Chitral Times

Apr 24, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

یتیم بچوں کی کفالت کیلئے چترال میں آغوش الخدمت ہوم کا افتتاح کردیا گیا

شیئر کریں:

چترال( نمائندہ چترال ٹائمز )الخدمت فاؤنڈیشن خیبر پختونخواکے تحت یتیم بچوں کی کفالت کے لئے صوبے کےدور افتادہ اور پسماندہ ضلع چترال میں تعمیر ہونے والےجدید سہولیات سے آراستہ آغوش الخدمت ھوم چترال کا آغاز کردیا گیا جس میں ابتدائی طور پر 100یتیم بچوں کی کفالت کا معیاری انتظام کیاگیاھے۔آغوش الخدمت ہوم چترال کی افتتاحی تقریب آغوش کمپلیکس نزد پولو گراونڈ چترال سٹی میں الخدمت فاؤنڈیشن خیبر پختونخوا کے صدر خالدوقاص کی صدارت میں منعقد ہوئی.

اس موقع پرالخدمت پاکستان کے مرکزی صدر میاں عبدالشکور اورجماعت اسلامی پاکستان سیکرٹری امیرالعظیم مہمان خصوصی تھے تقریب میں جماعت اسلامی کے صوبائی جنرل سیکرٹری عبدالواسع،الخدمت فاؤنڈیشن کے مرکزی اسسٹنٹ سیکرٹری جنرل اعجاز اللہ خان،رکن قومی اسمبلی مولاناعبدالاکبرچترالی،سابق ڈسٹرکٹ ناظم چترال و چیرمین منیجمنٹ کمیٹی آغوش الخدمت ہوم چترال حاجی معفرت شاہ،چترال سکاوٹس کے کمانڈنٹ بریگیڈیئر علی محمد ظفر، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر حیات شاہ ،صوبائی نائب صدر فضل محمود،امیر ضلع اخونزادہ رحمت اللہ اور الخدمت کے ضلعی صدر نوید احمد بیگ سمیت معززین شہر سماجی شخصیات اور اہالیان علاقہ نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے الخدمت کے صوبائی صدر خالدوقاص نے کہا کہ چترال سٹی میں موجود الخدمت یوتھ ہاسٹل کی عمارت میں آغوش ہوم کا قیام عمل میں لایاگیا ھے جہاں پر ابتدائی طور پر 100یتیم بچوں کی کفالت کا بہترین انتظام کیا گیا ھے اس وقت صوبہ بھر میں الخدمت کے تحت پشاور، مانسہرہ،دیر لوئر، کوہاٹ اور ڈیرہ اسماعیل خان میں آغوش ہومز موجود ہیں اور الخدمت کے تحت صوبہ بھر میں چار ہزار سے زائد یتیم بچوں کی کفالت جاری ھے انہوں نے کہا کہ ابتدائی طور پر پہلے مرحلے میں 100یتیم بچوں کی کفالت کے لئے آغوش الخدمت ہوم چترال سٹی کاافتتاح کیا جا رہا ہے جبکہ اگلے مرحلے میں بچیوں کے لئے بھی آغوش ھوم قائم کیا جائے گا۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ھوئے الخدمت فاونڈیشن پاکستان کے مرکزی صدر میاں عبدالشکور نے کہا کہ پاکستان میں یتیم بچوں کی تعداد 42لاکھ سے تجاوز کر گئی ھے الخدمت فاونڈیشن نے اس تشویشناک صورتحال کے پیش نظر ملک بھر میں یتیم بچوں کی کفالت کے لئے الخدمت آرفن کیئر پروگرام شروع کیا ھے جس کے تحت ملک بھر میں معیاری آغوش ہومز کے قیام کے ساتھ ساتھ گھروں پر اپنی ماوں کے ساتھ رہنےوالے یتیم بچوں کی فیملی سپورٹ پروگرام کے تحت کفالت کی جارہی ہیں اس وقت ملک بھر میں الخدمت فاونڈیشن 15ہزار سے زائد یتیم بچوں کی پرورش کر رہاھے۔

تقریب سے خطاب کرتے ھوئے سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان امیر العظیم نے کہاکہ وطن عزیز پاکستان میں الخدمت فاونڈیشن کی بے لوث خدمات تسلسل کے ساتھ جاری ھے زلزلہ ،سیلاب اور دیگر قدرتی سانحات کے موقعوں پر الخدمت کی بےلوث خدمات کی ایک دنیا معترف ھیں اور حالیہ عالمی وباء کورونا کے دوران الخدمت فاونڈیشن نے خدمت انسانیت کی جو لازوال تاریخ رقم کی ھے وہ بجا طور پر پوری قوم کے لئے باعث فخر ھے انہوں نے کہا کہ فلاحی معاشرے کے قیام کے لئے فلاحی تنظیموں کی خدمات ایک حد تک معاشرے میں دکھی انسانیت کی خدمت ممکن ھے لیکن سب سے دیرپاء خدمت کاعمل اس صورت میں ممکن ھے کہ ھم ایک ویلفئر سٹیٹ کے قیام کے لئے جدوجہد کریں انہوں نے کہا کہ یتیموں کی بڑھتی ہوئی تعداد پر قابوپانے کے لئے خطے میں جاری جنگوں اور شورش پر قابو پانا ہوگا ۔ہر سال پاکستان میں ریلوے کے پھاٹک پر عفلت کی وجہ سے سنگین حادثات میں بچے یتیم ہوتے ہیں جس کے روک تھام کے لئے اداروں اور حکومتوں کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے انہوں نے اہل خیر اور صاحب ثروت افراد سے اپیل کی ہے کہ دکھی انسانیت کی بے لوث اور بلا تفریق خدمت کے جاری مشن میں الخدمت فاونڈیشن کی پشتیبانی کریں تاکہ مشترکہ کاوشوں کے نتیجے میں دکھی انسانیت کو ہر ممکن ریلیف فراہم کی جاسکے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چترال سے قومی اسمبلی کے رکن مولانا عبدالاکبر چترالی نے کہا ہے کہ اسلامی تعلیمات کے مطابق یتیموں کی کفالت اور ان کی ضروریات کو پوراکرنا اللہ اور اس کے رسول ﷺ کے نزدیک بہت ہی مستحسن قدم ہے جنہیں قیامت کے روز رسول مہربان کی خصوصی قربت حاصل ہوگی اور اس جذبے کے ساتھ الخدمت فاونڈیشن نے ہزاروں یتیم بچوں کو آغوش اداروں میں تعلیم وتربیت کے ذریعے اور لاکھوں یتیموں کو ان کے گھروں میں ان کی مدد کرنے کا سلسلہ شروع کیا ہے جس میں حصہ لینے والے رضاکار اس اجر کے مستحق ہیں۔ آغوش کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ یتیموں کی خبر گیری کرتے ہوئے ہمیں چاہئے کہ ان کے لئے وہ معیار اپنے سامنے رکھیں جوکہ ہم اپنے اولا د کے لئے رکھے ہوتے ہیں اور یہی اسلامی تعلیمات کا روح ہے۔ انہوں نے چترال کے عوام پر زور دیا کہ وہ نہ صرف اس ادارے کے ساتھ تعاون کریں بلکہ اپنی آخرت سنوارنے کے لئے اپنی پڑوس میں یتیموں کو درپیش مسائل اور ان کی ضروریات کا ٰخیال رکھیں۔

سابق ضلع ناظم مغفرت شاہ نے کہا ہے کہ چترال میں یتیم بچیوں کے لئے بھی آغوش طرز کا ادارہ قائم کرکے ان کی تعلیم وتربیت اور کفالت کا انتظام کرنے کی راہیں ہموار کی جارہی ہیں جس کے لئے زمین حاصل کی گئی ہے۔ ہفتے کے روز الخدمت فاونڈیشن کے زیر اہتمام یتیم بچوں کے لئے قائم ادارہ آغوش کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ اس ادارے کی فنڈنگ الخدمت فاونڈیشن کی صوبائی اور مرکزی نظم کررہی ہے جبکہ مقامی حضرات کو اس میں آگے آکر اپنا حصہ ڈالنا ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ یتیموں کی خدمت قیامت کے روز رسول اللہ کی قربت حاصل کرنے کا بہترین ذریعہ ہے اور دین اسلام میں یتیموں کی سرپرستی اور کفالت کا خاص مقام حاصل ہے۔ انہوں نے کہاکہ اس ادارے کے کارکن ان یتیم بچوں کی خدمت اپنے بچوں کی طرح کررہے ہیں اور ان کی بہترین تعلیم وتربیت کے ذریعے انہیں معاشرے کے بہترین شہری بنانے کامشن اپنے سامنے رکھے ہوئے ہیں اور یہ جذبہ چترال کے ہر فرد میں ہونا چاہئے۔

کمانڈنٹ چترال سکاوٹس کرنل علی محمد ظفر نے چترال میں الخدمت فاونڈیشن کی سرگرمیوں کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ اس جیسی غیر سرکاری تنظیم انہوں نے کبھی نہیں دیکھی جوکہ ڈیزاسٹر میں سب سے پہلے متاثرہ علاقے میں پہنچ کر امدادی کام شروع کرتی ہے جبکہ متعلقہ ذمہ دار ادارے بھی نہیں پہنچے ہوتے ہیں جس کا عملی مثال انہوں نے اپر چترال کے ریشن کے مقام پر دیکھا جہاں اس کے رضا کارڈیزاسٹر کے فوراً بعد پہنچ کر لوگوں میں راشن بانٹ رہے تھے۔ ہفتے کے دن الخدمت فاوندیشن کے زیر اہتمام یتیم بچوں کی تعلیم و تربیت کے لئے قائم ادارہ آغوش کی افتتاح کے موقع پر اپنے خطاب میں کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ اس طرح کی سرگرمیوں سے ایک مہذب معاشرے کا قیام عمل میں آتا ہے جہاں سب ایک دوسرے کے خیر خواہ ہوتے ہوئے ایک دوسرے کے نیک جذبات رکھتے ہیں۔ انہوں نے الخدمت فاونڈیشن کے رضاکاروں کی جذبہ خدمت کی تعریف کرتے ہوئے انہیں جان نثار قرار دیا اور ایک دوسرے کی خدمت دراصل ہمارے مذہب کی تعلیمات میں سرفہرست ہیں لیکن ہم انہیں بھلاکر اپنی ذات کو فوقیت دے رہے ہیں جبکہ یہ رضاکار دوسروں کی خوشی کے لئے اپنی آرام اور سکون کو قربان کرکے انسانیت کی خدمت کررہے ہیں۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیاکہ آغوش جیسے اداروں میں بچوں کی اس نہج پر تربیت مل جائے گی کہ وہ معاشرے کے اثاثہ ثابت ہوسکیں۔


ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) حیات شاہ نے بھی الخدمت فاونڈیشن کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہاکہ ضلعی انتظامیہ کے ساتھ اس کے تعاون انتہائی قابل ستائش ہے جس کی سرگرمیاں تمام شعبوں پر محیط ہیں۔ انہوں نے کہاکہ گزشتہ سال سے کرونا کی عالمی وبا سے نمٹنے میں اس تنظیم نے اپنے تمام وسائل ضلعی انتظامیہ کے حوالے کردئیے۔ انہوں نے کہاکہ اپنی دوسری سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ اب یتیم بچوں کی کفالت اور تعلیم وتربیت کا بیڑا اٹھانا وہ کام ہے جس کا اجر اللہ کے نزدیک بہت ذیادہ ہے اور وہ لوگ قابل رشک ہے جوکہ اس نیک مقصد میں اپنا حصہ ڈال رہے ہیں۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ کی طرف سے آغوش ادارے کے ساتھ ہر ممکن تعاون اور حوصلہ افزائی کی یقین دہانی کرائی۔

chitraltimes alkhidmat aghosh inagurated chitral 2
chitraltimes alkhidmat aghosh inagurated chitral 3
chitraltimes alkhidmat aghosh inagurated chitral mna chitrali
chitraltimes alkhidmat aghosh inagurated chitral 4
chitraltimes alkhidmat aghosh inagurated chitral children

شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, چترال خبریںTagged
52083