Chitral Times

Apr 19, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

رحمۃ اللعالمین سکالرشپ کا آغاز, 7 ہزاراسٹوڈنٹس کو سالانہ 25 ہزار روپے 2 سالوں کیلئے دیاجائیگا.شہرام ترکئی

شیئر کریں:

پشاور (چترال ٹائمز رپورٹ) خیبر پختونخوا کے وزیرتعلیم شہرام خان ترکئی نے کہاہے کہ قبائلی اضلاع سمیت پورے صوبے کے تمام اضلاع میں رحمۃ اللعالمین سکالرشپ کا آغازکردیاگیا ہے۔ وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق صوبے کے 7 ہزار طلباء وطالبات کو سالانہ 25 ہزار روپے سکالرشپ 2 سالوں کیلئے دیاجائیگا۔ طلباء وطالبات کیلئے یکساں کوٹہ مقرر کر دیاگیا ہے۔ 10 فیصد سکالرشپس گریڈ۔5 تک کے ملازمین کے بچوں اور 10 فیصد کوٹہ سپورٹس کیلئے رکھا گیا ہے جبکہ 7 ہزار سکالرشپس میں آدھے میرٹ کے مطابق ذہین طلباء وطالبات جبکہ آدھے سکالرشپس ضرورتمند طلباء وطالبات کو دیے جائیں گے۔

انہوں نے کہاکہ میرٹ سکالرشپ کیلئے سرکاری سکول کا طالب علم ہونا، میٹرک میں کم از کم 60 فیصد نمبرز اور انٹرمیڈیٹ لیول پر کسی سکول یا کالج میں داخل ہونا ضروری ہے، کوئی دوسرا سکالرشپ نہ لیتا ہو اور تصدیق کیلئے تعلیمی بورڈ سے پوزیشن ہولڈر سرٹیفیکیٹ پیش کرناہوگا۔ ان حیالات کا اظہار انہوں نے رحمت اللعالمین سکالرشپ اجلاس کی صدارت کر تے ہوئے کیا۔ سیکرٹری ایجوکیشن یحییٰ احونزادہ، اسپیشل سیکریٹری ایجوکیشن شہباز طاہر ندیم، ایڈیشنل سیکرٹری ریفارمز اشفاق احمد اور محکمہ تعلیم کے دیگر حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔ وزیر تعلیم نے مزید کہاکہ ضرورت مند طلباء وطالبات کو بھی سکالرشپ ضرورت اورمیرٹ کے مطابق دیے جائیں گے۔ جن کو انکم سرٹیفکیٹس اوردیگرضروری کاغذات جمع کرناہوں گے۔ تعلیمی بورڈز ضلع وائز امیدواروں کی لسٹ مرتب کریں گے۔ کاغذات کی مزیدجانچ پڑتال اور سکالرشپ دینے کیلئے ہر ضلع کی سطح پر ڈپٹی کمشنر کی سربراہی میں کمیٹی بنائی جائیگی جس میں ایجوکیشن، بیت المال، سپورٹس اور زکوات کمیٹی کے ممبران بھی شامل ہوں گے۔

شہرام خان ترکئی نے ضلع وائز سکالرشپس کی تقسیم کے حوالے سے کہا کہ ضم اضلاع کو 1120 جبکہ باقی تمام اضلاع کو 5880 سکالرشپس دیے جائیں گے۔ جن کو 6 بلاکس میں تقسیم کردیاگیاہے۔ پشاور کو 520، مردان اور سوات کو باالترتیب 400،جبکہ ڈی آئی خان، چارسدہ اور صوابی فی ضلع کو 320 اسی طرح بنوں، نوشہرہ، ایبٹ اباد، مانسہرہ اوردیر لوئر فی ضلع کو 240، لکی مروت، کرک، کوہاٹ،ملاکنڈ شانگلہ،بونیر، دیر اپر اور ہری پور فی ضلع کو 160 اور بلاک A میں شامل ٹانک، ہنگو، تورغر، بٹگرام، کوہستان لوئر، کوہستان اپر، کولئی پالس، چترال اپر اورچترال لوئر فی ضلع کو باالترتیب 80 سکالرشپس دیے جائیں گے۔جبکہ 7 قبائلی اضلاع فی ضلع کو 160 سکالرشپس بھی پروگرام کے تحت دیے جائیں گے۔وزیرتعلیم شہرام خان ترکئی نے کہاکہ یہ ایک احسن اقدام ہے، جس سے ذہین طلباء وطالبات اور ضرورت مند طلباء کی مالی مدد ہوگی۔

انہوں نے کہاکہ محکمہ تعلیم میں دیگر کئی اہم سکالرشپس دیے جاتے ہیں جن میں ستوری د پختونخوا سکالرشپس، ایٹا سکالرشپس، وظیفہ پروگرام، نون اکیڈیمی سکالرشپس وغیرہ شامل ہیں جن کو وزیراعلی خیبرپختونخوا محمودخان کی ہدایت کے مطابق سٹوڈنٹ کارڈ میں ڈالیں گے۔ اور ایلمنٹری وہائرایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے سکالرشپس کو آپس میں لنک کریں گے اور کوشش ہوں گی یہ پورا نظام آن لائن ہو۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
54098