Chitral Times

Mar 29, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

ڈبل شفٹ ایجوکیشن پروگرام کی کامیابی کے بعد پروگرام کے فیز-2 کا آغاز

شیئر کریں:

صوبائی وزیر تعلیم شہرام خان ترکئی کی زیر صدارت ڈبل شفٹ ایجوکیشن پروگرام کے حوالے سے اجلاس، صوبے کے تمام ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز کی شرکت
ڈبل شفٹ پروگرام صوبے کے 115 سکولوں میں کامیابی سے جاری ہے اور ابھی تک تقریبا 3ہزار طلبا اورطالبات کو داخلہ دیا گیا ہے شہرام خان ترکئی
پروگرام کے فیز-2 میں صوبے کے 15 اضلاع سے مزید 180 سکول منتخب کیے گئے ہیں وزیر تعلیم


پشاور (چترال ٹائمز رپورٹ) خیبر پختونخوا کے وزیر برائے ابتدائی و ثانوی تعلیم شہرام خان ترکئی نے کہا ہے کہ ڈبل شفٹ ایجوکیشن پروگرام فیز -1 کی کامیابی کے بعد صوبے کے 15 اضلاع کے مزید 180 سکولوں میں ڈبل شفٹ پروگرام شروع کر دیا گیا ہے۔ فیز-1 کے 115 منتخب سکولوں میں تقریباً 3 ہزار طلبا و طالبات کو داخلہ دیا گیا ہے۔ اور مزید طلبا و طالبات بھی داخلہ لے رہے ہیں انھوں نے والدین اور علاقہ عمائدین سے مطالبہ کیا کہ بچوں کو سکولوں میں داخل کرنے میں ہمارا ساتھ دیں نزدیکی علاقوں میں ہم نے سکولوں کو ڈبل شفٹ کے تحت اپ گریڈ کر دیا ہے اب کہیں دور جانے کی ہرگز ضرورت نہیں وہ تمام سہولیات آپ کو اپنے نزدیک علاقوں میں ملے گی جس کی وجہ سے بچے ہائی لیول تعلیم حاصل کرنے سے محروم تھے۔

انہوں نے کہا کہ ڈبل شفٹ پروگرام فیز-2 میں مزید 180 سکول شامل کیے گئے ہیں جن میں 83 لڑکوں اور 97 لڑکیوں کے سکول ہیں۔ لڑکوں کے 83 سکولوں میں 60 سکولوں کو پرائمری سے مڈل 12سکولوں کو مڈل سے ہائی اور 11 سکولوں کو ہائیر سکینڈری لیول تک اپ گریڈ کر دیا گیا ہے۔ اسی طرح لڑکیوں کے 97 سکولوں میں 56 سکولوں کو پرائمری سے مڈل 29 سکولوں کو مڈل سے ہائی اور 12 ہائی سکولوں کو ہائر سکینڈری لیول تک اپگریڈ کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فیز-2 میں ہائیر سیکنڈری سکولوں کو بھی شامل کر دیا گیا ہے۔ جس کے لیے لیبارٹریوں کو اپ گریڈ کر دیا گیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈبل شفٹ ایجوکیشن پروگرام فیز-2 کے لیے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں سپیشل سیکرٹری ایجوکیشن شہباز طاہر ندیم، ایڈیشنل سیکریٹری ریفارمز اشفاق احمد اور صوبے کے تمام ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز نے شرکت کی۔

وزیر تعلیم شہرام خان ترکئی نے کہا کہ جن بچوں نے ڈبل شفٹ پروگرام میں داخلہ لیا ہے ان میں زیادہ تر بچوں کی تعداد قریب میں ہائی لیول کے سکولوں کی عدم دستیابی، دن کے وقت مزدوری اور زیادہ فاصلے پر ہائی لیول کے سکول تھے تاہم اب بچوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنے کی غرض سے یہ انقلابی منصوبہ شروع کر دیا گیا ہے جن میں لڑکوں اور لڑکیوں کو یکساں مواقع دیے جارہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پروگرام کے تحت موجودہ اساتذہ ڈبل شفٹ میں انہیں سکولوں میں پڑھا رہے ہیں تاہم انہوں نے ایڈیشنل سیکرٹری ریفارمز کو ہدایت کی کہ جلد از جلد امیدواروں کی اپلائی کے لئے HRIS کھول دیں تاکہ مارکیٹ سے امیدوار بھی اپلائی کریں۔انہوں نے ہدایت کی کہ ایک مہینے کے اندر اندر یہ تمام مرحلہ مکمل کریں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر زسے امیدواروں کے کوائف چیک کرنے اور سکروٹنی کمیٹی بھرتی کیلئے بااختیار ہوگی۔ اور یہ سارا عمل پیرنٹس ٹیچرز کونسل کی سرپرستی میں ہوگا۔

انہوں نے یہ بھی ہدایت کی کہ جو سکولز منتخب ہوچکے ہیں ان کو مزید فعال بنائیں اور فوراً ان کی تربیت کا پروگرام شروع کریں۔ انہوں نے ڈبل شفٹ پروگرام کے لیے ایڈیشنل سیکرٹری ریفارمز اشفاق احمد کو فوکل پرسن نامزد کر دیا جن سے تمام ضلعی ایجوکیشن آفیسر راہنمائی کے لیے رابطہ کریں گے۔ایک سوال کے جواب میں وزیر تعلیم شہرام خان ترکئی نے کہا کے ڈبل شفٹ ایجوکیشن پروگرام میں داخل بچوں کو پہلے شفٹ کے طلباء کی طرح سکالرشپس اور دیگر تمام سہولیات میسر ہوگی۔ انہوں نے ایجوکیشن مانیٹرنگ اتھارٹی حکام کو ہدایت کی کہ پہلے اور دوسرے شفٹ کی یکساں مانئیٹرنگ کا عمل جاری رکھیں۔انہوں نے ڈبل شفٹ پروگرام کے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ماہانہ وار اس پروگرام کا جائزہ اجلاس ہوگا جس میں مانیئٹرنگ اتھارٹی طلباء اور اساتذہ کی حاضری رپورٹ پیش کریگی اور پروگرام کی کامیابی کا جائزہ بھی لیا جائے گا۔


شیئر کریں: