Chitral Times

Apr 24, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

یوم سیاہ (کشمیر ) کے حوالے سے وزیراعلیٰ محمود خان کی قیادت میں ریلی کا انعقاد

شیئر کریں:

پشاور ( نمائندہ چترال ٹائمز ) صوبائی دارالحکومت پشاور میں بدھ کے روز یوم سیاہ (کشمیر ) کے حوالے سے وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ سے گورنر ہاﺅ س تک ایک ریلی کا انعقاد کیا گیا جس کی قیادت وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمودخان نے کی۔ صوبائی کابینہ اراکین شوکت یوسفزئی،تیمور سلیم جھگڑا، فضل شکور خان، کامران بنگش، عارف احمد زئی کے علاوہ مقبوضہ کشمیر سے سیاسی رہنماﺅں ، سرکاری حکام اور سماجی شخصیات نے ریلی میں شرکت کی۔

ریلی کے شرکاءنے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر بھارت کے کشمیری عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم کے خلاف نعرے درج تھے جبکہ شرکاءکی جانب سے نہتے کشمیریوں پر بھارتی ظلم و بر بریت کے خلاف شدید نعرہ بازی بھی کی گئی۔ وزیر اعلیٰ نے ریلی کے اختتام پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 27 اکتوبر انسانی تاریخ کا وہ سیاہ دن تھا جب بھارتی قابض فورسز نے کشمیریوں پر ظلم و جبر کا آغاز کیا اور یہ سلسلہ آج تک تھم نہ سکا۔ کشمیری عوام گزشتہ سات دہائیوں سے بھارت کی ریاستی دہشتگردی کا شکار ہے۔ فاشسٹ بھارت نے اس عرصہ کے دوران کشمیری عوام کو حق خود ارادیت سے محروم رکھنے کے لئے ظلم کی انتہا کردی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کو بھارت کی طرف سے بدترین ریاستی دہشتگردی اور سخت ترین لاک ڈاون کا سامنا ہے۔کشمیری عوام پر ظلم و تشدد کی بھر پور مذمت کرتے ہیں اور ان کے حق خود ارادیت کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی سطح پر حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔


وزیراعلیٰ نے کشمیری عوام کی آزادی کی جدوجہد کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ نہتے کشمیری عوام بھارتی ظلم و جبرکے سامنے سینہ سپر ہیں اور ان کی ہمت و حوصلے پہاڑوں سے بھی بلند ہیں۔ بین الاقوامی طاقتوں ، اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی علمبردار تنظیموں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ کشمیری عوام کی آواز بنیں اور بھارت کے فاشسٹ حکمرانوں کے ظلم و جبر کا نو ٹس لیں۔ وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ کشمیری عوام کو ان کی مرضی سے جینے کا حق دیا جائے، پاکستانی عوام اور حکومتیں کشمیر ی بہن بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور وہ دن دور نہیں جب کشمیر میں آزادی کا سورج طلوع ہوگا۔وزیراعظم عمران خان نے متعدد بین الاقوامی فورمز پر کشمیر کا مقدمہ جس انداز میں لڑا ہے ماضی میں اس کی مثال نہیں ملتی۔ وزیر اعظم عمران خان نے بھارت کی انسانیت سوز کاروائیوں سے پردہ اٹھایا ہے اور کشمیر کی نازک صورتحال کو اجاگر کیا ہے۔ کشمیری مسلمان جس بہادری اور جرات سے بھارتی غاصبانہ قبضے کے خلاف برسر پیکار ہیں ہم انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
54115