Chitral Times

Apr 20, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

ڈینگی کی روک تھام کیلئے ڈپٹی کمشنرز اورمتعلقہ حکام سنجیدہ اقدامات اٹھائیں۔ چیف سیکرٹری

شیئر کریں:

پشاور (چترال ٹائمز رپورٹ) چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا ڈاکٹر کاظم نیاز نے ہدایت کی ہے کہ ڈپٹی کمشنرز، محکمہ صحت اور دیگر متعلقہ حکام, ڈینگی کی روک تھام کیلئے سنجیدہ اقدامات یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈینگی کی روک تھام کیلئے ہاٹ سپاٹس کی نشاندہی کرکے لاروا کش سپرے اور فوگنگ کی جائے تاکہ ڈینگی کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار چیف سیکرٹری ڈاکٹر کاظم نیاز نے صوبے میں ڈینگی کیسز کے حوالے سے منعقدہ جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں انتظامی سیکرٹریز، ڈویژنل کمشنرز، ڈی جی ہیلتھ اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ جبکہ ڈپٹی کمشنرز، اجلاس میں ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔

اس موقع پر اجلاس کو بتایا گیا کہ صوبے میں اب تک ڈینگی سے کوئی موت واقع نہیں ہوئی جبکہ صوبے بھر میں تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 440 ہے جس میں سے 427 صحت یاب ہو چکے ہیں اور باقی ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔چیف سیکرٹری نے ہدایت کی کہ تمام اضلاع میں تواتر کیساتھ لاروا کش سپرے اور فوگنگ سمیت اس حوالے سے آگاہی پھیلانے کے لئے بھی اقدامات اٹھائے جائیں۔ دریں اثناء چیف سیکرٹری نے صوبے میں جاری انسدادپولیو مہم کا جائزہ بھی لیا۔ چیف سیکرٹری نے پولیو مہمات کے معیار کو مزید بہتر اور موثر بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پولیو کا خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہے جس کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
52674