Chitral Times

Mar 29, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

قائمہ کمیٹی برائے اعلی تعلیم،آرکائیوزولائبریری کا اجلاس، کامسیٹس یونیورسٹی کے جوابات غیرتسلی بخش قرار

شیئر کریں:

پشاور (چترال ٹائمز رپورٹ) خیبر پختونخوا اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے محکمہ اعلی تعلیم، آرکائیوزو لائبریری کا اجلاس بدھ کے روز صوبائی اسمبلی کانفرنس ہال پشاور میں منعقد ہوا۔ کمیٹی کی چیئر پرسن و رکن صوبائی اسمبلی مدیحہ نثار نے اجلاس کی صدارت کی۔ معاون خصوصی برائے اعلٰی تعلیم کامران بنگش بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔اجلاس میں کامسیٹس یونیورسٹی ایبٹ آباد کیمپس کے 19 طلباء کو اعلٰی تعلیمی ڈگریز کے حصول میں درپیش مسائل اور محکمہ اعلٰی تعلیم کا 2018 تا 2021 تک مختلف پوسٹوں پر کی گئی کل 926 بھرتیوں سے متعلق سیر حاصل گفتگو ہوئی۔کمیٹی کی چیئرپرسن مدیحہ نثار نے طلباء کو اعلی تعلیمی ڈگریز کے حصول میں درپیش مسائل سے متعلق کامسیٹس یونیورسٹی انتظامیہ کے جوابات کو غیر تسلی بخش قرار دیا۔ انہوں نے مذکورہ مسئلے کے حل کے لئے محکمہ اعلٰی تعلیم کے ذمہ دار آفسران اور متعلقہ یونیورسٹی انتظامیہ پر مشتمل کمیٹی تشکیل دینے اور آئندہ کمیٹی اجلاس میں تمام ممبران بالخصوص ایم پی اے لیاقت علی خان کو اس سلسلے میں مطمئن کرانے کے بھی احکامات جاری کیں۔

مدیحہ نثار نے ریسرچ سکالرز کو غیر ضروری امور میں نہ الجھانے، ان کے لئے تھیسیز میں آسانیاں پیدا کرنے سمیت مکمل رہنمائی فراہم کرنے کی ہدایات بھی جاری کیں۔ چیئرپرسن نے انتظامیہ کو پی ایچ ڈی سکالرز کے قیمتی وقت اور مالی اخراجات کے ضیاع کا مکمل احساس ہونے پر بھی زور دیا۔ انہوں نے طلباء اور ان کی تھیسیز سے متعلق ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے وضع کردہ اصول پر سختی سے عمل کرنے کے احکامات بھی جاری کیں۔اجلاس میں محکمہ اعلٰی تعلیم کی 2018 تا 2021 تک مختلف پوسٹوں پر کی گئی بھرتیوں کے حوالے سے سیکرٹری محکمہ اعلٰی تعلیم نے شرکاء اجلاس کو بریف کیا جس پر شرکاء اجلاس نے اطمینان کا اظہار کیا۔

چیئر پرسن مدیحہ نثار اور معاون خصوصی کامران بنگش نے رکن صوبائی اسمبلی خوشدل خان کا بھرتیوں سے متعلق اٹھائے گئے نکات پر ان کا شکریہ بھی ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ مذکورہ نکات پر اجلاس میں تفصیلی بحث اور محکمہ کے پیش کردہ جوابات پر ایم پی اے خوشدل خان کا مطمئن ہوجانا موجودہ صوبائی حکومت کی شفافیت و میرٹ کی بالا دستی قائم رکھنے کے بیانیہ کا اعتراف کرنا ہے۔ کامران بنگش نے کہا کہ صوبائی حکومت ہر حال میں شفافیت و میرٹ کی بالادستی یقینی بنا رہی ہے۔ اجلاس میں ممبران کمیٹی و اراکین صوبائی اسمبلی لیاقت علی خان، لطف الرحمان، سردار محمد یوسف زمان، رابعہ بصری، آسیہ صالح خٹک، ریحانہ اسمعیل، انیتا محسود اور ایم پی اے خوشدل خان کی بطور محرکہ شرکت کرنے سمیت سیکرٹریز محکمہ اعلٰی تعلیم و ہائیر ایجوکیشن ریگولیٹری اتھارٹی، ایڈیشنل سیکرٹری و ڈی جی محکمہ اعلٰی تعلیم، کنٹرولر و ڈائریکٹر امتحانات کامسیٹس یونیورسٹی، ڈائریکٹر ارکائیو پشاورسمیت اسسٹنٹ ایڈوکیٹ جنرل بھی شریک تھے۔


وزیر سائنس وانفارمیشن ٹیکنالوجی کی زیر صدارت حکومتی امور کی ڈیجیٹائز یشن/پیپر لس نظام حکومت کے حوالے سٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس۔


ڈیجیٹائز یشن کے پراجیکٹ کے متعلق پیپر ورک کو مزید تیز کیا جائے،عاطف خان کی ہدایت


پشاور ( چترال ٹائمز رپورٹ ) خیبرپختونخوا کے وزیر خوراک اور سائنس وانفارمیشن ٹیکنالوجی عاطف خان نے ہدایت کی ہے کہ حکومتی امور کی ڈیجیٹائز یشن کے پراجیکٹ کے متعلق پیپر ورک کو مزید تیز کیا جائے اور تمام لوازمات کو حتمی شکل دی جائے۔ یہ ھدایات انہوں نے ڈیجیٹائزیشن آف خیبرپختونخوا/پیپر لس گورنمنٹ کے حوالے منعقدہ سٹیئرنگ کیمٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دی۔ اجلاس میں محکمہ ایس ٹی اینڈ آئی ٹی،قانون،پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ، مینیجنگ ڈائریکٹر خیبرپختونخوا آئی ٹی بورڈ کے علاؤہ دیگر متعلقہ حکام سمیت نجی کمپنی کے نمائندہ وفد نے شرکت کی۔ اجلاس کو نجی کمپنی کے نمائندہ وفد نے حکومتی امور کی ڈیجیٹازیشن/ پیپر لس گورنمنٹ کے حوالے تفصیلی بریفننگ دی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ مذکورہ پراجیکٹ کے تحت پہلے مرحلے میں صوبے کے دس محکموں کے امور کو جدید خطوط پر استوار کرکے پیپر لس کیا جائے گا اور اگلے مرحلے میں باقی ماندہ محکموں میں بھی یہی نظام رائج کیا جائے گا۔ اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ تمام محکموں کے متعلقہ اہلکاروں کو تکنیکی تربیت بھی فراہم کی جائے گی۔ صوبائی وزیر عاطف خان نے کہا کہ صوبائی محکموں کی ڈیجیٹازیشن سے دفتری امور میں تیزی اور شفافیت لانے سمیت وسائل کی ضیاع کو بھی کم کیا جا سکے گا اور فائل ورک کے روایتی طریقہ کار سے بھی چھٹکارا مل جائیگا، صوبائی وزیر نے کہا کہ حکومتی امور کی آٹومیشن، سٹی فیسیلیٹیش سنٹرز کا قیام اور نوجوانوں کو ایڈوانسڈ ڈیجیٹل سکلز ٹریننگ خیبرپختونخوا حکومت کی آئی ٹی سیکٹر میں فلیگ شپ منصوبے ہیں جن کے بروقت قیام کیلئے بھرپور اقدامات جاری رکھے جائیں۔


شیئر کریں: