Chitral Times

Mar 28, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

چترال کے ایک اورقابل فخرسپوت شہید اکبرحیات ساکن ہرچین کو فوجی اعزاز تمغہ بسالت سے نوازا گیا

شیئر کریں:

چترال ( نمائندہ چترال ٹائمز ) مستوج کے بالائی علاقہ ہرچین لاسپور سے تعلق رکھنے والے چترال کے قابل فخر سپوت شہید اکبر حیات کو تمعہ بسالت سے نوازا گیا۔ گزشتہ دن جی ایچ کیو راولپنڈی میں منعقدہ ایک پروقار تقریب میں ان کے والد ریٹائرڈ صوبیدار حیات خان نے فوجی اعزاز لیفٹنٹ جنرل ساحرشمشاد مرزا (ہلال امتیاز ملٹری ) کمانڈر ۱۰ کور سے وصول کیا۔

یادرہے کہ نائک اکبرحیات این ایل آئی ۵ رجمنٹ کشمیرکے ساتھ منسلک تھے اورکشمیر میں خدمات انجام دے رہے تھے۔ ۲۱جنوری ۲۰۱۹کو کشمیر خنجر سیکٹر میں وطن عزیز کے لئے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا تھا۔

چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر باجوہ نے شہید کے والد اور بیوہ کے نام الگ الگ تہنیتی پیغامات میں شہید اکبرحیات کی شجاعت ، بہادری اورفرض شناسی کا اعتراف کرتے ہوئے کہا ہے کہ انکی شہادت دوسروں کیلئے مشعل راہ ہوگی۔ ’’میں انکی کارکردگی پر فخرمحسوس کرتاہوں ۔حکومت پاکستان نے شہید اکبرحیات کی شجاعت،بہادری اور فرض شناسی کا اعتراف کرتے ہوئے بعد از شہادت تمغہ بسالت عطاکیا ہے۔ شہادت کا بلند مقام حاصل کرکےاکبرحیات نے مسلمانوں کی شجاعت اور قربانی کی عظیم روایات کی آبیاری کی ہے ۔ انکی یہ قربانی اور شہادت ہمیشہ دوسروں کیلئے مشعل راہ ہوگی’’۔

شہید کے والد محترم جو خود بھی چترال سکاوٹس سے بحثیت صوبیدار خدمات انجام دینے کے بعد سبکدوش ہوئے ہیں نے بیٹے کو فوجی اعزاز سے نوازنے اور حوصلہ افزائی پر چیف آف آرمی سٹاف، کورکمانڈر اور تمام متعلقہ افسران کا شکریہ ادا کیاہے ۔ چترال ٹائمز سے گفتگو کرتے ہوئے ریٹائرڈ صوبیدار حیات خان نے کہا کہ ہم وطن عزیز کی خدمت کیلئے ہر وقت تیار اور حاضر ہیں ۔ وطن عزیزکی سلامتی کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے ۔

chitraltimes Hayat khan subidar Laspur


شیئر کریں: