Chitral Times

Sep 18, 2021

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

پاک افغان بارڈر آرندو میں افغان آرمی کے پانچ افسران سمیت چھیالیس فوجیوں کو پناہ دیدی گئی

شیئر کریں:

چترال ( نمائندہ چترال ٹائمز) پاکستان نے افغان نیشنل آرمی کے پانچ افسروں سمیت چھیالیس فوجیوں کو پناہ دیدی۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق چترال ارندو سیکٹرکے پاس تعینات افغان آرمی کے کمانڈر نے پناہ لینے کیلئے پاک فوج سے رابطہ کیا۔ یہ افغان سپاہی پاک افغان بین الاقوامی سرحد پر واقع اپنی چوکی پر مزید قبضہ جاری رکھنے کے قابل نہیں رہے تھے،لہذا ان 5 افسران سمیت 46 افغان فوجیوں کو پاکستان میں پناہ اورمحفوظ راستہ دیا گیا۔ جس کے بعد 46 فوجی چترال ارندو سیکٹر پہنچے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان پہنچنے والے افغان فوجیوں کو خوراک، شیلٹر اور طبی امداد فراہم کی گئی، پاک آرمی نے معلومات اورضروری کارروائی کیلئے افغان آرمی سے رابطہ کیا ہے، افغان فوجیوں کو قانونی عمل سے گزار کر افغان حکام کے حوالے کر دیا جائے گا۔

زرائع کے مطابق افغان طالبان نے آرندو سے ملحقہ افغان علاقے پر قبضہ جمالیا ہے ۔ اور گزشتہ رات تقریبادس چوکیوں پر قبضہ کرنے کے بعد وہیں پر اپنا پرچم بھی لہرا دیا ہے ۔


شیئر کریں: