Chitral Times

Mar 29, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

آغاخان مڈل سکول شیراندور سہت کی افتتاحی تقریب- تحریر: سردار علی سردارؔ

شیئر کریں:

آغاخان مڈل سکول شیراندور سہت کی افتتاحی تقریب- تحریر: سردار علی سردارؔ

آغاخان پرائمری سکول سہت بالا موڑکہو  1987ء سے  قائم ہے جہاں بہت سے طلبہ و طالبات دور دور سے یہاں  اکر AKES کی طرف سے اچھے خاصے اور مستند اساتذہ کی زیرِ نگرانی میں اپنی پرائمری تعلیم حاصل کرتے آرہے ہیں ۔گوکہ یہ سکول علاقے میں بچّوں کی  بنیادی تعلیم میں ایک اہم کردار ادا کرتا آرہا ہے لیکن پرائمری تعلیم کے بعد مڈل سکول میں  داخلہ لینے کے لئے  انہیں لمبی مسافت طے کرتے ہوئے گورنمنٹ یا  پرائیویٹ سکولوں کا رُخ کرنا پڑتاہے  جس سے ان کی تعلیمی کیرئیر  میں خلل آنے  کے رجحانات زیادہ ہوتی ہیں کیونکہ انہیں AKES سکول جیسا ماحول اور  نظامِ تعلیم میسر نہیں ہوتا۔

اس مقصد کے حصول کے لئے سہت کے عوام نے شروع ہی سے سکول کی ( (Up gradationکے لئے ماضی میں بھی   ادارے سے  وقتاََفوقتاََ رابطہ کرکے اپنی درخواستیں اور قراداد  دے چکے تھےلیکن علاقائی مجبوریوں اور وسائل کی عدم دستیابی کی بنا  پر اُن کی شنوائی ابھی تک نہیں ہوسکی تھی  تاہم سہت کے علم دوست عوام نے  اپنی مسلسل محنت اور کوشش  کو جاری رکھنے میں کوئی کسر باقی نہیں رکھی جس کے نتیجے میں اُن کی یہ محنت اور کوشش آخر کار رنگ لائی  بقولِ  ڈاکٹر محمد اقبالؒ

خدا نے آج تک اس قوم کی حالت نہیں بدلی

نہ ہو جس کو خیال آپ اپنی حالت کے  بدلنے کا

سہت کےغیور عوام نے وقت  کی ضرورت  اور مریٹوکریسی کی اہمیت کو  مدِ نظر رکھتے ہوئے  اپنے بچّوں کو  بہتر تعلیم دلانے  کی خاطر  سکول کی (Up gradation)  کے لئے  شب وروز محنت کی۔ عوام کی محنت کو  مذید حوصلہ دینے کے لئے لوکل اور ریجنل کونسلات کے صدور صاحبان نے بھی گاہے بگاہے انہیں اپنی قیمتی مشوروں اور  ہدایات سے نوازتے رہیں۔خاص طور پر ریجنل کونسل کے صدر محترم  امتیاز عالم نے اپنی قائدانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے عوام کے دیرینہ مطالبے کو منطقی انجام تک پہنچانے میں اپنا مثبت کردار  ادا کیا جس کے نتیجے میں  آج شیراندور سہت پائیں میں آغاخان مڈل سکول کا قیام عمل میں آیا۔اس اہم کام کو عملی جامہ پہنانے پر سہت کے تمام عوام محترم امتیاز عالم  صدر نامدار ریجنل کونسل اپر چترال کا  تہ دل سے شکریہ  ادا کرتے ہیں کہ ان کی بھر پور تعاون اور کوشش سے ایک ناممکن کام ممکن میں بدل گیا ۔

بارہ جولائی 2021 ء  کی تاریخ  اُن کے لئے اور ان کی پوری اولاد کے لئے  ایک  ناقابلِ فراموش اور یادگار   دن رہے گا کہ اس دن  اپر چترال بونی RSDU (ریجنل سکول ڈیولپمنٹ یونٹ) کے ہیڈ محترم تاج الملک اپنے دیگر رفقاء کی معیت میں سہت پائین تشریف لائیں اور کمیونٹی کی طرف سے تعمیر شدہ تین کمروں پر مشتمل آغاخان مڈل سکول شیراندور کا باقائدہ  افتتاح کیا۔اس کے بعد ایک چھوٹی سی تقریب منعقد ہوئی جس میںAKES کے عملے کے علاوہ علاقہ سہت کے عمائدین ،اکابرین ،سکول کے بچے اور ان کے والدین بھی شریک تھے۔تقریب کی  ابتدا  قرآن پاک کی  تلاوت  سے کی گئی جس کو  قاری محمد ولی نے  ادا کی۔تلاوت کے بعد سکول انتظامیہ کی طرف سے ہیڈ ٹیچر  محترم جماعتی خان نے سکول کے نظم و ضبط کو بیان کرتے ہوئے معزز مہمان اور دیگر اکابرین  کا  تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔ اس  کے بعد  الواعظ سردار علی سردارؔ نے علم کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے  AKES انتظامیہ  کی مدد اور تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی تائید شامل حال نہ ہوتی  تو مڈل سکول کا قیام عمل میں  انا محض ایک خواب تھا۔

انہوں نے علاقے کے  اُن بےلوث خدمت کرنے والے ممبرز کی انتھک کوششوں اور محنت کو بھی حراجِ تحسین پیش کیا جنہوں نے لیڈرشیپ سے بار بار ملاقات کرتے ہوئے آغاخان سکول کے قیام کو عملی جامہ پہنانے  میں بھر پور کوشش کی۔ تقریب میں ریٹائرڈ حوالدار شیر ولی خان بھی موجود تھے جن کی صاف گوئی اور سماجی خدمات کو کبھی بھی فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے تعلیم کے لئے ہز ہائی نس  پرنس کریم آغاخان کے وژن کو سراہتے ہوئے آغاخان مڈل سکول شیراندور کو اپنے  لئے   اور پوری قوم کے لئے رحمت اور نیک شگون قرار دیا ۔ انہوں نے بچوّں کو محنت  کرنے اور دل لگاکر پڑھنے اور اپنا مقام حاصل کرنے پر  بھی بہت زور دیا ۔ اسطرح RSDU کے ہیڈ محترم تاج الملک نے  اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے فرمایا کہ درحقیقت  AKES   اپنے منشور کو عمل میں لانے کے لئے  صرف  رہنمائی فراہم کرتا ہے  اور راہ  دیکھاتا ہے  جس پر چل کر عوام  اور والدین   دونوں اپنے مطلوبہ  مقصد کے حصول کے لئے اپنا کردار  ادا کرتے ہیں۔ جس کے بغیر کوئی کام حل نہیں ہوسکتا ۔ اپنی گفتگو کو آگے بڑھاتے ہوئے آپ نے کہا کہ یہ شروعات ہے آئندہ اس سے بھی زیادہ کام کرنے کی ضرورت ہے تاکہ مستقبل میں آنے والی نسل کے لئے معیاری تعلیم کا نظام ٍ اسی علاقے میں  ہی دستیاب ہو۔

مختصر یہ کہ آغاخان مڈل سکول شیراندور  میں ہونے ولی یہ سادہ مگر پرُوقار  علمی تقریب چند دعائیہ کلمات کے ساتھ اپنے اختتام کو پہنچی۔تقریب کے آخیر میں مہمانوں اور دیگر اکابرین کے لئے لائیٹ ریفریشمنٹ کا بندوبست بھی کیا گیا تھا اس کے بعد والدین اپنے نونہال بچّوں کو اچھی تعلیم کے حصول کے لئے اساتذہ کے حوالےکرتے ہوئے  رخصت ہوگئے۔

7dcc5052 648f 4698 8f46 25de88e09b95

شیئر کریں: