Chitral Times

Apr 19, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

جامعہ چترال کیلئے سین لشٹ کا حتمی انتخاب، ٹیکنیکل ایجوکیشن کی بلڈنگ محکمہ کو واپس حوالہ ہوگی۔ کمشنرملاکنڈ

شیئر کریں:

سوات ( نمائندہ چترال ٹائمز ) جامعہ چترال کیلئے سائٹ کے انتخاب کیلئے ایک اعلیٰ سطح اجلاس کمشنرملاکنڈ ڈویژن ظہیر الاسلام شاہ کے زیر صدارت منعقد ہوا۔ جس میں چترال کے منتخب ممبران اسمبلی ، وائس چانسلر چترال یونیورسٹی ، اے اے سی چترال و متعلقہ حکام نے شرکت کی ۔ اجلاس میں فیصلہ ہوا کہ سین لشٹ کے مقام پر یونیورسٹی آف چترال کی اپنی بلڈنگ بنی گی، جبکہ اپر چترال بونی میں یونیورسٹی کا سب کیمپس قائم کیا جائیگا۔ موجودہ عارضی بلڈنگ محکمہ ٹیکنیکل ایجوکیشن کو واپس حوالہ ہوگی۔

یونیورسٹی آف چترال کے مین کیمپس کی تعمیر کے لئے وفاقی اور صوبائی حکومت نے رقم مختص کی ہے، کیمپس کی تعمیر کے حوالے سے تمام لوازمات جلد مکمل کئے جائیں تاکہ ضلع کے طلبا و طالبات کو چترال میں ہی بہترین تعلیمی ماحول مہیا کیا جاسکے، ضلعی انتظامیہ بھی اس سلسلے میں مستعدی سے کام کرتے ہوئے یونیورسٹی کی تعمیر کے لئے زمین کی فراہمی جلدی یقینی بنائے، یونیورسٹی کا قیام چترال کے لئے ایک میگا منصوبہ ہے اس میں تاخیر بلکل نہیں ہونی چاہیے۔ ان خیالات کا اظہار کمشنر ملاکنڈ ڈویژن سید ظہیر الاسلام نے یونیورسٹی آف چترال کے مین کیمپس کی تعمیر کے حوالے سے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس کمشنر آفس سیدو شریف میں منعقد ہوا جس میں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے اقلیتی امور وزیر زادہ, سینٹر محترمہ فلک ناز، ممبر صوبائی اسمبلی مولانا ہدایت الرحمن، وائس چانسلر یونیورسٹی آف چترال ڈاکٹر ظاہر شاہ، ڈپٹی کمشنر چترال اپر محمد علی اور اپر اور لوئر چترال سے دیگر آفیسرز نے شرکت کی۔ اس موقع پر یونیورسٹی آف چترال کی تعمیر میں پیشرفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ وائس چانسلر کی جانب سے اجلاس کو تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ چترال لوئر میں سین لشٹ کے مقام پر زمین منتخب کی گئی ہے اور کیمپس کی تعمیر کے حوالے سے متعلقہ فورمز سے فنڈ کا اجراء کیا جا چکا ہے۔ زمین کے حصول اور بلڈنگ کی تعمیر کے لئے لوازمات آخری مرحلے میں ہیں۔

کمشنر ملاکنڈ ڈویژن سید ظہیر الاسلام نے ضلع چترال سے تعلق رکھنے والے ممبران سینٹ، قومی و صوبائی اسمبلیوں کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے اس سلسلے میں بھرپور کردار ادا کیا ہے اور ان کی دلچسپی کی وجہ سے ہی جلد تعمیر ممکن ہوسکےگی۔ اجلاس میں چترال اپر میں سب کیمپس کی تجویز پیش کی گئی جس پر فورم نے اتفاق کیا۔ کمشنر ملاکنڈ ڈویژن سید ظہیر الاسلام کا تجویز سے اتفاق کرتے ہوئے کہنا تھا کہ چترال اپر کے لئے سب کیمپس ایک اچھی تجویز ہے اور یونیورسٹی انتظامیہ کو اس سلسلے میں بھی کاروائی شروع کرنے کے احکامات جاری کئے۔ کمشنر کا کہنا تھا کہ چترال اپر میں تعلیمی رجحان اور شرح دوسرے اضلاع سے بہتر ہے اور وہاں اعلیٰ تعلیم کے مواقع فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

ضلعی انتظامیہ لوئر چترال کی طرف سے جاری پریس ریلیز کے مطابق کمشنر ملاکنڈ ڈویژن کی زیرصدارت ہائی لیول میٹنگ میں چترال کی سیاسی قیادت، وائس چانسلر اور سول ایڈمنسٹریشن نے سین لشٹ سائٹ پر اتفاق کیا۔ چترال سے منتخب ایم این اے علالت کی وجہ سے اجلاس میں شرکت نہ کرسکے تاہم ان کی منظوری فون پر حاصل کی گئی۔جڑواں اضلاع کی سیاسی قیادت، یونیورسٹی انتظامیہ اور سول ایڈمنسٹریشن نہایت تدبر اور دانشمندی سے اتفاق رائے قائم کرنے میں کامیاب ہوئی اور یوں 1700 ملین سے زائد اس اہم پراجیکٹ کو ڈراپ ہونے سے بچا لیاگیا۔ سید آباد سائٹ تکنیکی طور پر غیر موزوں اور ناکافی ہونے کی وجہ سے پہلے ہی متروک کیا گیا تھا۔ اس سائٹ کو دوسرے چھوٹے منصوبے کے لئے استعمال میں لایا جاسکتا ہے۔

chitraltimes commissioner malakand zaheerul islam 1
chitraltimes commissioner malakand zaheerul islam 2

شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریں, چترال خبریں
55133