Chitral Times

Dec 7, 2023

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

امتحانات ہر صورت شیڈول کے مطابق ہونگے، طلباء تذبذب کا شکار نہ ہوں.وزیرتعلیم

شیئر کریں:

امتحانات ہر صورت شیڈول کے مطابق ہونگے، طلباء تذبذب کا شکار نہ ہوں، والدین اپنے بچوں کو امتحانات کی تیاری کروائیں۔صوبائی وزیر ابتدائی وثانوی تعلیم


پہلی سے آٹھویں جماعت کے طلباء کے سکول 12 جولائی سے کھل جائیں گے۔ صوبائی وزیر شہرام خان ترکئی


پشاور (چترال ٹائمز رپورٹ) خیبر پختونخوا کے وزیر برائے ابتدائی وثانوی تعلیم شہرام خان ترکئی نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں امتحانات مقررہ وقت پر ہوں گے۔ دسویں اور بارہویں جماعت کے امتحانات 10 جولائی سے شروع ہو نگے جبکہ عیدالاضحی کے فورا بعد نویں اور گیارہویں جماعت کے امتحانات منعقد کئے جائینگے طلباء وطالبات اس حوالے سے کسی بھی تذبذب کاشکارنہ ہوں والدین سے بھی درخواست ہے کہ وہ اپنے بچوں کو امتحانات کے لئے تیارکریں۔ان خیالات کااظہار انہوں نے اپنے دفتر میں منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیر تعلیم نے کہا کہ کورونا کی وجہ سے پوری دنیا متاثر ہوئی ہے اور سب سے زیادہ تعلیم کاشعبہ متاثر ہواہے محکمہ تعلیم کی کوشش ہے کہ کورونا کی وجہ سے درپیش نقصانات کا ازالہ کرکے بچوں کے محفوظ اور روشن مستقبل کویقینی بنایا جائے اس سلسلے میں موسم گرم کی چھٹیاں بھی کم کردی گئی ہے تاکہ کورونا کی وجہ سے بچوں کا جو قیمتی وقت ضائع ہوا ہے اسکا ازالہ کیا جاسکے۔

انہوں نے کہا کہ چند طلباء پچھلے سال کی طرح اس سال بھی بغیر امتحانات کے پروموٹ ہونے کے لئے احتجاج کررہے ہیں لیکن میں ان طلبا کو اور انکے والدین کو بتانا چاہتا ہوں کہ بغیر امتحانات کے پاس ہونے والے طلباء کی ڈگریوں کی کوئی وقعت نہیں ہوگی۔ وزیر تعلیم نے کہا کہ پہلی سے آٹھویں جماعت تک کی پڑھائی 12جولائی سے شروع ہوجائیگی پہلے ہفتے بھرپور داخلہ مہم چلایا جائیگا اس سلسلے میں اساتذہ والدین کیساتھ ملکر انکو اپنے بچے سکول میں داخل کرنے کے لئے ترغیب دیں گے اسکے علاوہ سکولوں میں بچوں کو کتابوں کی فراہمی سمیت شجرکاری مہم بھی چلائی جائیگی۔ شہرام خان ترکئی نے واضح کیاکہ امتحانات میں ان اساتذہ کی ڈیوٹیاں لگائی جائیگی جس نے کورونا ویکسین لگائی ہو۔

انہوں نے کہاکہ اب تک 80 فیصد اساتذہ اور دیگر معاون عملے کی ویکسنیشن کا عمل مکمل ہوچکا ہے جبکہ باقی اساتذہ کی ویکسنشن کاعمل بھی جاری ہے۔وزیرتعلیم نے مزید کہا کہ سرکاری سکولوں میں 11 سے 12 لاکھ تک بچوں کو فرنیچر کی فراہمی کے لئے ٹینڈر ہوگیا ہے رواں مالی سال فرنیچر کی فراہمی کے لئے تین ارب روپے رکھے گئے ہیں جس سے 95 فیصد بچوں کو فرنیچر کی فراہمی یقینی ہوجائیگی۔ وزیر تعلیم نے کہا کہ اساتذہ کے تبادلوں میں شفافیت یقینی بنانے کے لئے ای ٹرانسفرپالیسی متعارف کی گئی ہے اب اساتذہ کو سفارش اور دفاتر کے چکرنہیں کاٹنا پڑیں گے۔اسکے علاوہ سکولوں میں سیکنڈ شفٹ شروع کرنے کے لئے تمام تر تیاریا ں آخری مراحل میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ سکولوں میں تین ہزار سکول لیڈرز بھرتی کئے جائینگے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ بچوں کو بھاری بھر کم سکول بیگ سے نجات دلانے کے لئے سکول بیگ ویٹ لمیٹیشن قانون متعارف کیا گیا ہے جسکا باقاعدہ نفاذ نئے اکیڈیمک سال شروع ہونے پر کیا جائیگا۔

امتحانات ہر صورت شیڈول

شیئر کریں: