Chitral Times

Apr 18, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

پی ایس ٹی ٹیسٹ کینسل کرکے اب دوبارہ ایک مہینے کے اندر لیں گے ۔وزیرتعلیم

شیئر کریں:

پشاور (چترال ٹائمز رپورٹ) خیبر پختونخوا کے وزیر برائے ابتدائی و ثانوی تعلیم شہرام خان ترکئی نے کہا ہے کہ نون اکیڈمی کے ساتھSwba آن لائن کلاسز کے معاہدے کے تحت خیبر پختونخوا کے تقریباً 2لاکھ طلباوطالبات نے رجسٹریشن کرکے آن لائن کلاسز لیں۔ جس میں 31بچوں نے پورے صوبے کے تعلیمی بورڈز میں پوزیشنز حاصل کی اور آج نمایاں پوزیشنیں حاصل کرنے پر طلباوطالبات، اساتذہ والدین اور محکمہ تعلیم کے تمام حکام کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ طلباوطالبات کو بہترین سہولیات فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے کورونا صورتحال کے پیش نظر امتحانات کا انعقاد بہت بڑا چیلنج تھا اس میں ہمیں سب نے بہت سپورٹ کیا۔

ضروری مضامین کی آن لائن کلاسوں کیلیے نون اکیڈمی کا تعاون حاصل رہا اور طلبانے بہت محنت کی جس کا ثمرآج ان کو مل رہا ہے۔ آج کے پوزیشن ہولڈرز کو نون اکیڈمی کی طرف سے ٹیبلیٹ، ایک سال کی مفت کنکٹیوٹی اور ایک سال کے لئے20ہزار روپے وظیفہ بھی دیا جائیگا جو صرف 10thاور12thگریڈ کے پوزیشن ہولڈرز کیلئے ہے۔ اور اسی تناسب سے9th اور 11th گریڈ کے پوزیشن ہولڈرز طلباوطالبات کو بھی یہ سکالرشپس دیئے جائینگے۔

ان خیالات کااظہار صوبائی وزیر شہرام خان ترکئی نے پشاور کے ایک مقامی ہوٹل میں صوبے کے تعلیمی بورڈزمیں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلباوطالبات کو سکالرشپس دینے کے لیے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سپیشل سیکرٹری ایجوکیشن شہباز طاہر ندیم، صوبے کے تمام تعلیمی بورڈز سربراہان، طلباوطالبات، والدین، اساتذہ اور محکمہ تعلیم کے حکام نے تقریب میں شرکت کی۔

اپنے خطاب میں وزیرتعلیم شہرام خان ترکئی نے کہا کہ اصلاحات کی بدولت 72سالہ ٹاٹ کلچرکا خاتمہ کرکے 24لاکھ بچوں کو فرنیچر دے رہے ہیں۔ ڈراپ آؤٹ ریشو کو کم کرنے کیلیے سیکنڈ شفٹ پروگرام شروع کرریا ہے۔ اب ان سکولوں کی تعداد کو ایک ہزار سکولوں تک بڑھا رہے ہیں۔ پچھلے سال 2ہزار کچی کلاس کلاس رومز بنائی تھیں امسال مذید 5ہزار سٹیٹ آف دی آرٹ کچی کلاس رومز بنائینگے۔ 3ہزارسکول لیڈرز بشمول مذید 30ہزار اساتذہ بھرتی کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ پی ایس ٹی ٹیسٹ کینسل کرکے اب دوبارہ ایک مہینے کے اندر لیں گے جس کیلیے متعلقہ ٹیسٹنگ ایجنسی کو ہدایت جاری کی گئی ہے۔ خواتین کی تعلیم میں اضافہ کیلیے ایلمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے زریعے گرلز کمیونٹی سکول قائم کررہے ہیں کوڈڈ مائنڈز اور ہوپ 87 اداروں کے ساتھ اسمارٹ سکول پروگرام شروع کردیاہے۔ جس میں کورس بشمول سکول کا پورا نظام ڈیجیٹائز ہوگا۔ کامیاب داخلہ مہم کے زریعے 9لاکھ 65ہزار بچوں کو داخلہ دیاگیا ہے۔

شہرام خان ترکئی نے کہا کہ محکمہ تعلیم کی جانب سے یہ تمام تر سہولیات فراہم کی جارہی ہے۔ یہ بچوں پر کوئی احسان نہیں بلکہ ان کا بنیادی حق اور ہماری زمہ داری ہے۔ تقریب کے اختتام پر وزیر تعلیم شہرام خان ترکئی نے پوزیشن ہولڈرز طلباء وطالبات میں انعامات تقسیم کیے۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
54374