Chitral Times

Mar 28, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

چترال کی تاریخ میں پہلی بار دلشاد پری کی بہ حیثیت خاتون SHO تقرری-تحریر: سردار علی سردارؔ

شیئر کریں:

خداوندتعالیٰ نے اس کائنات کے نظام کو بہتر طور پر چلانے کے لئے مرد اور عورت دونوں کے اندر طاقت اور صلاحیت کے انمول خزانے ودیعت کر رکھا ہے جن کو استعمال میں  لاتے  ہوئے دونوں  اس کائنات کی خوبصورتی میں  اپنا حصہ ڈالتے رہےہیں۔ یہ خوبی اور صلاحیت اگر عورت کے اندر موجود ہو تو وہ شرارِ زندگی بن کر تہذیب وتمدن کے حسن کو دوبالا کرتی ہے  کیونکہ  عورت کا وجود  صرف تصویرِ کائنات میں رنگ بھرنےکے لئے نہیں بلکہ تسخیرِ کائنات کے عمل میں برابر  شریک رہنے  اور مردوں کے دوش بدوش ہمسفر  کی صلاحیت موجود رہی ہے۔یہی مثال دخترِچترال  محترمہ دلشاد پری کےلئے دی جاسکتی ہےکیونکہ انہوں نے قدرت کی دی ہوئی صلاحیتوں کو اپناتے ہوئے مردوں کے شانہ بشانہ کے-پی-کے کے محکمہ پولیس میں اپنی کرئیر کا آغاز کیا  اور کئی مراحل سے گزر کر آج لوٹکوہ کے شغور تھانے میں بحیثیت خاتون SHO تعینات ہوچکی ہیں۔آپ کی یہ تقرری نہ صرف چترال کے عوام بلکہ چترال کی پوری خواتین کے لئے باعث فخر ،قابلِ صد تحسین  اور اہم پیغام ہے کہ اگر عورت اپنی خوابیدہ صلاحیتوں کو بروئی کار لائیں تو وہ بھی ناممکن کو ممکن بنانے میں اہم کردار ادا کرسکتی ہے۔

دلشاد  پری5 نومبر 1989 ء کو  اپر چترال کے خوبصورت اور ہردلعزیز گاؤں بونی گولوغوٹیک  کے ایک معزز قبیلہ سادات خاندان میں آنکھ کھولی جن کے آباواجداد کو علاقے میں کئی عشروں سے  مذہبی خدمات انجام دینے کی وجہ سے  ہمیشہ عزت اور احترام کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔ آپ کے والد گرامی سید عزیز ولی شاہ   ہیں  جس نے گزشتہ کئی عشروں سے محکمہ پولیس میں ایک وفادار اور مخلص حوالدار کی حیثیت سے اپنی ذمہ داریاں  بہ حسنِ خوبی انجام دے کر سبکدوش ہوئے اور کئی سال خوشی اور مسکراہٹ کے  حسین لمحات اپنے بچوں کے ساتھ بانٹ کر اس دارِ فانی سے کوچ کر گئے۔آپ  کی اولاد میں ایک بیٹا  اور تین بیٹیاں ہیں۔دلشاد پری موصوف کی دوسری بیٹی ہیں جو بہت ہی لائق، ہونہار  اور سخت محنتی ہیں۔ والد نے دورانِ ملازمت اور ریٹارمنٹ کے بعد بھی  اپنی اولاد کی تعلیم و تربیت میں کوئی کسر باقی نہیں رکھا ۔ اولاد کی خوشی کے لئے شب وروز محنت کرتا رہا  اور سب کے ساتھ یکسان  سلوک اور ان کو اُن کا  حق دلانے میں اپنا  مثبت کردار ادا کیا ۔جس کی وجہ سے آپ کی ساری اولاد مختلف شعبوں سے منسلک ہوکر عزت کی زندگی گزار رہے ہیں۔

chitraltimes dilshad pari first sho chitral shoghore 3

البتہ دلشاد پری بہت ہی ذہین اور ہوشیار بیٹی تھی جنہوں نے اپنی بنیادی تعلیم کا آغاز آغاخان گرلز ہائی سکول بونی دوکاندہ سے کیا  جہاں مارچ 2005ء کو  مٹرک کا امتحان اچھے نمبروں کے ساتھ پاس کرکے اپنی سکنڈری تعلیم کے لئے پامیر پبلک سکول بونی کا انتخاب کیا جہاں سے 2007ء کو ایف ایس  سی کا امتحان پاس کرکے  گورنمنٹ گرلز کالج سیدو شریف سوات میں پڑھائی شروع کی اور 2009 ء کو BSC  کا امتحان پاس کرکے کامیابی سے ہمکنار ہونے کے بعد ایم ایس سی کے لئے جہانزیب کالج سوات میں داخلہ لے لیا ۔ اس کالج میں آپ کی پڑھائی جاری تھی کہ 2010 ء کو  KPK  کے محکمہ پولیس میں لیڈی کنسٹبل کی حیثیت سے اپنی  ملازمت کا آغاز کیا اور ساتھ ساتھ اپنی پڑھائی بھی جاری رکھی  اور ایک سال تک مزید  محنت اور لگن سے اپنا  مطالعہ جاری رکھ کر 2012 کو  اپنی MSC یعنی Organic Chemistry   ( نامیاتی کیمیا) میں سند  حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی۔دلشاد پری جیسا کہ بتایا گیا  ذہین ہونے کے ساتھ ساتھ سخت مخنتی اور اپنے کام سے کام رکھنے والی خاتون ہیں ۔ وہ یونیورسٹی کی تعلیم سے فارغ ہونے کے بعد بھی آرام  سے بیٹھنے کے لئے تیار نہیں تھی بلکہ وہ اپنے قیمتی لمحات کو اپنی  صلاحیت اور ہنر میں اضافہ کرنے کے لئے استعمال کرتی رہی ۔یہی وجہ تھی کہ آپ وکالت کی تعلیم کے ساتھ ساتھ Bed  کی ڈگری بھی حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی۔ اسطرح  آپ صحافت اور DIT میں  بھی ڈپلومہ حاصل کرچکی ہیں ۔

آپ کو شروع ہی سے قانون کے خدوخال اور اس کے بنیادی اصولوں کو سمجھنے کے لئے شوق اور دلچسپی رہی تھی۔  آپ کوئی پیشہ ور وکیل بننا نہیں چاہتی تھی بلکہ پولیس کے محکمے سے وابستہ ہوکر قانون سے خوب واقفیت  حاصل  کرکے قانون کے مطابق معاشرتی مسائل کو حل کرنے کا ارادہ  رکھتی تھی۔اس مقصد کے حصول کے لئے آپ نے  اپنے ڈیپارٹمنٹ سے NOC لیکر مسلم لاء کالج سوات میں ایڈمیشن لیا  اور  تین سال میں LLB  کی سند حاصل کی۔وکالت کی تعلیم کے لئے آپ کے ڈیپارٹمنٹ کے اعلیٰ افسران کی پشت پناہی بھی آپ کو حاصل رہی جن کی ہمہ وقت مدد اور تعاون سے آپ نے اپنی تعلیم مکمل کی ۔دلشاد پری کا کہنا ہے کہ اگر  افسرانِ اعلیٰ کی اعلیٰ ظرفی  اور مدد شامل حال نہ ہوتی تو وہ اپنے مقصد میں کامیاب نہ ہوتی۔اسطرح مسلم لاء کالج  سوات میں دوران تعلیم  میرے بہت سے اساتذہ کرام نے  عقلی، ذہنی اور اخلاقی تربیت میں میری بھرپور معاونت کی اور جن کی کاوشوں سے ہی میری خوابیدہ صلاحیتوں میں نکھار پیدا ہوئیں۔ان اساتذہ  میں کالج کے پرنسپل احمد شاہ  اور شہزادہ رحمٰن قبلِ زکر ہیں اور میں اپنی پوری زندگی اُن معزز اساتذہ کرام کا شکر گزار رہونگی۔

وکالت کی تعلیم سے فارغ ہونے کے بعد عملی زندگی میں چترال کے نامور قانون دان اور معزز شخصیت محترم صاحب نادر لال کی صحبت اور اُس کی ماہرانہ تجربوں سے بھی فیض حاصل کیا اور اُن کے زرۤین اصولوں کو اپنی عملی زندگی میں اپنانے کی کوشش کی۔یہی وجہ ہے کہ اُن کے دیئے ہوئے اصول آج بھی اس کی زندگی کے لئے مشغلِ راہ ہیں۔

dilshad pari chitral

آپ کے ذہن میں پختہ ارادہ  اور  ایک مضبوط وژن تھا  اس مقصد کو اپنا منشور بناکر پولیس کی ملازمت کا انتخاب کیا  اور معاشرے کے مظلوم لوگوں خصوصاََ خواتین کے مسائل اور ان کی محرومیوں کے سد باب کے لئے اپنی خدمات پیش کی۔آپ کی سوچ کی بلند فکری اس بات سے بھی عیاں ہے کہ آپ نے اچھا خاصا تعلیم یافتہ ہونے کے باوجود بھی کسی اعلیٰ عہدے کے انتظار میں اپنا  وقت ضائع نہیں کیا بلکہ محکمہ پولیس میں ایک لیڈی کنسٹبل کی حیثیت سے اپنی ملازمت شروع کی اس دوران مختلف شعبہ جات میں کام کرنے کا تجربہ ہوا  جس سے آپ کو مشکل  اور دقیق مسائل  جیسے چیلنجیز  سامنے آئے جن میں FRO  محرر اور وومن رپورٹنگ  انچارچ وغیرہ شامل تھی۔ ان ایۤام میں خواتین کو ان کا جائز حق دلانے کے لئے کوشان رہی جن میں گھریلو جھگڑا،تشدد اور جائیداد وغیرہ کے مسائل نمٹاتی رہی۔ ان اہم ذمہ داریوں میں ہر بار کامیابی آپ کے قدم چومتی رہی اور لوگ آپ کی کامیابی کی تعریفیں  کرنے لگےاور خصوصاََ مظلوم خواتین آپ کو دعائیں دینے لگیں اور یہ دعائیں آخر کار رنگ لائیں جن کی وجہ سے آپ نے تین بار کیڈٹ کا اعزاز حاصل  کیا ۔آپ کے بہت سے احباب اور رشتہ داروں نے آپ سے کہا کہ  اچھی تعلیم یافتہ ہونے کے باوجود بھی پولیس میں لیڈی کنسٹبل کی حیثیت سے کیوں کام کرتی ہیں؟ آپ ان تمام منفی اور تلخ باتوں سے دل برداشتہ نہیں ہوئی بلکہ استقامت اور صبرو تحمل سے علامہ محمد اقبال کے اس  پُرحکمت شعر کے مصداق  اپنے کام سے کام رکھی۔

تند باد مخالف سے نہ گھبرا اے عقاب

یہ تو چلتی ہے تجھے اونچا اوڑانے کے لئے

dilshad pari asi chitral 2

دلشاد پری پر خدا مہربان تھا کہ 2017 ء میں آپ نے اپنے محکمے میں کمیشن حاصل  کرکے ASI  بھرتی ہوئی  اور پھر آپ کی ترقی کی راہیں کھلتی رہیں۔ آپ نے مزید دلچسپی اور لگن کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں نبھاتی رہی اور کبھی بھی کسی کو شکایت کرنے کا موقع نہیں دیا ۔ آپ کی محنت اور اچھی کارکردگی کو دیکھ کر افسرانِ اعلیٰ بھی  آپ کے بارے میں اچھے تاثرات قلمبند کئے اور اپ کو  حراجِ تحسین پیش کئے۔ان خصوصیات کی وجہ سے ڈیپارٹمنٹ کے تمام سٹاف آپ کی صلاحیت اور حسنِ سلوک سے متاثر ہوئے اور آپ کو ہمیشہ عزۤت کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔  جب سونیہ شمروز  خان پہلی بار  ڈی پی او لوئیر چترال مقرر ہوئی تو آپ کے حسنِ اخلاق ، حسنِ کارکردگی  کو قریب سے دیکھی تو بہت زیادہ معترف ہوئی جس کا واضح ثبوت یہ ہے کہ سونیہ شمروز  خان نے آپ پر اعتماد کرتی ہوئی چترال میں پہلی بار  خاتون  SHO  کی حیثیت سے آپ کی تقرری کا نوٹیفکشن جاری کیا جس کی وجہ سے آپ 20 ستمبر 2021 ء سے لوٹکوہ کے شغور تھانے میں اپنی ذمہ داری کا آغاز کیا۔

یہ اہم ذمہ داری ایک خاتون کے لئے کوئی آسان نہیں تھی مگر دلشاد پری میں یہ خصوصیات  پہلے سے بہ حدِ قوت موجود تھیں کہ وہ اپنی مردانہ وار صلاحیتوں کو بروئے کا ر لاتی ہوئی ان مشکل گھڑیوں کو آسانی میں بدل کر اہم کردار ادا کی ۔ تبھی تو چترال کی ڈی پی او نے آپ پر بھروسہ اور اعتماد کرتی ہوئی یہ اہم ذمہ داری آپ کو سونپ دی تھی۔آپ نے شغور تھانے میں جب سے SHO تعینات ہوچکی ہیں  اپنی بہترین صلاحیت کے مطابق اپنی ذمہ داریاں نبھا رہی ہیں۔ اپنے ماتحت سٹاف کے ساتھ بھی آپ کا رویہ بہت ہی مشفقانہ ہے۔آپ نے اپنے آپ کو کبھی بھی  ایک افسر تصور نہیں کیا بلکہ ایک عام سپاہی کی حیثیت سے  اپنے دیگر ساتھیوں کے ساتھ مل کر اپنی ذمہ داریاں انجام دینے میں خوشی محسوس کرتی ہیں۔ آپ کی ان اعلیٰ خوبیوں اور صفات کی وجہ سے آپ کے تمام سٹاف آپ کے حسنِ عمل اور کردار سے مطمئن ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ وہ  آپ کے ساتھ کام کرتے ہوئے   دلی خوشی محسوس کرتے ہیں۔

ہماری دعا ہے کہ پروردگار عالم اپنی مہربانی اور رحم و کرم کے طفیل دلشاد پری پر اور بھی  اپنی رحمتیں اور مہربانیاں نچھاور کرے تاکہ معاشرے کے مظلوم طبقے کو ان کی جائز حقوق ملے اور معاشرے کے لوگ امن و سکون اور آشتی کے سایئے میں  زندگی گزار کر معاشرے کے پرامن شہری ہونے کے ناطے اپنا مثبت کردار ادا کرنے کے قابل ہوسکے۔

dilshad pari asi chitral 17
dilshad pari asi chitral 18
dilshad pari asi chitral 19

شیئر کریں: