Chitral Times

Apr 19, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

محکمہ خزانہ نے تنخواہوں اور الاؤنسز میں اضافے کا اعلامیہ جاری کر دیا

شیئر کریں:

محکمہ خزانہ نے تنخواہوں اور الاؤنسز میں اضافے کا اعلامیہ جاری کر دیا

پشاو ر(چترال ٹائمز رپورٹ) خیبرپختونخوا حکومت نے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور الاؤنسز میں اضافے کا اعلامیہ جاری کر دیا ہے۔ صوبے کے تمام ملازمین کو جاری بنیادی تنخواہ پر 10 فیصد ایڈہاک ریلیف الاؤنس دیا جائے۔ محکمہ تعلیم کے لئے ٹیچنگ الاؤنس، پولیس کے لیے رسک الاؤنس اور نرسز و پیرا میڈیکس کے ہیلتھ پروفیشنل الاؤنس میں 50 فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔ تنخواہوں اور الاؤنسز میں یہ اضافہ رواں ماہ کی تنخواہ میں ملے گا۔ محکمہ خزانہ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق صوبے کے تمام سرکاری ملازمین کو یکم جولائی سے 2017 کے بیسک پے سکیل کے مطابق جاری بنیادی تنخواہ پر 10 فیصد ایڈہاک ریلیف الاؤنس ملے گا۔

ایڈہاک ریلیف الاؤنس کا اطلاق یکم جولائی سے ہوگا۔ اسی طرح تمام صوبائی سرکاری ملازمین کے ہاؤس رینٹ الاؤنس میں کم از کم 50 فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔ جس کا اطلاق یکم جون سے ہوگا۔ ہاؤسنگ سبسڈی نئے بھرتی ہونے والے ملازمین کو نہیں ملے گی۔ محکمہ خزانہ کی جانب سے جاری ایک اور اعلامیے کے مطابق خیبرپختونخوا حکومت کے تحت کام کرنے والے پاکستان ایڈمنسٹریٹیو سروسز، پروونشل منیجمنٹ سروسز اور پی سی ایس کو ایگزیکٹو الاؤنس اب جاری بنیادی تنخواہ پر ملے گا جو کہ بنیادی تنخواہ کا 150 فیصد ہوگا۔ اسی طرح ایگزیکٹو الاؤنس کے لیے شیڈول پوسٹ پر تعیناتی کی شرط بھی ختم کر دی گئی ہے۔

گریڈ 17 اور زائد کے تمام صوبائی آئی ٹی افسران کو ماہانہ بنیادوں پر ایک بنیادی تنخواہ کے برابر آئی ٹی پروفیشنل الاؤنس ملے گا۔ اس اضافے کا اطلاق یکم جولائی سے ہو گا۔ یکم جولائی سے محکمہ مائن اینڈ منرلز کے انجنئیرز کو 2017 کی بنیادی تنخواہ کا 150 فیصد ٹیکنیکل الاؤنس ملے گا۔ اس سے قبل ورکس اینڈ کمونیکیشن، پبلک ہیلتھ انجینئرنگ اور محکمہ بلدیات کے انجینئرز کو یہ الاؤنس مل رہا تھا۔ محکمہ خزانے کے اعلامیہ کے مطابق نرسز اور پیرا میڈیکس کا ہیلتھ پروفیشنل الاؤنس 10 ہزار سے بڑھا کر 15 ہزار روپے ماہانہ کر دیا گیا ہے۔

گریڈ 1 سے 6 تک کے تمام صوبائی ملازمین چاہے وہ کسی بھی عہدے پر کام کر رہے ہوں کو واشنگ، ڈریس اور انٹیگریٹڈ الاؤنس کی مد میں مجموعی طور پر ماہانہ 2 ہزار 6 سو روپے ملیں گے۔ اس سے قبل ان تینوں الاؤنسز کو ملا کر مجموعی طور 750 روپے ماہانہ بنتے تھے۔ ایک اور اعلامیے کے مطابق گریڈ 7 سے 16 کے سرکاری ملازمین جو کوئی الاؤنس نہیں لے رہے کو اسپیشل الاؤنس کی مد میں ماہانہ 3 ہزار 5 سو روپے ملیں گے۔ اسی طرح رسک الاؤنس میں بھی حکومت کی جانب سے 63 فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔

گریڈ 7 سے گریڈ 16 تک کے یونیفارم پولیس اہلکاروں جس میں کانسٹیبل، ہیڈ کانسٹیبل، اسسٹنٹ سب انسپکٹر، سب انسپکٹر اور انسپکٹر شامل ہیں کو رسک الاؤنس کی مد میں 2017 کی بنیادی تنخواہ پر 20 فیصد اضافہ یکم جولائی سے ملے گا۔ محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم، اعلیٰ تعلیم اور تکنیکی تعلیم کے تمام اساتذہ کو یکم جون سے 2017 کی بنیادی تنخواہ پر 20 فیصد ٹیچنگ الاؤنس ملے گا۔ محکمہ خزانہ کی جانب سے تنخواہ میں اضافے سے رہ جانے والے ملازمین اور محکموں کے لیے شکایات ازالہ کمیٹی بنائی گئی ہے جو کہ ان کیسز کا جائزہ لے گی۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
50093