Chitral Times

Apr 23, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

خیبرپختونخوا میں کورونا کیسز میں کمی کا رجحان، صرف 1447 فعال کیسز رہ گئے۔

شیئر کریں:

72 مریض آئی سی یومیں زیر علاج، مجموعی طور پر 313 مریض مختلف ہسپتالوں میں داخل ہیں۔ محکمہ صحت


پشاور (چترال ٹائمز رپورٹ) خیبرپختونخوا میں نئے کورونا کیسز میں کمی کا رجحان جاری ہے۔ محکمہ صحت کی جانب سے جاری رپورٹ کے مطابق اس وقت صوبے بھر میں کورونا وائرس کے فعال مریضوں کی تعداد 1447 رہ گئی ہے۔ ہسپتالوں میں داخل مریضوں کی تعداد 313 ہے جن میں سے 72 مریض آئی سی یو میں زیر علاج ہیں۔ محکمہ صحت سے جاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ روز 108 نئے مریض سامنے آئے جس سے صوبے میں کورونا وائرس سے متاثر مریضوں کی کل تعداد 1 لاکھ 78 ہزار 427 ہو گئی۔ اسی طرح گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 180 مریض کورونا کو شکست دے کر صحت یاب ہوئے جس سے صحت یاب مریضوں کی کل تعداد بڑھ کر 1 لاکھ 71 ہزار 219 ہو گئی۔

گزشتہ روز کورونا وائرس سے متاثر 4 افراد جان کی بازی ہار گئے۔ رپورٹ کے مطابق خیبرپختونخوا میں اب تک کورونا وائرس سے 5 ہزار 761 اموات ہو چکی ہیں۔ محکمہ صحت صوبے بھر میں اب تک 33 لاکھ 21 ہزار 838 کورونا تشخیصی ٹیسٹ کر چکا ہے جبکہ گزشتہ روز 9 ہزار 751 ٹیسٹ کیے گئے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں صوبائی دارالحکومت پشاور سے 54 نئے کورونا کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ ہری پور سے 9، کوہاٹ سے 8 اور مردان سے 7 نئے مریض سامنے آئے۔ اسی طرح گزشتہ روز ہونے والی 4 میں سے 3 اموات پشاور سے رپورٹ ہوئیں جبکہ 1 مریض سوات میں جاں بحق ہوا۔ اس وقت کورونا وائرس کے سب سے زیادہ فعال کیسز 398 پشاور میں ہیں جبکہ مردان میں 195، کوہاٹ میں 125 اور بنوں میں 96 مریض موجود ہیں۔ گزشتہ روز خیبرپختونخوا کے 20 اضلاع سے کورونا وائرس کا ایک بھی کیس رپورٹ نہیں ہوا۔

خیبرپختونخوا کے 65 لاکھ 84 ہزار شہریوں نے کورونا ویکسینیشن مکمل کر لی۔ محکمہ صحت


ایک کروڑ 7 لاکھ نے پہلی ڈوز لے لی۔ 78 موبائل ویکسینیشن گاڑیاں، 34 ماس ویکسینیشن سینٹرز سمیت 1016 جگہوں پر ویکسینیشن جاری ہے۔


پشاور ( چترال ٹائمز رپورٹ ) خیبرپختونخوا میں کورونا سے بچاؤ کی ویکسینیشن مہم جاری ہے۔ صوبے کے 65 لاکھ 84 ہزار 202 شہریوں نے ویکسینیشن مکمل کر لی ہے جبکہ ویکسین کی ایک ڈوز لینے والوں کی تعداد 1 کروڑ 7 لاکھ 8 ہزار 734 ہے۔ صوبے میں اب تک مجموعی طور پر ایک کروڑ 63 لاکھ 11 ہزار 590 ویکسینز لگائی جا چکی ہیں۔ محکمہ صحت کے اعداد و شمار کے مطابق 12 سال اور زائد عمر کی 43.33 فیصد آبادی ویکسین کی ایک ڈوز لے چکی ہے جبکہ 26.64 مکمل ویکسین شدہ ہے۔ اسی طرح 18 سال اور زائد عمر کی 53.26 فیصد آبادی ویکسین کی پہلی ڈوز لے چکی ہے جبکہ 33.41 فیصد کو ویکسین کی دونوں ڈوزز لگ چکی ہیں۔ رپورٹ کے مطابق اب تک 1 کروڑ 18 لاکھ 89 ہزار 103 افراد نے ویکسین کے لیے خود کو رجسٹرڈ کیا ہے۔ شہریوں کی سہولت کے لیے صوبے بھر میں 1016 مقامات پر کورونا ویکسین لگائی جا رہی ہے جن میں 34 موبائل ویکسینیشن گاڑیاں، 34 ماس ویکسینیشن سینٹرز اور 982 ویکسینیشن مراکز شامل ہیں۔ محکمہ صحت خیبر پختونخوا کو اب تک این سی او سی کی جانب سے 2 کروڑ 16 لاکھ 14 ہزار 706 کورونا ویکسین ڈوزز مل چکی ہیں۔ رپورٹ کے مطابق اپر چترال کی 58 فیصد جبکہ لوئر چترال کی 46 فیصد آبادی مکمل یکسین شدہ ہے۔ ضلع کرم اپر اور ہری پور کی 38، 38 فیصد، سوات کی 34 فیصد، چارسدہ اور ایبٹ آباد کی 33، 33 فیصد آبادی ویکسینیشن مکمل کر چکی ہے۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریں
54491