Chitral Times

Apr 16, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

رواں بجٹ میں پسماندہ اضلاع کیلئے 62 ارب روپے کا ڈسٹر کٹ ڈویلپمنٹ پلان متعارف کرایا گیا ہے۔وزیراعلیٰ

شیئر کریں:

پشاور ( چترال ٹائمز رپورٹ) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمودخان نے صوبے کے مختلف اضلاع کے دوروں کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے جمعرات کے روز تورغر کا دورہ کیا جہاں اُنہوںنے مختلف ترقیاتی منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھا اور جلسہ عام سے خطاب کیا۔وزیراعلیٰ نے ریسکیو1122 سٹیشن کی عمارت کا سنگ بنیاد اور ساڑھے چھ کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ وزیراعلیٰ نے 9 کلومیٹر طویل گوریارڈ تا دندہ جپیت روڈ ، 11 کلومیٹر طویل شگئی تا کالش سڑکوں کا بھی سنگ بنیاد رکھا۔ یہ دونوں منصوبے ساڑھے 18 کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل کئے جائیں گے ۔ وزیراعلیٰ نے تور غر کے علاقے مدا خیل کو بجلی کی فراہمی کے منصوبے کا افتتاح کیاجو 12 کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل کیا گیا ہے ۔

وزیراعلیٰ نے پولیس لائن جدبا میں یادگار شہداءپر حاضری دی اور پھولوں کی چادرچڑھائی ۔اُنہوں نے دورے کے موقع پر سانحہ جٹکہ میں جاںبحق افراد کے لواحقین سے تعزیت کی ۔بعدازاں وزیراعلیٰ نے تور غر میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے متعدد ترقیاتی منصوبوں کا اعلان کیا۔ اُنہوں نے علاقے میں رابطہ سڑکوں کی تعمیر ، واٹر سپلائی سکیمز اور دیگر منصوبوں کیلئے 30 کروڑ روپے کا اعلان کیا۔تور غر میں نادرا اور پاسپورٹ آفس کو جلد فعال بنانے کی یقین دہانی کرائی جبکہ ڈپٹی کمشنر کو ضلع میں فوری نوعیت کے تمام مسائل کی تفصیلات فراہم کرنے کی ہدایت کی ۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ ضلع تور غر کے تمام مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے ۔

وزیراعلیٰ نے اپنے خطاب کے دوران کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت تمام اضلاع کی یکساں بنیادوں پر ترقی پر یقین رکھتی ہے ۔ رواں بجٹ میں پسماندہ اضلاع کو دیگر ترقیافتہ اضلاع کے برابر لانے کیلئے 62 ارب روپے کا ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ پلان متعارف کرایا گیا ہے تاکہ ان اضلاع کی محرومیوں کا ازالہ ہو سکے ۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ عوام کی ایک ایک پائی عوام پر خرچ ہو رہی ہے ۔ نہ خود کمیشن لیتا ہوں اور نہ کسی اور کو لینے دوں گا۔ شفافیت اور میرٹ کی بالاد ستی ہمارے قائد وزیراعظم عمران خان کاوژن اور پارٹی کا منشور ہے اور اس پر ہر صورت عمل درآمد کو یقینی بنائیں گے ۔ اُنہوںنے واضح کیا کہ ترقیاتی منصوبوں کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا۔ سابق ادوار میں کسی بھی شعبے میں منصوبہ بندی نہیں کی گئی جس کی وجہ سے آج ملک مشکل صورتحال سے دوچار ہے ۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان ملک کو اس مشکل صورتحال سے نکالنے اور غریب اور متوسط طبقے کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کیلئے دن رات کوشش کر رہے ہیں۔

موجودہ حکومت نے عوام کو ریلیف دینے کیلئے احساس پروگرام جیسا غریب پرور اور عوام دوست پروگرام شروع کیا ہے جس کے تحت احساس پناہ گاہ ، احساس لنگر خانہ، احساس آمدن، احسا س کیش ایمرجنسی اور دیگر اقدامات جاری ہیں۔ اُنہوںنے کہاکہ صوبائی حکومت نے عوام کو معیاری اور مفت علاج معالجے کی سہولیات کی فراہمی کیلئے صحت کارڈ پلس جیسا تاریخی منصوبہ شروع کیا ہے جس سے صوبے کے تمام شہری بلا امتیاز مستفید ہو رہے ہیں۔ کسانوں کو مالی معاونت فراہم کرنے کیلئے کسان کارڈ کا اجراءکیا گیا ہے جس کے ذریعے کسانوں کو کھادیں ، کیڑے مار ادویات اور دیگر اشیاءرعایتی نرخوں پر ملتی ہیں۔ غریب اور مستحق گھرانوںکو معاونت کیلئے راشن کارڈ منصوبے پر کام جاری ہے جس کے ذریعے غریب گھرانوں کو ماہانہ کی بنیاد پر مفت راشن فراہم کیا جائے گا۔ ذہین اور مستحق طلبہ کو مالی اخراجات کی مد میں معاونت فراہم کرنے کیلئے ایجوکیشن کارڈ لایا جارہا ہے ۔

اُنہوںنے کہاکہ وزیراعظم عمران خان ملک کے روشن مستقبل اور آنے والی نسلوں کی کامیابی کا سوچتے ہیں ، اُنہیں اقتدار یا الیکشن کی کوئی فکر نہیں۔سابق حکمرانوں نے ملک کو بیرونی قرضوں کی دلدل میں پھنسایا ہے جبکہ وزیراعظم عمران خان ملک کو اس دلدل سے نکالنے کیلئے سر توڑ کو ششیں کر رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ تورغر کے دورے کا مقصد سانحہ جدبا اور سانحہ جٹکہ میں جاںبحق افراد کے لواحقین سے تعزیت کرنا تھا ۔ جلسے سے عوامی نیشنل پارٹی کے ایم پی اے لیئق محمد خان نے خطاب کے دوران موجودہ صوبائی حکومت کے ریکارڈ ترقیاتی کاموں کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ اتنے ترقیاتی کام ضلع تور غر میں گزشتہ 35 سالوں میں نہیں ہوئے جتنے گزشتہ تین سالوں میں ہوئے ہیں۔

اُنہوںنے کہاکہ تورغر کا جو بھی مسئلہ وہ وزیراعلیٰ کے پاس لیکرگئے ہیں ، وزیراعلیٰ نے انہیں کبھی مایوس نہیں کیا۔ اُنہوںنے کہاکہ تورغر کی ترقی کیلئے وزیراعلیٰ نے بے شمار اقدامات اُٹھائے ہیں اور تور غر کے لوگ وزیراعلیٰ محمود خان کے احسانات کبھی نہیں بھول سکتے ۔ وزیراعلیٰ حقیقی معنوں میں عوامی خدمت کر رہے ہیں۔
جلسے سے وزیر اعلی کے معاون خصوصی احمد حسین ، ممبر قومی اسمبلی صالح محمد، ممبران صوبائی اسمبلی فرید صلاح الدین اور مفتی عبید اللہ کے علاوہ دیگر نے بھی خطاب کیا

chitraltimes chief minister kp mahmood khan inagurating Torghar district


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
54189