Chitral Times

Mar 28, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

یوم آزادی کی مناسبت سے کالاش ویلی میں پروقار تقریب،معاون خصوصی وزیرزادہ کی خصوصی شرکت

شیئر کریں:

یوم آزادی کی مناسبت سے کالاش ویلی میں پروقار تقریب،معاون خصوصی وزیرزادہ کی خصوصی شرکت

چترال ( نمائندہ چترال ٹائمز ) یوم آزادی کے سلسلے میں چترال کی کالاش کمیونٹی نے ایک شاندار اور پر وقار تقریب کالاش ویلی بمبوریت میں منعقد کی ۔ جس کے مہمان خصوصی معاون خصوصی وزیر اعلی خیبر پختونخوا برائے اقلیتی امور وزیر زادہ تھے ۔ جبکہ دیگر مہمانوں میں امریکہ سے تعلق رکھنے والے پاسٹر جان Paster Jhon ، پاسٹر ٹینیPaster Tanni , وائس پریزیڈنٹ آل نائبر انٹرنیشنل الیاس مسیح ، چیرمین ایمپلیمنٹیشن مائینارٹی رائیٹس سموئیل پیارا اور بریگیڈیر ( ر) اعظم آفندی شامل تھے ۔ یہ پر وقار تقریب ایمپلمنٹیشن مائینارٹی رائٹس فورم کے تعاون سے ممتاز سوشل ورکراور کالاش پیپلز ڈویلیپمنٹ نیٹ ورک کے چیف ایگزیکٹیو لوک رحمت کے زیر انتظام انجام پایا ۔

جشن آزادی کے اس تقریب میں کالاش اور مسلم عمائدین ، نوجوانوں کے نمائندگان اور سکول و کالج کے اساتذہ اور طلباء و طالبات اور بڑی تعداد میں سیاحوں نے شرکت کی ۔ تقریب سے پہلے مہمانوں کو روایتی چوغے پہنائے گئے ۔ گل پاشی کی گئی ۔ اور قومی ترانہ کی گونج میں تمام حاضرین جھوم اٹھے ۔ بچیوں نے ملی نغمے پیش کئے ۔ اور وطن کے گیت کالاشی زبان، قومی زبان میں گائے ۔ اس موقع پر آزادی کیک کاٹا گیا ۔ اور تالیوں کی گونج میں کیک تقسیم کی گئی ۔جبکہ طلبہ نے تحریک آزادی کے اسلاف اور رہنماوں کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا ۔ اور اس عزم کا اظہار کیا ۔ کہ رہتی دنیا تک پاکستان کا پرچم لہراتا رہے گا ۔ اور وطن کی مٹی پر کوئی آنچ آنے نہیں دیا جائے گا ۔

یوم آزادی

اس موقع پر معاون خصوصی وزیر زادہ نے اپنے خطاب میں کہا ۔. کہ پاکستان ہمارے آباو اجداد کی قربانیوں کا ثمر ہے ۔ اور اس کے قیام میں تمام مذاہب کے لوگوں نے اپنی بساط کے مطابق قربانیاں دیں ۔ اس لئے پاکستان یہاں رہنے والے تمام کمیونٹیز کی جان ہے ۔ جس کی بقا کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا۔ کہ چترال میں کالاش اور مسلم کمیونٹی کا باہمی بھائی چارہ اور محبت پوری دنیا کیلئے ایک مثال ہے ۔ اور ہمیں اس محبت و اخوت کی قدر کرتے ہوئے کسی کو بھی فضا مکدر کرنے کی اجازت نہیں دینی چاہئیے ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ یہ چترال اور خصوصا کالاش قبیلے کیلئے فخر کی بات ہے ۔ کہ عمران خان کالاش کی پسماندگی کو دیکھتے ہوئے مخصوص سیٹ میں نمایندگی دی ۔ جبکہ تمام پارٹیوں میں ریزرو سیٹ ہوتے ہیں ۔ لیکن کسی نے بھی چترال کو اس کے قابل نہیں سمجھا ۔ یہی نہیں عمران خان نے پہلے بھی صوبائی مخصوص سیٹ اور اب سینٹ کی نشست بھی چترال کو دے دی ہے ۔ جو کہ اس کی چترال سے دلی محبت کا ثبوت ہے ۔

انہوں نے کہا ۔ کہ چترال کے لوگ احسان فراموش نہیں ہیں ۔ انہوں نے جب ذوالفقار علی بھٹو اور پرویز مشرف کے احسانات کو نہیں بھولے ۔ تو تحریک انصاف کی محبت کو بھی نہیں بھولیں گے ۔ انہوں نےکہا کہ میں چترال کا بیٹا ہوں اور ان کے تمام مسائل سے خصوصی طور پر آگاہ ہوں ۔ یہی وجہ ہے ۔ کہ میں دن رات اپنے علاقے کی خدمت کیلئے مستعد ہوں۔ اور اسے اپنا فرض سمجھتا ہوں ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ کالاش ویلی کے بالائی سیاحتی علاقوں تک رسائی کیلئے سڑکیں تعمیر کی جائیں گی ۔ جس میں اچھولگا ، رمبور گنگال وت، ساروزجال اور شیخاندہ تا اوستوئے رابطہ سڑکیں شامل ہیں ۔ اسی طرح ایون کالاش ویلیز روڈ کیلئے دو ارب روپے منظور ہو چکے ہیں ۔ زمینات کے سروے کے بعد سیکشن فور لگایا جائے گا ۔ جس کیلئے لیٹر جاری کیا گیا ہے ۔ جو کہ تعمیری کام کا ایک طریقہ کار ہے ۔ جس پر کام کا آغاز ہو چکا ہے۔ انشا اللہ چھ مہینے کے اندر یہ پراسس مکمل ہو گا ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ یہ تقریبا سات ارب کا میگا پراجیکٹ ہے ۔ اور اس منصوبے کی تعمیر کے بعد عوام بہت بڑی تبدیلی محسوس کریں گے ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت سیاحت کو ترقی دینے کیلئے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے ۔ اس سے پہلے کسی بھی حکومت نے اس کی طرف توجہ نہیں دی ۔


وزیر زادہ نے کہا ۔ کہ مساجد ، عیدگاہوں ، قبرستانوں اور کالاش مذہبی مقامات کی تعمیر کیلئے جتنا فنڈ موجودہ وزیر اعلی نے دیا ہے ۔ اس کی کوئی مثال ماضی میں نہیں ملتی ۔ اور سب کام برابری کی بنیاد پر کئے جارہے ہیں ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ میں آپ کا بیٹا ہوں ۔ جو بھی مسائل درپیش ہیں ۔ بلا کسی جھجک کے مجھے بتا سکتے ہیں۔ انہوں نے نوجوانوں سے کہا ۔ کہ پلے گراونڈ کیلئے ایک کروڑ روپے کا فنڈ موجود ہے ۔ تاہم ان کی کوشش ہے ۔ دو مزید پلے گراونڈ تعمیر کئے جائیں ۔ وزیر زادہ نے شاندار پروگرام منعقد کرنے پر لوک رحمت اور اس کی ٹیم کا شکریہ ادا کیا ۔

chiraltimes kalash independence day calebration 4


قبل ازین مہمانوں نے اپنے خطاب میں کہا ۔ کہ ان کو کالاش ویلی میں یوم آزادی کی یہ تقریب ہمیشہ یاد رہے گا ۔ اور وہ مسلمانوں اور کالاش قبیلے کے باہمی اخوت و محبت سے بہت متاثر ہیں ۔ پروگرام کے دوران کوئز مقابلہ بھی کرایا گیا ۔ جس میں کئی طلباء اور طالبات کو انعامات دیے گئے ۔ پروگرام کے اختتام پر لوک رحمت نے تمام حاضرین کا شکریہ ادا کیا ۔ قبل ازین گورنمنٹ ہائی سکول بمبوریت میں بھی یوم آزادی کی شاندار تقریب ہوئی ۔

chiraltimes kalash independence day calebration 2
chiraltimes kalash independence day calebration 3

شیئر کریں: