Chitral Times

Apr 19, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

ایکنک نے دیرموٹروے سمیت صوبے کے دو بڑے منصوبوں کی منظوری دیدی۔وزیراعلیٰ

شیئر کریں:

پشاور ( چترال ٹائمز رپورٹ ) وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ قومی اقتصادی کونسل کی ایگزیکٹیو کمیٹی (ایکنک)نے خیبرپختونخوا کے دو بڑے اور اہم منصوبوں کی باقاعدہ منظوری دے دی ہے ۔ ان اہم منصوبوں کی ایکنک سے منظوری کو پورے صوبے باالخصوص جنوبی اضلاع ، دیر اپر اور چترال کے عوام کیلئے بڑی خوشخبری قرار دیتے ہوئے اُنہوںنے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے صوبے کے عوام کے ساتھ کیا ہوا اپنا ایک اور وعدہ پورا کردیا۔


اس سلسلے میں یہاں سے جاری اپنے ایک بیان میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ 365 کلومیٹر لمبی پشاور ڈی آئی خان موٹر وے 300ارب روپے جبکہ 30 کلومیٹر دیر موٹر وے 40 ارب روپے کی تخمینہ لاگت سے مکمل کیا جائے گا اور ان منصوبوں کی تکمیل سے جنوبی اضلاع دیر اور چترال کے عوام کی تقدیر بدل جائے گی اور ان علاقوں میں ترقی کے نئے دور کا آغاز ہو جائے گا۔ ان منصوبوں کو جنوبی اضلاع دیر اور چترال کی پائیدار بنیادوں پر ترقی کے لئے انتہائی اہمیت کا حامل قرار دیتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ ان منصوبوں کی تکمیل سے نہ صرف انہی علاقوں بلکہ پورے صوبے میں کاروباری، تجارتی، صنعتی اور سیاحتی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا اور لوگوں کو روزگار کے نئے مواقع فراہم ہونگے۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت صوبے مختلف حصوں میں اکنامک زونز کے قیام اور ان اکنامک زونز کو شاہراہوں کے ذریعے ایک دوسرے سے منسلک کرنے کے لئے ایک جامع حکمت عملی کے تحت اقدامات اٹھا رہی ہے اور وہ دن دور نہیں جب صوبہ بین الاقوامی تجارت اور صنعتی سرگرمیوں کا مرکز بنے گا۔ ایکنک سے ان منصوبوں کی منظوری پر وزیراعلیٰ نے وزیراعظم عمران خان اور وفاقی وزیر اسد عمر کا خصوصی شکریہ ادا کیا ہے اور صوبے کے عوام کو مبارکباد دی۔

وزیراعلیٰ محمود خان نے خیبرپختونخوا ہاکی لیگ 2021 کے لوگو اور ٹرافی کی رونمائی کی ،

chitraltimes mahmood khan kp cm addressing hockey league trophy inogramtion

پشاور ( چترال ٹائمز رپورٹ ) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے خیبرپختونخوا ہاکی لیگ 2021 ءکے لوگو اور ٹرافی کی باضابطہ رونمائی کی۔ صوبے کی تاریخ کی پہلی ہاکی لیگ کے تحت رواں ماہ کے آخر تک میچز کا باقاعدہ آغاز کیا جائے گا۔ لیگ میں آٹھ ٹیمیں شرکت کریں گے جس میں پشاور فالکن ، ملاکنڈ ٹائیگرز ، ڈیرہ اسماعیل خان سٹالین، ہزارہ واریئرز، بنوں پنتھرز، مردان بیرز ، ٹرائیبل لائنز اور کوہاٹ ایگلز شامل ہیں۔ لیگ کا پہلا میچ پشاور فالکن اور بنوں پنتھرز کے درمیان کھیلا جائے گا۔ خیبرپختونخوا ہاکی لیگ 2021 کے لوگو اور ٹرافی کی تقریب رونمائی جمعہ کے روز وزیراعلیٰ ہاﺅس پشاو رمیں منعقد ہو ئی ۔ وزیراعلیٰ محمود خان خان تقریب کے مہمان خصوصی تھے جبکہ صوبائی کابینہ کے اراکین کامران بنگش، انور زیب، ایم پی اے فخر جہان کے علاوہ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری آصف باجوہ ، پاکستان ہاکی ٹیم کے چیف کوچ خواجہ جنید ، سکواش لیجنڈ جان شیر خان سمیت دیگر نامور کھلاڑیوں اور متعلقہ حکام نے تقریب میں شرکت کی ۔

وزیراعلیٰ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کا دن خیبرپختونخوا اور سپورٹس کے حوالے سے ایک تاریخی دن کی حیثیت رکھتا ہے ۔ اُنہوںنے کہاکہ مذکورہ لیگ کا اجراءقومی کھیل ہاکی کی بحالی کی طرف ایک اہم سنگ میل ہے ۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ خیبرپختونخوا میں پی ٹی آئی کی حکومت شروع دن سے کھیلوں کے فروغ کیلئے کوشاں ہے اور اس مقصد کیلئے شعبہ کھیل کا بجٹ کئی گنا بڑھا دیا گیا ہے ۔ اُنہوںنے کہاکہ کھلاڑی ہمارا اثاثہ ہیں۔ ہم نے اپنے نوجوانوں کو غیر ضروری سرگرمیوں سے نکال کر کھیل کی طرف راغب کرنا ہے اور اُنہیں دوبارہ سپورٹس گراﺅنڈ پر لانا ہے ۔ اُنہوںنے کہاکہ لوگ ہاکی کو تقریبا ً بھول چکے ہیں ۔ اپنے قومی کھیل کی دوبارہ بحالی ہم سب کی ذمہ داری ہے ۔ اُنہوںنے بونیر ، صوابی اور ملاکنڈ میں تین نئے آسٹرو ٹرف کے قیام کا اعلان کرتے ہوئے کہاکہ صوبائی حکومت ہاکی کے فروغ کیلئے نظر آنے والے اقدامات کر رہی ہے ۔

موجودہ صوبائی حکومت چارسدہ کوہاٹ ، ڈی آئی خان اور پشاور میں چار نئے ہاکی ٹرف بچھا چکی ہے جبکہ باجوڑ ، نوشہرہ اور ایبٹ آباد میں کام جاری ہے ۔ رواں مالی سال کے آخر تک خیبرپختونخوا میں بین الاقوامی معیار کے 12 آسٹر و ٹرف موجود ہوں گے ۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ صوبے کی شعبہ کھیل جو اقدامات کئے گئے ہیں وہ کسی دوسرے صوبے میں موجود نہیں۔ تمام ڈویژنل ہیڈکوارٹرز ، سپورٹس کمپلیکس قائم کئے جا چکے ہیں۔ اب ضلع کی سطح پر سپورٹس کمپلیکس کے قیام کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے اس مقصد کیلئے متعلقہ حکام کو باضابطہ پروپوزل تیار کرکے پیش کرنے کی ہدایت کی ۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ صوبائی حکومت کھیلوں کے فروغ کے حوالے سے ہر ضرورت پوری کرنے کیلئے پرعزم ہے ۔

وزیراعلیٰ نے کہاکہ ضم اضلاع میں بھی کھیلوں کی بحالی پر کام جاری ہے ، وہاں بھی سپورٹس کمپلیکس بنائیں گے۔اُنہوںنے کہاکہ ہاکی کی طرح دیگر اہم کھیلوں کرکٹ، فٹبال ، سکواش اور والی بال کے فروغ کیلئے بھی صوبائی حکومت بھر پور تعاون یقینی بنائے گی ۔ اُنہوںنے کہاکہ خیبرپختونخوا میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے ۔ ہم نے اس ٹیلنٹ کو بروئے کار لانا ہے اور اپنے گراﺅنڈز کو پھر سے آباد کرنا ہے ۔قبل ازیں سیکرٹری محکمہ کھیل عابد مجید نے ہاکی لیگ کے حوالے سے تفصیلات بتاتے ہوئے کہاکہ لیگ کے تحت میچز صوبے کے مختلف آسٹرو ٹرف میں کھیلے جائیں گے جن میں ڈی آئی خان ، بنوں ، کوہاٹ ، پشاور ، چارسدہ اور مردان شامل ہیں۔ کھلاڑیوں کو ٹرانسپورٹ ، خوراک ، رہائش، کٹس سمیت دیگر سہولیات فراہم کی جائیں گی ۔

اُنہوںنے بتایا کہ جیتنے والی ٹیموں کو نقد انعامات کے علاوہ ٹرافی سیٹس ، میڈلز اور سرٹیفکیٹس بھی دئیے جائیں گے ۔ پہلی پوزیشن حاصل کرنے کی والی ٹیم کو 10 لاکھ روپے دوسری پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیم کو پانچ لاکھ روپے جبکہ تیسر ی پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیم کو دو لاکھ روپے نقد انعامات دیئے جائیں گے ۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
52322