Chitral Times

Mar 28, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

ذہنی طور پر پسماندہ اور جسمانی طور پر معذورافراد ۔ تحریر: محمد عبدالباری

شیئر کریں:

وطن عزیز میں ذہنی طور پر پسماندہ اور جسمانی طور پر معذور افراد کی تعداد لاکھوں میں ہے ۔ جبکہ سالانہ ان میں اضافہ ہوتارہتا ہے ۔ بہت سے افراد اور خاص طورپرچھوٹے بچے ذہنی پسماندگی کی وجہ سے دوسروں کے محتاج ہوتے ہیں۔ ایسے بچوں یا افراد کو ہرممکن رہنمائی کی ضرورت ہوتی ہے۔چترال میں بھی اسطرح کے بچوں کی کافی تعداد موجود ہے۔ جنھیں خصوصی افراد کے نام سے یاد کیا جاتا ہے ۔

اسطرح کے بچوں کیلئے ایک ادارہ چترال کے علاقہ ذرگراندہ میں موجود ہے اس ادارے کا بنیاد 1986 میں رکھا گیا تھا۔
اس ادارے کے قیام کا مقصد خصوصی افراد خصوصا بالخصوص ذہنی اور جسمانی کمزوری کے شکار افراد کی تعلیم اور ان کی فلاح و بہبود ہے۔ ذہنی اور جسمانی کمزوری کے علاوہ باقی تمام قسم کے افراد باہم معذوری کو بھی ادارہ ہذا میں خوش آمدید کہا جاتا ہے۔اس ادارے سے منسلک تمام عملہ درد دل رکھنے اور فرض شناسی میں اپنی مثال آپ ہیں۔ جو کہ تمام بچوں کو انفرادی توجہ دے کر ان کی جسمانی، ذہنی الغرض ہر طرح کی فلاح و بہبود کے لئے ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں۔ اس بات کا زندہ مثال اور ثبوت وہ تمام افراد ہیں جو مذکورہ بالا ادارے سے استفادہ حاصل کرنے کے بعد آج ایک خود مختار زندگی گزار رہے ہیں اور اپنا رزق حلال خود کما رہے ہیں۔یہی وہ افراد ہیں جنہیں معاشرے پر بوجھ تصور کیا جا رہا تھا اور نہ ہی انہیں کوئی عزت و احترام دی جاتی تھی بلکہ عام عوام انہیں تفریخی مقاصد کے لیے استعمال کرتے تھے جو کہ آج ادارہ ہذا اور ادارے سے منسلک درد دل رکھنے والے عملے کی انتھک محنت کی بدولت اپنے پیروں پر کھڑے ہیں۔


میں عوام الناس سے پرزور اپیل کرتا ہوں کہ وہ آئیں اور ادارے کی کامیابی میں اپنا کردار بھرپور انداز میں ادا کریں اور خصوصی افراد کو گھروں میں نظر بند رکھنے کے بجائے ادارے کے ساتھ منسلک کریں۔ ادارہ ہذا میں جو سہولیات میسر ہیں ان کا بھی مختصرا ذکر کرونگا۔


ادارہ ہذا کی طرف سے بچوں کو گھر سے سکول اور اسکول سے گھر تک پہنچانے کے لیے مفت ٹرانسپورٹ کی سہولت میسر ہے اس کے علاوہ بچوں کو اسکول یونیفارم، کتابیں کاپیاں اور دیگر تعلیمی مواد بھی مفت فراہم کیے جاتے ہیں۔
خصوصی طلبا و طالبات کے لیے روزانہ کی بنیاد پر ایک وقت کا ریفریشمنٹ بھی مفت فراہم کیا جاتا ہے۔
پرائمری لیول کے لئے انکلوسیو ایجوکیشن کی سہولت دستیاب ہے جس میں تمام بچوں کو چاہے وہ معذور ہوں یا نارمل داخلہ کی سہولت دی جاتی ہے۔


بچوں کی تفریح کے لیے مختلف قسم کے کھیلوں کا بھی انعقاد کیا جاتا ہے اور سالانہ بنیادوں پر خصوصی بچوں کے لئے اندرون ملک سیر و تفریح کا بھی اہتمام مفت میں کیا جاتا ہے۔
افراد باہمی معذوری کے لئے انفرادی تعلیم کی سہولت بھی میسر ہے جس میں ہر بچے کو ان کی انفرادی ضروریات کے مطابق تعلیم دیا جاتا ہے۔


ذہنی پسماندگی کے شکار بچوں پر خصوصی توجہ دیا جاتا ہے اور انہیں روز مرہ زندگی کی ضروریات کے متعلق حصوصی تربیت دی جاتی ہے تاکہ کہ وہ اپنے روز مرہ زندگی کے کاموں میں کسی کا محتاج نہ رہیں۔


تمام افراد باہم معذوری کو ان کی سماجی بحالی کے لئے ان کی صلاحیتوں کے عین مطابق پیشہ ورانہ مہارت بھی سکھائے جاتے ہیں، مثلا کڑھائی کی مہارت، سلائی، کٹائی، بنائی، ڈیزائننگ اور الیکٹرانک مہارت ان کی صلاحیتوں اور ان کی دلچسپی کے مطابق ان کو سکھایا جاتا ہے۔


انفرا مشین اور مساج کے دیگر سازوسامان کے استعمال سے جسمانی تھراپی کے خدمات اور بوقت ضرورت جی ایچ کیو چترال کے ماہر ڈاکٹروں کی نگرانی میں علاج معالجے کی سہولیات بھی میسر ہیں۔


ان تمام تر سہولیات کے علاوہ اور بھی بہت کچھ ادارے کی طرف سے آپ کی خدمت کے لیے بالکل مفت میسر ہیں تو آئیے ان خدمات سے استفادہ حاصل کیجئے اور خصوصی افراد کی بحالی میں اپنا کردار بخوبی نبھائیں۔
اللہ ہم سب کا حامی و ناصر ہو۔ آمین۔


شیئر کریں: