Chitral Times

Apr 20, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

آغاخان ہسپتال کراچی کو صحت کارڈ پروگرام میں شامل کرنے کےسلسلے وزیرصحت کا کراچی کا دورہ

شیئر کریں:

کراچی (نمائندہ چترال ٹائمز) خیبرپختونخوا کے وزیر صحت و خزانہ تیمور سلیم خان جھگڑا نے کراچی میں آغا خان ہسپتال اور یونیورسٹی کا دورہ کیا اور شرکاء کے ساتھ صحت کارڈ پلس پروگرام سے متعلق پر تفصیلی گفتگو کی۔ اس موقع پر تیمور جھگڑا نے صحت کارڈ پلس پر ایک سیشن میں شرکت کی اور صحت کارڈ پلس کے متعلق جوابات دئیے۔ اس کے علاوہ آغا خان ہسپتال اور یونیورسٹی انتظامیہ کے ساتھ الگ الگ ملاقاتوں میں اس پروگرام سے متعلق اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

صحت کارڈ پلس میں 7.5 ملین خاندانوں کو شامل کرلیا گیا ہے، اس سہولت سے اب تک 630,000 سے زائد مریضوں نے فائدہ اُٹھایا، جن پر 15 ارب روپے کی لاگت آئی۔ اس پروگرام میں 164 ہسپتالوں کو پینل پر شامل کیا گیا ہے، صوبے کے 80% ڈی ایچ کیو ہسپتال اور 90% ایم ٹی آئی ہسپتال پینل میں شامل ہیں۔ اب تک سب زیادہ لوئر دیر کے لوگوں نے اس سہولت سے فائدہ اُٹھایا، اس کے بعد ملاکنڈ، بونیر، بٹگرام اور پھر چترال سرفہرست۔ جولائی میں 41,605 مریضوں نے، اگست میں 52,252 مریضوں اور ستمبر میں سب سے زیادہ 62,557 مریضوں نے اس سہولت سے فائدہ اُٹھایا۔

مریضوں نے خیبرپختونخوا کے ہسپتالوں کے علاوہ کراچی، لاہور، راولپنڈی، اسلام آباد، ملتان اور بھکر کے ہسپتالوں میں بھی علاج کروایا۔مریضوں کی بڑی تعداد نے پشاور انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی اور حیات آباد میڈیکل کمپلکس میں بھی اپنا مفت علاج کروایا، جبکہ زیادہ تر مریضوں نے دیگر پرائیویٹ ہسپتالوں میں اپنا علاج کروایا۔ تیمور جھگڑا کی آغا خان ہسپتال کو بھی اس پروگرام میں شامل کرنے پر انتظامیہ سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

KP Minister Health Finance visit aga khan hospital karachi 3
KP Minister Health Finance visit aga khan hospital karachi 2

محکمہ صحت نے 7 میڈیکل ٹیچنگ ہسپتالوں کے بورڈ آف گورنرز کے ممبران کا اعلامیہ جاری کر دیا۔
سرچ اینڈ نومینیشن کونسل کی سفارش پر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے منظوری دی۔ مدت تین سال ہو گی۔


دریں اثنا خیبرپختونخوا کے محکمہ صحت نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی منظوری کے بعد صوبے کے میڈیکل ٹیچنگ انسٹیٹیوٹس و ہسپتالوں کےبورڈ آف گورنرز کے ممبران کا اعلامیہ جاری کر دیا ہے۔ ان میں لیڈی ریڈنگ پشاور، مفتی محمود ہسپتال ڈیرہ اسماعیل خان، مردان میڈیکل کمپلیکس، قاضی حسین احمد میڈیکل کمپلیکس نوشہرہ، پشاور انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی، ایوب میڈیکل کمپلیکس ایبٹ آباد اور حیات آباد میڈیکل کمپلیکس پشاور شامل ہیں۔ میڈیکل ٹیچنگ انسٹیٹیوٹ لیڈی ریڈنگ ہسپتال کے بورڈ آف گورنرز میں ڈاکٹر نوشیروان برکی، پروفیسر ڈاکٹر شہناز نواز، پروفیسر ڈاکٹر غلام صدیقی، مسٹر شمس القیوم، غلام قادر خان، راحت گل اور زرق خان خٹک شامل ہیں۔ میڈیکل ٹیچنگ انسٹیٹیوٹ حیات آباد میڈیکل کمپلیکس کے 7 رکنی بورڈ آف گورنرز میں صاحبزادہ سعید احمد، میجر جنرل ریٹائرڈ تاج گل حق، راشد اے خان، ڈاکٹر روبینہ نعمان گیلانی، سید حازق علی شاہ، ڈاکٹر جہانزیب ملک اور ڈاکٹر عبدالحمید خان شامل ہیں۔ امراض دل کے علاج کے لیے نو تعمیر شدہ اسپیشلائزاڈ ہسپتال پشاور انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے پانچ رکنی بورڈ گورنرز میں ڈاکٹر آصف لویا، ڈاکٹر مہر بانو، پروفیسر ڈاکٹر مسعود صادق، ڈاکٹر شفقت حسن، ڈاکٹر حمید آفریدی، سہیل منور خٹک اور سید آصف شاہ شامل ہیں۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
53245