitral Times

Apr 19, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

صوبے میں زعفران اورزیتون کی کاشت منصوبہ سے متعلق گورنرخیبرپختونخوا کے زیرصدات اجلاس

شیئر کریں:

پشاور ( چترال ٹائمز رپورٹ ) گورنرخیبرپختونخواشاہ فرمان کی زیرصدارت صوبہ میں زعفران، بیری شہد اورزیتون کی کاشت منصوبہ سے متعلق ایک اعلی سطح اجلاس منگل کے روز گورنرہاؤس پشاورمیں منعقدہوا۔ اجلاس میں محکمہ زراعت کے ساتھ پاک فوج کے افسران نے شرکت کی اور اس موقع پر محکمہ زراعت کی جانب سے خیبر پختونخوا میں زرعی شعبہ میں زیتون، بیری شہد اور زعفران کی پیداواری استعداد اور کاشت کیلئے دستیاب موزوں اراضی سے متعلق مفصل بریفنگ دی گئی،

اجلاس میں صوبہ میں پاک فوج کے زیراستعمال علاقوں میں زعفران، بیری شہد اورزیتون کی کاشت کیلئے دستیاب موزوں زمین کی نشاندہی سے متعلق تبادلہ خیال کیاگیا۔ صوبہ کے مختلف اضلاع میں پاک فوج کے زیراستعمال علاقوں میں موسمیاتی اعتبارسے دستیاب بنجرزمین پرزعفران، زیتون اور بیری کی کاشت کا دائرہ کار بڑھایاجائیگا۔ اس حوالے سے محکمہ زراعت اور پاک فوج کے افسران ملکر پاک فوج کے زیراستعمال دستیاب بنجر زمین پرمذکورہ منصوبہ کے تحت زعفران، زیتون کی کاشت کیلئے ایک جامع پلان تشکیل دیں گے۔

اس موقع پر گورنرخیبرپختونخوا کا کہناتھاکہ وہ گذشتہ 7 برس سے زیتون، زعفران اوربیری شہد جیسی قدرتی انتہائی استعدادسے استفادہ اٹھانے کیلئے کوششیں کررہے تھے۔ اللہ تعالی نے ہمیں قدرتی خزانوں سے نوازاہے، ہماری زمین بہت زرخیز ہے، شعبہ زراعت، بالخصوص زیتون، زعفران اوربیری شہد کی ہمارے ملک اورصوبہ کی استعداد کو وسیع پیمانے پر استعمال میں لاکر ہم اربوں ڈالرریونیوپیدا کرسکتے ہیں، انہوں نے کہا کہ صوبہ بھر میں سول و عسکری زیر استعمال اراضی، عام زمینداروں سمیت موٹر ویز اور ایکسپریس ویز پر موجود زمینوں کو زرعی ضرورت پورا کرنے کیلئے قابل استعمال میں لائیں گے اور ہم سب نے ملکر عوامی مفاد کے اس منصوبے کو کامیاب بناناہے۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریں
55255