Chitral Times

Mar 28, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

پولیوکا خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہے, کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں۔چیف سیکریٹری

شیئر کریں:

پشاور (چترال ٹائمز رپورٹ) چیف سیکر ٹری خیبر پختونخوا ڈاکٹر کاظم نیاز نے کہا ہے کہ صوبے سے پولیوکا خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس سلسلے میں تمام اضلاع کی انتظامیہ کو سختی سے ہدایت کی گئی ہے کہ انسداد پولیو مہم کے دوران اہداف کے حصول میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔یہ ہدایت انہوں نے صوبے میں شروع ہونے والی انسداد پولیو مہم کے حوالے سے صوبائی ٹاسک فورس کے اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دی۔

اس موقع پرانسپکٹر جنرل پولیس معظم جاہ انصاری، چیئر پرسن قائمہ کمیٹی برائے صحت خیبرپختونخوا اسمبلی رابعہ بصری، سیکرٹری محکمہ صحت طاہر اورکزئی، ایڈیشنل سیکرٹری محکمہ داخلہ، سیکرٹری ایجوکیشن، ڈی جی ہیلتھ سروسز، تمام ڈویژنل کمشنرز،آر پی اوز، تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز، ایمرجنسی آپریشن سنٹر خیبرپختونخواکے کوآرڈینیٹرعبدالباسط، یونیسیف حکام اور نیشنل ای او سی کے حکام نے شرکت کی اس موقع پر ایمرجنسی آپریشن سنٹر کے کوآرڈینیٹر عبدالباسط نے اجلاس کو بتایا کہ صوبے بھرمیں شروع ہونے والی انسدادپولیو مہم کے دوران پانچ سال سے کم عمر کے  بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ مہم کے لئے تمام تر تیاریاں مکمل کی گئی ہیں

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ڈاکٹر کاظم نیاز نے کہا کہ گزشتہ سال صوبہ میں پولیو مہمات موثرانداز میں چلائی گئی ہیں جس کی وجہ سے پولیو کیسز کا خاتمہ ہوا۔ اس سلسلے میں ضلعی انتظامیہ، پولیو ورکرز اور پولیس جوانوں نے بھر پور کردار اداکیا۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس سال ضلعی انتظامیہ اور پولیو ورکرز کی انتھک محنت سے انکاری والدین کی شرح میں مزید کمی آئے گی تاہم خطے میں پولیو وائرس کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا نے واضح کیا کہ پولیو کا مکمل خاتمہ آئندہ نسلوں کو معذوری سے بچانے کے لئے ناگزیر ہے جس میں کوئی غفلت اورکوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں جاری ہونے والی پولیو مہم کی نگرانی خود کریں گے اور اس ضمن میں آئی جی خیبر پختونخوا سیکورٹی سے متعلق تمام آر پی اوز اور ڈی پی اوز کے ساتھ رابطے میں رہیں گے۔

ڈاکٹر کاظم نیاز نے مزید کہا کہ پولیو ایک قومی مسئلہ ہے اس لئے اس وائرس کا خاتمہ ہماری اولین ترجیح ہے جس کے لئے انسدادپولیو مہمات ہر صورت میں جاری رکھی جائیں گی تاکہ جلد ازجلد پولیو وائرس سے چھٹکارا پاسکے۔ اس موقع پرانسپکٹر جنرل پولیس خیبرپختونخوا معظم جاہ انصاری نے اجلاس کو بتایاکہ پولیو مہمات کی کامیابی کے لئے پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے پولیو ٹیموں کی سیکورٹی کو یقینی بنائیں گے اوران مہمات کو کا میاب بنانے کے لئے ہرحد تک جائیں گے۔

آئی جی پولیس نے کہا کہ انسداد پولیو کی راہ میں حائل تمام تر مشکلات اور چیلینجز کے باوجود حکومت خیبر پختونخوااس کے مکمل خاتمہ کیلئے پرعزم ہے پولیو کا خاتمہ ہمارے صحت مند اور محفوظ مستقبل کے لئے ناگزیر ہے اور پولیو کے خاتمہ کے لئے احتساب اورجوابدہی کا ایک موثر نظام وضع کیا گیا ہے انہوں نے کہا کہ صوبے سے پولیو وائرس کے خاتمے کے لئے ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کا کردار انتہائی اہم ہے۔


شیئر کریں: