Chitral Times

Apr 19, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

صحت کارڈ پلس سکیم کا سال مکمل، 4 لاکھ 26 ہزار شہری ہسپتال داخل ہوئے۔ تیمور سلیم جھگڑا

شیئر کریں:

10 ارب سے زائد خرچ آیا۔ ساڑھے 74 لاکھ خاندان شامل ہو چکے۔ مہنگے علاج والی بیماریاں بھی شامل کر رہے ہیں۔ وزیر صحت و خزانہ


پشاور (چترال ٹائمز رپورٹ) خیبرپختونخوا کے وزیر صحت و خزانہ تیمور سلیم خان جھگڑا نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت کے فلیگ شپ منصوبے صحت کارڈ پلس کے اجراء کو سال مکمل ہو چکا ہے۔ اب صوبے کے ساڑھے 74 لاکھ خاندانوں کو سالانہ 10 لاکھ کی ہیلتھ انشورنس حاصل ہے۔ ملک بھر کے 524 ہسپتال جن میں 166 خیبرپختونخوا کے ہسپتال بھی شامل ہیں صحت کارڈ کے پینلپر موجود ہیں۔

مہنگے علاج والی بیماریاں بھی اس منصوبے میں شامل کر رہے ہیں۔ گزشتہ سال 4 لاکھ 26 ہزار شہریوں نے صحت کارڈ پر مفت صحت سہولیات حاصل کیں جس پر 10 ارب روپے سے زائد خرچ آیا۔ صوبائی وزیر صحت و خزانہ نے صحت کارڈ پلس منصوبے کے اجراء کے ایک سال مکمل ہونے پر اپنے پیغام میں کہا کہ صوبائی حکومت کے اس منصوبے کی مثال دنیا بھر کے صرف چند ایک ملکوں میں موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ سکیم صوبے بھر میں کامیابی سے جاری ہے اور گزشتہ ایک سال کے دوران 04 لاکھ 26 ہزار 939 مریضوں نے ہسپتال داخل ہو کر اس کارڈ کے ذریعے مفت علاج کرایا جن میں دل کے امراض، ڈائلیسس سمیت کئی بیماریوں کا علاج شامل ہیں۔

پروگرام کے آغاز سے لے کر اب تک 10 ارب 60 کروڑ روپے خرچ ہو چکے ہیں۔ تیمور جھگڑا نے کہا کہ اس وقت صوبے کے 74 لاکھ 69 ہزار 651 خاندان اس پروگرام میں شامل ہو چکے ہیں جنھیں سالانہ 10 لاکھ تک کی ہیلتھ انشورنس حاصل ہے۔ صوبے کے مستقل شہری ملک بھر کے 524 اور خیبرپختونخوا کے 166 ہسپتالوں میں اپنا مفت علاج کرا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صحت کارڈ میں مہنگی بیماریوں کا علاج بھی شامل کر رہے ہیں جن میں جگر کی پیوندکاری شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ کڈنی ٹرانسپلانٹ سمیت ٹاپ اپ پیکج پر بھی کام جاری ہے۔ صحت کارڈ پلس منصوبے کا گزشتہ سال یکم نومبر کو ملاکند کے 6 اضلاع سے آغاز ہوا تھا جبکہ 28 فروری کو جنوبی اضلاع میں اجرا کے ساتھ اس کی صوبے بھر میں کوریج مکمل ہوئی تھی۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریں
54365