Chitral Times

Apr 24, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

چیف سیکرٹری کی عیدالضحی کے موقع پر کورونا کی چوتھی لہر کے پیش نظر متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت

شیئر کریں:

چیف سیکرٹری کی عیدالضحی کے موقع پر کورونا کی چوتھی لہر کے پیش نظر متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت۔

خیبر پختونخوا میں کورونا وائرس کی برطانوی، جنوبی افریقی اور انڈیا کے اقسام کی تصدیق۔
مویشی منڈیوں سمیت پبلک ٹرانسپورٹ اور دیگر مقامات پر کورونا ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے، ڈاکٹر کاظم نیاز
چیف سیکرٹری کی عوام کو کورونا کی تیسری لہر کی طرح عیدالضحی کے موقع پر بھی احتیاطی تدابیر پر عمل کی اپیل۔


پشاور (چترال ٹائمز رپورٹ) چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا ڈاکٹر کاظم نیاز نے کورونا کیسز کی مثبت شرح میں اضافے اور ممکنہ چوتھی لہر پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ متعلقہ ادارے عیدالضحی پر کورونا کی احتیاطی تدابیر پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔ یہ ہدایات چیف سیکرٹری ڈاکٹر کاظم نیاز نے کورونا کی ممکنہ چوتھی لہر کی روک تھام اور احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد بارے میں منعقدہ اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیں۔ اجلاس میں صحت، بلدیات، ٹرانسپورٹ اور محکمہ اطلاعات کے سیکرٹریز سمیت دیگر متعلقہ حکام نے بھی شرکت کی۔ انتظامی سیکرٹریز نے اجلاس کو عیدالضحی کے سلسلے میں اٹھائے گئے اقدامات کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ پشاور میں کیسز کی مثبت شرح بڑھ رہی ہیں۔ اور خیبر پختونخوا میں کورونا وائرس کی برطانوی، جنوبی افریقی اور انڈیا کی اقسام کی تصدیق بھی ہوئی ہے۔  چیف سیکرٹری نے کہا کہ عیدالضحی پر کورونا کی چوتھی لہر بھی سر اٹھا سکتی ہے اس لئے پیشگی اقدامات اور احتیاطی تدابیر پر سختی سے عملدرآمد کرکے چوتھی لہر کی روک تھام کرنا ہوگی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ عیدالضحی پر تمام متعلقہ ادارے کورونا ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنائیں اور اس سلسلے میں آنے والے ہفتے کو کورونا ایس او پیز پر عمل درآمد اور آگہی کے طور پر منایا جائیگا۔ کمشنرز اور ضلعی انتظامیہ بازاروں، عوامی مقامات، پبلک ٹرانسپورٹ اور مساجد میں ایس او پیز پر عمل درآمد کے لئے ٹھوس اقدامات اٹھائیں۔ چیف سیکرٹری ڈاکٹر کاظم نیاز نے کہا کہ عوام تیسری لہر کی طرح عیدالضحی کے موقع پر بھی احتیاطی تدابیر پر عمل کرکے حکومت کا ساتھ دیں۔ اگر کورونا کیسز دوبارہ بڑھنے لگے تو معاشی سرگرمیاں اور سیاحتی شعبے کو بند کرنے جیسے مشکل فیصلے لینے پڑے گے۔ چیف سیکرٹری نے عوام سے اپیل کی کہ وہ احتیاطی تدابیر کو اپنائیں اور کورونا ویکسین لگوائیں   تاکہ اس وباء سے بچا جا سکے۔  اجلاس کو بتایا گیا کہ محکمہ بلدیات نے صوبے بھر میں 142 مویشی منڈیوں قائم کی ہیں۔ قربانی کے جانوروں کی آلائشوں کو ٹھکانے لگانے کے لئے شہریوں میں بیگز تقسیم کئے جا رہے ہیں۔ چیف سیکرٹری نے ہدایت دی کہ مویشی منڈیوں میں کورونا ایس او پیز پر عمل درآمد یقینی بنانے سمیت قربانی کے جانوروں کی آلائشوں کو ٹھکانے لگانے کے لئے صفائی کا عملہ بھر وقت اقدامات اٹھائے۔ شہری آلائشوں کو محکمہ بلدیات کی طرف مقررہ مخصوص جگہوں پر رکھیں تاکہ آلائشوں کو ٹھکانے لگانے میں آسانی ہو۔اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ عیدالضحی پر صفائی عملے کی چھٹیاں منسوخ کی گئی ہیں۔ عید قرباں منانے کے لئے شہریوں کے اپنے آبائی علاقوں کو جانے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے چیف سیکرٹری ڈاکٹر کاظم نیاز نے ہدایت کی کہ محکمہ ٹرانسپورٹ عیدالضحی کے موقع پر صوبہ بھر میں پبلک ٹرانسپورٹ میں ایس او پیز پر عمل درآمد سختی سے یقینی بنائے۔پبلک ٹرانسپورٹ میں 70 فیصد سے زیادہ سواریوں کی اجازت نہ دی جائے۔ اور خلاف ورزی کرنے پر پبلک ٹرانسپورٹ کے خلاف سخت ایکشن لئے جائیں۔ انہوں نے عوام کو خبردار کیا کہ چوتھی لہر کے دوران بے احتیاطی ہمیں گمبھیر حالات کی طرف دھکیل سکتی ہے اس لئے ضروری ہے کہ عوام ایس اوپیز پر عمل کرکے ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیں۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged , ,
50138