Chitral Times

Apr 24, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

صوبائی حکومت نے خاتون محتسب تعینات کرکے خواتین میں تحفظ کے احساس کو بڑھایا ہے۔ وزیرقانون

شیئر کریں:

خاتون محتسب کی تعیناتی سے خواتین کے سماجی مسائل تیزی سے حل ہورہے ہیں۔ فضل شکور خان

ُپشاور (چترال ٹائمز رپورٹ) خیبر پختونخوا کے وزیر قانون فضل شکور خان نے کہا ہے کہ موجودہ صوبائی حکومت نے خاتون محتسب کی تعیناتی کرکے کام کرنے والی خواتین میں تحفظ کے احساس کو بڑھایا ہے, خواتین اپنے مسائل پراعتماد طریقے سے خاتون محتسب اعلیٰ کو پیش کرتی ہیں جس سے خواتین کے سماجی مسائل تیزی سے حل ہو رہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے پشاور میں صوبائی محتسب رخشندہ ناز سے ملاقات کے دوران کیا. صوبائی وزیر قانون کا کہنا تھا کہ خواتین کو کام کی جگہ پر ہراساں کرنے کے خلاف تحفظ ایکٹ 2019 کو یقینی و فعال بنانے کے لیے صوبائی حکومت اقدامات کر رہی ہے, جنسی ہراسانی کی شکایت کا سراغ لگانے، نگرانی کرنے، تحقیقاتی کمیٹیوں کی صلاحیتوں کو بڑھانے کے حوالے سے کام کیا جا رہا ہے جبکہ جنسی ہراسانی اور اس بارے میں موجودہ عدالتی نظام پر عوامی آگاہی پیدا کرنے جیسے امور پر بھی توجہ دی جارہی ہے.

انکا کہنا تھا کہ قوانین کے بارے میں عوام بالخصوص خواتین میں شعور اجاگر کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے,تاکہ وہ اپنے لیے موجود قوانین کو بوقت ضرورت اپنے لیے استعمال کرسکیں. ان کا کہنا تھا کہ اس طرح ہی انصاف کا حصول ممکن ہوگا. صوبائی وزیر قانون کا کہنا تھا کہ خواتین آبادی کا نصف حصہ ہیں, اور ہر شعبہ زندگی میں اپنا کردار احسن طریقے سے انجام دے رہی ہیں,انکا تحفظ یقینی بنانا حکومت کی زمہ داری ہے اس لیے حکومت اس سلسلے میں قوانین سازی پر توجہ دے رہی ہے.اس موقع پر صوبائی محتسب رخشندہ ناز نے صوبائی وزیر قانون فضل شکور خان کو ادارہ محتسب کے حوالے سے بریفنگ دی اور درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔ جس پر وزیر قانون فضل شکور خان نے ان کے مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرائی اور ادارہ محتسب کے کام کو سراہا۔

خاتون محتسب

شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged , ,
49798