Chitral Times

Oct 28, 2021

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

اسماعیلی کمیونٹی کے زیراہتمام گلوبل اسماعیلی سووک ڈے کے موقع پرچترال میں صفائی اور شجرکاری مہم

شیئر کریں:

چترال (نمائندہ چترال ٹائمز) اسماعیلی کمیونٹی آج دنیا میں گلوبل اسماعیلی سووک ڈے منارہی ہے اس مناسبت سے آج چترال میں بھی اسماعیلی کمیونٹی کی طرف سے مختلف علاقوں میں تقریبات، صفائی اور شجرکاری مہم کے سلسلے میں تقریبات کا اہتمام کیا گیا۔ اس سلسلے میں سب سے بڑی تقریب شہید اسامہ وڑائچ پارک دنین میں منعقد کی گئی اس تقریب میں مختلف مکاتب فکر کے لوگوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

chitraltimes ismaili civic day celebration chitral speakers

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ریجنل کونسل برائے لوئر چترال کے صدر ڈاکٹر ریاض حسین نے کہا کہ اے کے ڈی این کے ادارے چترال اور پورے ملک کی ترقی میں عرصہ دراز سے بہترین کردار ادا کررہے ہیں اور یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔ اسماعیلی سووک بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے جس میں حکومت کے ساتھ مل کر اپنے ملک کی خوبصورتی، ترقی اور قدرتی آفات سے بچاؤ کے لئے عوامی کردار سازی پر کام کیا جائے گا۔ اسماعیلی سووک اگلے سال کے آخر تک ملک بھر میں 10 لاکھ پودے لگانے کا عہد کرچکا ہے انشاء اللہ یہ عہد حکومت کی مدد سے مکمل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے معروف دینی اسکالر قاضی سلامت اللہ نے قرآن و حدیث کی روشنی میں صفائی اور شجرکاری کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔

مہمان خصوصی اے اے سی لوئر چترال حفیظ اللہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہزہائی نس آغا خان کے ملک کی ترقی کے لیے انجام دی  گئی خدمات سے پوری دنیا آگاہ ہے۔ اے کے ڈی این کے ادارے ہمیشہ حکومت کی ذمہ داریوں میں ان کی مدد کرتے آئے ہیں اور ہم امید رکھتے ہیں کہ وہ آئندہ بھی حکومت کے ساتھ مل کر عام لوگوں کی زندگی میں بہتری لانے کی کوشش جاری رکھیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ صفائی نصف ایمان ہے اس لئے ہمیں اسماعیلی سووک کے صفائی اور شجرکاری مہم میں اسماعیلی کمیونٹی کا بھر پور ساتھ دینا چاہئے۔

تقریب کے دوران معزز مہمانوں نے ڈی سی پارک  میں شجرکاری مہم اور اسماعیلی رضاکاروں کے ساتھ مل کر پارک کی صفائی میں بھی حصہ لیا۔اس موقع پر اسماعیلی کمیونٹی کی طرف سے پارک کے مختلف حصوں میں ڈسٹبین (کوڑا دان) بھی نصب کئے گئے۔

تقریب سے اطرپ لوئر چترال کے صدر امیر محمداوراخترنواز نے بھی خطاب کیا۔

تقریب میں سابق پریذیڈنٹ ریجنل کونسل لوئر چترال محمد افضل، مذہبی سکالر علی اکبر قاضی، صاحب نادر ایڈوکیٹ اور اے۔کے۔ڈی ۔این کے مختلف اداروں کے ہیڈ بھی موجود تھے۔


یادرہے کہ اسماعیلی سوک ایک بین الاقوامی پروگرام ہے جس کے ذریعے شیعہ اسماعیلی مسلم کمیونٹی متحد ہو کر انسانیت کی خدمت کرتی ہے جو کہ صدیوں پرانی اسماعیلی روایات میں شامل ہے۔ خصوصاً ایسے لوگوں کی معیار زندگی کو اس پروگرام کے ذریعے بہتر بنانے کی کوشش کی جاتی ہے جو اسماعیلی کمیونٹی کے ساتھ رہتے ہیں خواہ ان کا تعلق کسی بھی عقیدے اور نظریے سے ہو۔ یہ خدمت ایک ذمہ دار شہری کے اخلاقیات کی عکاسی کرتی ہے جو اسلام کی بنیادی خدمت، امن، ہمدردی اور کمزوروں کی دیکھ بھال کے اقدار کی مثال ہیں۔گلوبل اسماعیلی سووک ڈے کے موقع پر دنیا بھر میں مختلف سرگرمیوں کا انعقاد کیا جائے گا جن میں 20 ہزار سے زائد رضاکار مختلف ممالک میں ایک لاکھ گھنٹے سے زیادہ رضاکارانہ خدمات انجام دیں گے۔ پاکستان میں شجر کاری مہم، صفائی مہم اور نوجوانوں میں آگاہی پیدا کرنے کے لئے مختلف مقابلوں کا انعقاد بھی ان سرگرمیوں میں شامل ہیں۔

chitraltimes ismaili civic day celebration chitral
chitraltimes ismaili civic day celebration chitral osama park
md2
chitraltimes ismaili community civic program chitral

شیئر کریں: