Chitral Times

Mar 29, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

کامیاب جوان پروگرام کے تحت نوجوانوں کو کاروبار کیلئے ایک لاکھ سے لے کر اڑھائی کروڑ روپے تک کا قرضہ فراہم کیا جا رہا ہے، عثمان ڈار

شیئر کریں:

اسلام آباد(چترال ٹائمز رپورٹ)وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار نے کامیاب جوان پروگرام کی اہم خصوصیات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا ہے کہ اس پروگرام کے تحت نوجوانوں کو کاروبار کیلئے ایک لاکھ سے لے کر اڑھائی کروڑ روپے تک کا قرضہ فراہم کیا جا رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے تعاون سے منعقدہ کامیاب جوان کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو کاروبار کیلئے قرضوں کی فراہمی کے لئے حکومت نے ایک سو ارب روپے مختص کئے ہیں جن میں سے 22ہزار نوجوانوں کے لئے 30ارب روپے کے قرضے منظور کر لئے گئے ہیں جبکہ باقی رقم بھی جلد منظور کر لی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ کامیاب جوان پروگرام نے اب تک پچاس ہزار ملازمتیں پیدا کی ہیں اور سکلز فار آل پروگرام کے تحت ٹریننگ لینے والوں میں سے 60 سے 70 فیصد کو ملازمت مل رہی ہے۔انہوں نے کامیاب جوان پروگرام میں تعاون کرنے پر اسلام آباد چیمبر آف کامرس، نیوٹیک اور بینکوں سمیت دیگر اداروں کا بھی شکریہ ادا کیا۔

اپنے استقبالیہ خطاب میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد شکیل منیر نے نوجوانوں کی ترقی کیلئے وزیراعظم پاکستان کی طرف سے کامیاب جوان پروگرام کے اجراء کو سراہا کیونکہ اس سے بہت سے نوجوانوں کو اپنا مستقبل بہتر بنانے کے مواقع فراہم ہوں گے۔انہوں نے یقین دلایا کہ چیمبر اس پروگرام کو کامیاب بنانے کے لئے حکومت کے ساتھ مکمل تعاون کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان ملک کا سب سے قیمتی اثاثہ ہیں اور نوجوان کاروبار کا پیشہ اپنا کر پاکستان کو تیز رفتار معاشی ترقی کی راہ پر گامزن کر سکتے ہیں جبکہ اس سے بے روزگاری کا مسئلہ بھی کم ہو گا۔انہوں نے کہا کہ حکومت پوائنٹ آف سیل کی تنصیب، ڈیجیٹل ادائیگیوں، بینک اکاؤنٹس کو منسلک کرنے اور نادرا کی طرف سے ٹیکس دہندگان کا ڈیٹا ایف بی آر کے ساتھ شیئر کرنے سمیت تاجروں کے ٹیکس معاملات پر تمام تحفظات دور کرے اور اس سلسلے میں ان کو مشاورت میں شامل کرے۔

انہوں نے کہا کہ مشیر خزانہ اگلے بجٹ کو حتمی شکل دینے سے قبل تمام اہم چیمبروں کا دورہ کر کے بجٹ تجاویز پر مشاورت کریں اور سب سے پہلے آئی سی سی آئی سے بجٹ پر مشاورت کا عمل شروع کیا جائے۔ انہوں نے وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے یوتھ افیئرز عثمان ڈار کی نوجوانوں کی ترقی کیلئے خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔آئی سی سی آئی کے سینئر نائب صدر جمشید اختر شیخ نے مہمان خصوصی اور تمام شرکاء کا کنونشن میں شرکت کرنے پر شکریہ ادا کیا۔اس موقع پر خطاب کرتے مشیر خزانہ شوکت ترین نے کہا کہ حکومت کا اہم منصوبہ کامیاب جوان پروگرام پاکستان میں نچلی سطح پر انقلاب لائے گا اور پاکستان کو ایک فلاحی ریاست بنانے کی راہ ہموار کرے گا۔ انہوں نے اس موقع پر نوجوانوں میں کاروبار کیلئے قرضوں کے چیک اور ہنر کی تربیت کے سرٹیفکیٹ بھی تقسیم کئے۔شوکت ترین نے کہا کہ جاپان سمیت متعدد ممالک نے قدرتی وسائل کی کمی کے باوجود افرادی قوت کی ترقی پر توجہ دے کر غیر معمولی اقتصادی ترقی حاصل کی ہے اور وزیراعظم عمران خان کا وڑن نوجوانوں کو ترقی کے بہتر مواقع فراہم کر کے پاکستان کو پائیدار ترقی کی راہ پر گامزن کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کامیاب جوان پروگرام نوجوانوں کو کاروبار کیلئے قرضے فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ان کی سکل ڈویلپمنٹ اور دیگر شعبوں میں ترقی کے مواقع فراہم کرنے کے لیے ایک مکمل پیکج ہے۔انہوں نے کہا کہ کامیاب کسان پروگرام بھی جلد شروع کیا جائے گا کیونکہ حکومت زراعت اور ایس ایم ایز کے فروغ پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ پروگرام پاکستان کی کھوئی ہوئی معاشی عظمت کو بحال کرنے میں معاون ثابت ہوں گے کیونکہ 60 کی دہائی میں پاکستان دنیا کی چوتھی بڑی معیشت کے طور پر ترقی کر رہا تھا۔انہوں نے کہا کہ حکومت ٹیکس نظام کو بہتر کر کے آئندہ صرف 2 ٹیکس یعنی انکم ٹیکس اور کنزمپشن ٹیکس وصول کرے گی جبکہ باقی تمام ٹیکسز ختم کر دیے جائیں گے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ حکومت ٹیکس معاملات پر تاجروں کی مشکلات دور کرے گی اور ٹیکس دہندگان کو ہراساں کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ تاہم، انہوں نے کہا کہ لوگوں کے معیار زندگی کو بہتر بنانے کے لیے ٹیکس ٹو جی ڈی پی کی شرح کو بڑھا کر کم از کم 20 فیصد تک کرنا ہو گا۔

وفاقی وزیر برائے صنعت و پیداوار مخدوم خسرو بختیار کی زیر صدارت یوٹیلیٹی سٹور کارپوریشن کے ڈیجیٹلائزیشن اور آٹومیشن پروگرام کی پیشرفت سے متعلق اجلاس


اسلام آباد(سی ایم لنکس)وفاقی وزیر برائے صنعت و پیداوار مخدوم خسرو بختیار نے ڈیجیٹل پاکستان اقدام کے تحت یوٹیلیٹی سٹور کارپوریشن کے ڈیجیٹلائزیشن اور آٹومیشن پروگرام کی پیشرفت سے متعلق اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں سیکرٹری صنعت و پیداوار، ایم ڈی یو ایس سی، وزارت کے سینئر حکام اور پی ٹی سی ایل اور این آر ٹی سی کے نمائندوں نے شرکت کی۔وفاقی وزیر کو کارپوریشن کے ڈیجیٹلائزیشن پروگرام پر بریفنگ دی گئی۔انٹرپرائز ریسورس پلاننگ کے تحت ٹارگٹڈ سبسڈی پروگرام اس ماہ کے آخر تک شروع کیا جائے گا۔ انہوں نے وفاقی وزیر کو یہ بھی بتایا کہ یو ایس سی نے اسلام آباد ریجن میں یوٹیلیٹی سٹورز کی آٹومیشن مکمل کر لی ہے، آٹومیشن پر کل سیلز کا 20 فیصد منتقل کر دیا گیا ہے جس کا افتتاح اگلے ہفتے ہو گا۔یو ایس سی کی ڈیجیٹلائزیشن کی پیشرفت کا جائزہ لیتے ہوئیوفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت یوٹیلیٹی سٹورز پر وزیراعظم احساس پروگرام سے فائدہ اٹھانے والوں کے لئے ان کے احساس کارڈز/قومی شناختی کارڈز کو سیل پوائنٹس کے ساتھ منسلک کرکے ان اسٹورز کو ٹارگٹڈ سبسڈی فراہم کرے گی۔انہوں نے یو ایس سی کی ٹیم کی تعریف کی اور کہا کہ یہ منصوبہ کسی بھی پبلک سیکٹر پر مبنی کمپنی کا سب سے بڑا ڈیجیٹلائزیشن پروگرام ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ تکمیل پر وزیراعظم پاکستان یو ایس سی کے آٹومیشن پروگرام کا افتتاح کریں گے کیونکہ ڈیجیٹل پاکستان کا وڑن ان کے دل کے بہت قریب ہے۔ انہوں نے آٹومیشن پروگرام کو صاف وشفاف بنانے پر یو ایس سی کے ساتھ کام کرنے کے لئے پی ٹی سی ایل اور این آر ٹی سی کے جاری تعاون کو بھی سراہا۔


شیئر کریں: