Chitral Times

Apr 19, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

تعلیمی اداروں میں ڈرگ اور منشیات کے استعمال کی روک تھام کیلئے گورنر شاہ فرمان کے زیراہتمام اجلاس

شیئر کریں:

پشاور ( چترال ٹائمز رپورٹ ) گورنر خیبرپختونخواہ شاہ فرمان کی زیرصدارت صوبے کی تمام تعلیمی اداروں میں ڈرگ اورمنشیات کے استعمال کی روک تھام سے متعلق پیر کے روز گورنرہاؤس پشاورمیں اجلاس منعقد ہواجس میں صوبائی وزیرابتدائی وثانوی تعلیم شہرام خان ترکئی، وزیراعلی کے معاون خصوصی برائے اعلی تعلیم کامران خان بنگش، وزیراعلی کے مشیربرائے ایکسائز خلیق الرحمان کے علاوہ سیکرٹری محکمہ ایکسائز سیداقبال حیدراورسیکرٹری محکمہ ایڈمنسٹریشن سہیل شاہدشریک تھے۔ ا

جلاس میں تعلیمی اداروں میں ڈرگ ومنشیات کے استعمال کی روک تھام سے متعلق مختلف تجاویز و قانونی پہلوؤں پرغوروخوض کیاگیا جبکہ یونیورسٹیوں، سکولز اورکالجز میں ڈرگ کے استعمال کو روکنے کیلئے انسدادمنشیات کے اداروں کے کردار اور ان کی خدمات حاصل کرنے سے متعلق مجوزہ قانون سازی اور حکومتی سطح پر ایک جامع پالیسی تشکیل دینے پر اتفاق کیاگیا۔

اس کے علاوہ تعلیمی اداروں میں منشیات کے عادی طلباء کو اس جان لیواعادت سے چھٹکارادلانے اور دیگرطالب علموں کو محفوظ رکھنے کیلئے ڈوپ ٹیسٹ کرانے کی تجویز بھی زیر بحث آئی۔

گورنرشاہ فرمان کا کہناتھاکہ ہم نے ہرصورت تعلیمی اداروں کو ڈرگ سے مکمل پاک کرناہے تاکہ اپنے بچوں کا صحتمندانہ مستقبل یقینی بناسکیں۔ انہوں نے کہاکہ تعلیمی اداروں میں منشیات کے استعمال کے مکمل خاتمے کیلئے اور اینٹی نارکاٹیکس فورس کی خدمات لینے سے متعلق قانونی پہلوؤں سمیت تمام دیگر قابل عمل معاملات کو دیکھناہوگااور اس معاملے میں فیصلہ سازی اورپالیسی تشکیل دینے کیلئے صوبائی کابینہ سے منظوری بھی لی جاسکتی ہے۔ گورنرکا کہناتھاکہ وہ تعلیمی اداروں کو منشیات سے پاک کرنے کیلئے انتہائی سنجیدہ ہیں اور نوجوان نسل کی بہترین مستقبل کیلئے ہم سب کو مشترکہ ذمہ داری اداکرناہوگی۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged , ,
51951