Chitral Times

Apr 24, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

وزیراعلیٰ کے زیر صدارت خیبرپختونخوااربن موبیلیٹی اتھارٹی کے بورڈکا بارہواں اجلاس

شیئر کریں:

وزیراعلیٰ کے زیر صدارت خیبرپختونخوااربن موبیلیٹی اتھارٹی کے بورڈکا بارہواں اجلاس

پشاور ( چترال ٹائمز رپورٹ ) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کی زیر صدارت خیبرپختونخوااربن موبیلیٹی اتھارٹی کے بورڈکا بارہواں اجلاس جمعرات کے روز وزیراعلیٰ ہاو س پشاور میں منعقدہوا۔ صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ ملک شاہ محمد وزیر اور رکن صوبائی اسمبلی آصف خان کے علاوہ ایڈیشنل چیف سیکرٹری شہاب علی شاہ ، وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری امجد علی اور بورڈ کے دیگر اراکین نے اجلاس میں شرکت کی۔


اجلاس میں بورڈ کے سابقہ اجلاس کے فیصلوں پر عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا اور بعض نئے امور کی منظوری دی گئی۔ اجلاس کو بورڈ کے گیارہویں اجلاس میں کئے گئے فیصلوں پر عملدرآمد کی پیشرفت کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایاگیا کہ بی آرٹی بسوں کے لئے روٹ پرمٹس فیس اسٹرکچر کا اعلامیہ جاری کیا جاچکا ہے جو حکومت خیبرپختونخوا کے گزٹ میں شائع بھی ہو چکا ہے۔ اسی طرح ٹرانس پشاور افسران کی بطور ٹرانزٹ کمپلائنس آفیسر (ٹی سی او) نامزدگی کا اعلامیہ بھی جاری کیا جا چکا ہے ،جو سرکاری گزٹ کا حصہ ہے۔ اربن موبیلٹی اتھارٹی کی عمارت کا رینٹ اسسمنٹ بھی مکمل کیا گیا ہے ۔ سابقہ اجلاس کے فیصلے کے مطابق اربن موبیلیٹی اتھارٹی میں خالی آسامیوں پر بھرتی کے لئے کوالیفیکیشن اور اہلیت کے معیار کو آسان بناکر ایٹا کو پیش کیا گیا ہے، جس کے مطابق آسامیاں ایٹا کی طرف سے مشتہر کی گئیں اور امیدواروں کی شارٹ لسٹنگ اور سکریننگ کا عمل شروع ہے۔ علاوہ ازیں اجلاس میں اتھارٹی کے بجٹ برائے مالی سال 2021-22 کے بجٹ کی بھی منظوری دے دی ہے ۔


بجٹ کا تخمینہ 204.26 ملین روپے ہے۔ بورڈ نے مزید ہدایت کی کہ اتھارٹی کی فنانس کمیٹی میں محکمہ خزانہ کا نمائندہ شامل کیا جائے ۔ اجلاس میں اتھارٹی کے ہیومن ریسورس اور فنانشل رولز کے مسودات سے اتفاق کیا اور ان رولز کی محکمہ قانون سے جانچ پڑتا ل کے بعد منظوری کے لئے صوبائی کابینہ کے اجلاس میں پیش کرنے کی ہدایت کی گئی۔ اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ نئے منصوبوں کے تحت صوبے کے تین شہروں مینگورہ ، ایبٹ آباد اور پشاور کے لئے اربن موبیلیٹی پلانز تیار کئے جائیں گے۔ منصوبوں کا پی سی ٹو محکمہ منصوبہ بندی و ترقیات کو پیش کردیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں دیگر شہروں کے لئے ماس ٹرانزٹ پلانز کی ڈویلپمنٹ کے لئے کانسیپٹ پیپر تیار کرلیاگیا ہے ۔ اجلاس نے مجوزہ منصوبوں سے اتفاق کرتے ہوئے ان منصوبوں پر مزید پیش رفت کی منظوری دے دی۔
<><><><><>

وزیراعلیٰ کا نوجوانوں کو روزگار دینے کیلئے فرانٹیر کانسٹیبلری میں پانچ پلاٹونز بھرتی کرنے کا اعلان


چترال (چترال ٹائمز رپورٹ ) ضلع بنوں کے جانی خیل قبیلے کے عمائدین پر مشتمل 40 رکنی ایک جرگے نے جمعرات کے روز وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان سے ملاقات کی اور علاقے کے لوگوں کو درپیش جملہ مسائل کے بارے میں وزیراعلیٰ کو تفصیل سے آگاہ کیا۔ صوبائی وزیر شاہ محمد وزیر کے علاوہ چیف سیکرٹری ڈاکٹر کاظم نیاز، انسپکٹر جنرل پولیس معظم جاہ انصاری، کمانڈنٹ فرانٹیر کانسٹیبلری صلاح الدین، ایڈیشنل چیف سیکرٹری شہاب علی شاہ ، کمشنر ، ریجنل پولیس آفیسر ، ڈپٹی کمشنر اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر بنوں بھی اس موقع پر موجود تھے ۔

جرگے سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے جانی خیل کے عوام کے تمام مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے ، علاقے میں امن و امان کو برقرار رکھنے اور علاقے کو تیز رفتار بنیادوں پر ترقی دینے کا یقین دلاتے ہوئے علاقے کیلئے دو ارب روپے کے خصوصی ترقیاتی پیکج کے علاوہ شکتو ڈیم کی تعمیر کیلئے بھی دو ارب روپے دینے کا اعلان کیا۔ وزیراعلیٰ نے علاقے کے نوجوانوں کو روزگار دینے کیلئے فرانٹیر کانسٹیبلری میں علاقے کے نوجوانوں پر مشتمل پانچ پلاٹونز بھرتی کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہاکہ بھرتی ہونے والے نوجوانوں کے تمام اخراجات صوبائی حکومت برداشت کرے گی ۔ اُنہوںنے متعلقہ حکام کو اس سلسلے میں جلد سے جلد ایک کیس تیار کرکے منظوری کیلئے پیش کرنے کی ہدایت کی ۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ نے جانی خیل میں پولیس اسٹیشن کی تعمیر کرنے کا بھی اعلان کیا۔

علاوہ ازیں وزیراعلیٰ نے ترجیحی بنیادوں پر علاقے میں ہسپتالوں ، تعلیمی اداروں ، سڑکوں اور دیگر ترقیاتی منصوبے شروع کرنے کی بھی یقین دہانی کی ۔ علاقے کی پائیدار بنیادوں پر ترقی کیلئے امن و امان کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے کہاکہ صوبائی حکومت علاقے میں مثالی امن کے قیام اور گارگٹ کلرز سمیت دیگر شر پسند عناصر کا قلع قمع کرنے کیلئے سنجیدہ اقدامات اُٹھا رہی ہے ۔ اُنہوںنے علاقے کے عمائدین پر زور دیا کہ وہ بھی اس سلسلے میں اپنا اہم کردار ادا کریں۔ وزیراعلیٰ نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ بعض عناصر اپنے سیاسی مقاصد کیلئے جانی خیل کے عوام کو حکومت کے خلاف اُکسانے کی کوشش کی لیکن جانی خیل باشعور عوام نے اُن کی کوششوں کو ناکام بنا دیا۔ محمود خان کا کہنا تھا کہ بحیثیت وزیراعلیٰ اُن کی خواہش اور کوشش ہے کہ صوبے کے کونے کونے میں امن اور ترقی ہو جس کیلئے نتیجہ خیز اقدامات کئے جارہے ہیں۔

وزیراعلیٰ کا مزید کہنا تھا کہ جانی خیل کے لوگوں کے ساتھ جو معاہدہ کیا گیا ہے ۔ صوبائی حکومت اُسی پر قائم ہے اور اُن سے جو وعدے کئے گئے ہیں وہ پورے کئے جائیں گے ، اُنہیں جانی خیل کے عوام کی تکالیف اور مسائل کا بھر پور احساس ہے اور اُن کے تمام جائز مسائل اُن کی خواہشات کے مطابق حل کئے جائیں گے ۔ وزیراعلیٰ نے کامیاب جرگے کے انعقاد پر جانی خیل کے عمائدین کا شکریہ ادا کیا اور اس سلسلے میں انتظامیہ کی کوششوں کی تعریف کی ۔ جانی خیل کے عمائدین نے جرگہ منعقد کرنے اور اُن کے مسائل سننے کیلئے وقت دینے پر وزیراعلیٰ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے علاقے میں امن کو برقرار رکھنے اور علاقے کی تعمیر و ترقی کیلئے حکومت کے ساتھ بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔

وزیراعلیٰ کے زیر صدارت

شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
50090