Chitral Times

Apr 24, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

وزیراعظم نے بین الاقوامی فورمز پرکشمیر کا مقدمہ جس انداز میں اٹھایا اسکی ماضی میں مثال نہیں ملتی۔وزیراعلیٰ

شیئر کریں:

وزیراعظم نے بین الاقوامی فورمز پرکشمیر کا مقدمہ جس انداز میں اٹھایا اسکی ماضی میں مثال نہیں ملتی۔وزیراعلیٰ


پشاور ( چترال ٹائمز رپورٹ )صوبائی دارالحکومت پشاور میں جمعرات کے روز یوم استحصال کشمیر کے حوالے سے ایک ریلی کا انعقاد کیا گیا جس کیقیادتوزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمودخان نے کی ۔ صوبائی کابینہ اراکین تیمور سلیم جھگڑا، کامران بنگش، رکن صوبائی اسمبلی ملک واجدکے علاوہ سرکاری حکام ، سماجی شخصیات اور طلبہ کی کثیر تعدادنے ریلی میں شرکت کی۔ ریلی کے شرکاءنے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر کشمیر کے عوام کے ساتھ یکجہتی اور بھارت کے غیر قانونی اقدام اور ظلم وتشدد کے خلاف نعرے درج تھے۔

ریلی کے شرکاءنے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کے خاتمے کے بھارتی اقدام کی پر زور مذمت کی۔اس سلسلے میں یہاں سے جاری اپنے ایک بیان میں وزیراعلیٰ محمود خان نے کہا ہے کہ کشمیری عوام گزشتہ سات دہائیوں سے بھارت کی ریاستی دہشتگردی کا شکار ہےں ۔ فاشسٹ بھارت نے اس عرصہ کے دوران کشمیری عوام کو حق خود ارادیت سے محروم رکھنے کے لئے ظلم کی انتہا کردی ہے۔ بھارتی حکومت نے دو سال قبل مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کا خاتمہ کرکے کشمیری عوام پر ظلم و ستم کی ایک نئی داستان کا آغاز کیا، جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔

وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ کشمیری عوام کو گزشتہ دو سالوں سے بھارت کی طرف سے بدترین ریاستی دہشتگردی اور سخت ترین لاک ڈاو ن کا سامنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ کشمیری عوام پر ظلم و تشدد کی بھر پور مذمت کرتے ہےں اور ان کے حق خود ارادیت کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی سطح پر حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کشمیری عوام کی آزادی کی جدوجہد کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ نہتے کشمیری عوام بھارتی ظلم و جبرکے سامنے سینہ سپر ہیں ان کی ہمت و حوصلے پہاڑوں سے بھی بلند ہےں۔ بین الاقوامی طاقتوں ، اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی علمبردار تنظیموں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ کشمیری عوام کی آواز بنیں، بھارت کے فاشسٹ حکمرانوں کے ظلم کے خلاف نتیجہ خیز اقدامات اٹھائے اور کشمیری عوام کو ان کی مرضی سے جینے کا حق دیا جائے ، جو بنیادی انسانی حقوق میں شامل ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے متعدد بین الاقوامی فورمز پر کشمیر کا مقدمہ جس انداز میں اٹھایا ہے اس کی ماضی میں مثال نہیں ملتی۔ عمران خان نے بھارت کی انسانیت سو ز کاروائیوں سے پردہ اٹھایا ہے اورمقبوضہ کشمیر کی نازک صورتحال کو اجاگر کیا ہے۔
<><><><><><><>

وزیراعلیٰ کی زیر صدارت جنوبی اضلاع کے اراکین صوبائی اسمبلی کے ساتھ ایک اہم اجلاس

پشاور ( چترال ٹائمز رپورٹ ) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کی زیر صدارت جنوبی اضلاع کے اراکین صوبائی اسمبلی کے ساتھ ایک اہم اجلاس جمعرات کے روز وزیراعلیٰ ہاو س پشاور میں منعقد ہوا ۔ اجلاس میں مذکورہ اضلاع میں عوام کو درپیش مسائل کے حل کے لئے گزشتہ اجلاس میں کئے گئے فیصلوں پر پیشرفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ۔ اس سلسلے میں اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایاگیا کہ جنوبی اضلاع کے مختلف شعبوں میں اہم نوعیت کے 37 عوامی مسائل کی نشاندہی کی گئی تھی جن کو حل کرنے کے لئے وزیراعلیٰ کی طرف سے موقع پر متعلقہ حکام کو ضروری اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی گئی تھی جس کے نتیجے میں اب تک بار ہ اہم عوامی مسئلے حل کئے گئے ہیں اور باقی مسائل پر ٹائم لائنز کے مطابق پیشرفت جاری ہے۔ منتخب عوامی نمائندوں نے عوامی مسائل کے حل کے لئے پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعلیٰ کا شکریہ ادا کیا اورکہا کہ اس طرح کے اجلاسوں کی وجہ سے مسائل کے حل اور ترقیاتی سرگرمیوں میں نمایا ں تیزی آئی ہے ۔

صوبائی وزیر شاہ محمد وزیراور وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی ظہور شاکر کے علاوہ جنوبی اضلاع سے تعلق رکھنے والے اراکین صوبائی اسمبلی ، متعلقہ محکموں کے انتظامی سیکرٹریز ، متعلقہ کمشنرزاور دیگر متعلقہ محکموں کے اعلیٰ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔ وزیراعلیٰ نے ریجن میں تمام جاری منصوبوں کو بروقت مکمل کرنے اور ترقیاتی کاموں کا معیار یقینی بنانے کی ہدایت کر تے ہوئے کہا کہ اصل مقصد عوام کو درپیش مسائل کا دیر پا حل نکالنا اور انہیں سہولیات فراہم کرنا ہے،جس کے لئے تمام متعلقہ محکموں کو جاری منصوبوں کی تکمیل کے لئے سنجیدہ اقدامات کرنا ہوں گے۔ انہوں نے خصوصی طور پرصحت ، تعلیم اور آبنوشی کے منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے کی ضرورت پر زور دیا اورمتعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ دو آبہ ہسپتال سمیت دیگر صحت کی سہولیات کو فعال بنانے کے لئے عملی اقدامات اٹھائے جائیں۔

وزیراعلیٰ نے سیکرٹریز صحت اور مواصلات و تعمیرات کوہدایت کی کہ وہ بلا تاخیر دوآبہ ہسپتال کا دورہ کرکے رپورٹ پیش کریں تاکہ ہسپتال کو عوام کی سہولت کے لئے فعال بنایا جا سکے۔ انہوں نے اس موقع پر تما م صوبائی محکموں کو ہدایت کی کہ مکمل شدہ عمارتوں کی ہینڈنگ ٹیکنک اوور کا عمل بغیر کسی تاخیر کے مکمل کیا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس سلسلے میں کسی قسم کی غفلت یا تاخیر کی گنجائش موجود نہیں ہے۔ انہوں نے نو تعمیر شدہ ہنگو جیل کی عمارت کی ہینڈنگ اور ٹیکنگ اوور ایک ماہ کے اندر یقینی بنانے کی ہدایت کی اور کہا کہ وہ جیل کا باضابطہ افتتاح کریں گے جس کے لئے تیاریاں مکمل ہونی چاہئیں۔

وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہنگو یونیورسٹی کی عمارت کی تعمیر کے منصوبے پر پیشرفت تیز کرنے اور منصوبے کا پی سی ون اور فیزبیلیٹی سٹڈی جلدتیار کرنے کی ہدایت کی ۔وزیراعلیٰ نے ہنگو کے سرکاری کالجوں میں سٹاف کی دستیابی یقینی بنانے کے لئے ضروری اقدامات مکمل کرنے کی ہدایت کی اور واضح کیا کہ وہ تمام پروفیسرز یا لیکچرار جو ڈیپوٹیشن پر دوسرے محکموں میں کام کر رہے ہیں انہیں واپس بلایا جائے تاکہ انہیں سرکاری اعلیٰ تعلیمی اداروں میں خالی آسامیوں پر تعینات کیا جا سکے۔

انہوں نے مزید برآں تمام محکموں کے اعلیٰ حکام کو ہدایت کی کہ ایک ہی پوسٹ پر دو سالوں سے تعینات ملازمین کے تبادلوں وتعیناتیوں کے حوالے سے حکومت کی پالیسی پر عملدرآمد کے حوالے سے تحریر ی رپورٹ پیش کی جائے۔ وزیراعلیٰ نے ڈیرہ اسماعیل خان شہر میں تجاوزات کے خاتمے کے لئے اقدامات کی ہدایت کی۔ انہوں نے واضح کیا کہ صوبے کے تمام اضلاع میں تجاوزات کے خلاف جاری اقدامات کو مزید مو ¿ثر بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ شہروں میں تجاوزات کاہر صورت خاتمہ کرنا ہے۔ وزیراعلیٰ نے ڈی آئی خان میں دارالامان کے قیام کی ضرورت سے اتفاق کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ اسے دارالامانوں کے قیام کے لئے پہلے سے موجود اسکیم میں ڈالا جائے۔

انہوں نے ہنگو میں پبلک پارک کی تعمیر کے لئے زمین کی نشاندہی یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی ۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبائی حکومت ہر ضلع میں دو پبلک پارک بنانے جارہی ہے، جس کے لئے کمشنرز زمین کی نشاندہی کا عمل جلد مکمل کرےں۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر سکولوں کی مرمت و بحالی کے منصوبے پر پیشرفت تیز کرنے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے جنوبی اضلاع کے پانی کی قلت والے علاقوں کو پینے کا صاف پانی فراہم کرنے کے لئے مجوزہ اسکیموں پر مرحلہ وار عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی اور کہا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ آئندہ دو سالوں میں جنوبی اضلاع میں پانی کا مسئلہ حل کرلیا جائے۔

chitraltimes cm kpk chaired southern district development meeting

شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged , ,
51177