Chitral Times

Apr 20, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

پیپلز پارٹی کے زیراہتمام مہنگائی اورسڑک کی تعمیرمیں تاخیر کے خلاف گرم چشمہ میں احتجاجی جلسہ

شیئر کریں:

گرم چشمہ(نمائندہ چترال ٹائمز) گرم چشمہ روڈ کی تعمیر میں غیر معمولی تاخیر اور ہوش ربا مہنگائی کے خلاف پاکستان پیپلزپارٹی نے پیر کے دن گرم چشمہ پولوگراونڈ میں ایک احتجاجی جلسہ منعقد کیا اور مظاہرہ کرتے ہوئے پی ٹی آئی حکومت کے خلاف سخت نعرہ بازی ہوئی جس میں پارٹی جیالوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔


جلسے سے صوبائی ڈپٹی انفارمیشن سیکرٹری وسابق صوبائی وزیرسلیم خان،ضلعی صدر پی پی پی لوئرچترال انجینئرفضل ربی جان ،سینئرنائب صدرشریف حسین،نائب صدرمحمدمظفر،جنرل سیکرٹری قاضی محمدفیصل ،صدرتحصیل چترال عالمزیب ایڈوکیٹ،شیرین خان ایڈوکیٹ، انفارمیشن سیکرٹری نظارولی شاہ ،سابق ممبرتحصیل کونسل خوش محمد،نادرشاہ اوردوسروں نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پی ٹی آئی حکومت نے لوٹ کوہ کے عوام کو بدترین دھوکہ دیا اور روڈ کے منصوبے کو پش پشت ڈا ل دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے سال گرم چشمہ روڈ کواے ڈی پی سے نکال کرفنڈسوات منتقل کیاگیااوراس سال کی اے ڈی پی میں صرف ڈھائی کروڑ روپے رکھاگیاہے جبکہ سوات میں ایسے منصوبوں کے لئے سوفیصد ریلیز بھی ہوگئے ہیں۔ جویہاں کے عوام کے ساتھ انتہائی ناانصافی ہے جوکسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔

کمر توڑ مہنگائی کے بارے میں پی پی پی کے رہنماوں نے حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئےکہاکہ مہنگائی اس خطرناک حد تک پہنچ چکی ہے کہ غربت سے تنگ لوگ اور متوسط طبقہ خودکشی کرنے پر مجبور ہو گیا ہے کیونکہ ان کے لیے اپنے خاندانوں کی ضروریات پوری کرنا مشکل ہو گیا ہے۔نا اہل حکومت کی ناکام پالیسیوں کی وجہ سے عوام پریشان ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پی پی پی اس وقت حقیقی اپوزیشن کا کردار ادا کر رہی ہےاور اسمبلی کے اندر اور باہر حکومت کی پالیسیوں پر تنقید اور عوام کو آگاہ کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیازی کی حکومت نے قلیل وقت میں ریکارڈ قرضے لئے ہیں، کمر توڑ مہنگائی نے متوسط طبقہ کی زندگی اجیرن کر رکھی ہے۔مختلف سرکاری محکموں میں 16ہزارسے زائدلوگوں کونوکریوں سے برطرف کرکے ہزاروں خاندانوں کے لاکھوں افراد فاقہ کشی پر مجبور کیاہے ۔


انہوں نے اپنے ترقیاتی فنڈز میں گرم چشمہ کی 80ہزار آبادی کو نظر انداز کر نے پر ایم این اے کی مذمت کی اور کہاکہ انہوں نے انتہائی تعصب سے کام لےکر یہاں کے مکینوں کومایوس کردیاہے ۔ انہوں نے کہاکہ کالاش کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے اقلیتی ایم پی اے نے تو جھوٹ اور دھوکہ کی حد کردی اور ضلع کے دوردراز علاقوں میں جھوٹے ترقیاتی منصوبوں کا اعلان کرتےہوئے پھر رہے ہیں ۔

نومنتخب عہداروں نے کہاکہ صوبائی صدرنجم الدین خان اورجنرل سیکرٹری محمدشجاع خان کی ہدایت پرگھرگھرجاکرپی پی پی کے ناراض کارکنوں کومنانے اورپارٹی کومنظم بنانے کی کوشش جاری ہے ۔ اس موقع پر مختلف پارٹیوں سے تعلق رکھنے والے متعدد افراد نے پاکستان پیپلزپارٹی میں شمولیت اختیارکی۔

chitraltimes ppp protest garam chashma saleem
chitraltimes ppp protest garam chashma 3
chitraltimes ppp protest garam chashma 32
chitraltimes ppp protest garam chashma 2
chitraltimes ppp protest garam chashma 22
chitraltimes ppp protest garam chashma


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, چترال خبریںTagged
53458