Chitral Times

Apr 25, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

خیبرپختونخوا میں چترال جیسے علاقے ہیں جو زعفران کی پیداوار کیلئے سب سے موزوں ہیں۔گورنر

شیئر کریں:

پشاور (چترال ٹائمز رپورٹ) “چین اور پاکستان نے زرعی مصنوعات کی پروسیسنگ، کوآپریشن اینڈ ایکسچینج” سے متعلق پر ایک آن لائن فورم کاا نعقاد کیا جس کا اہتمام پاکستان میں چینی سفارت خانے اور خیبر پختونخوا-BOIT نے مشترکہ طور پر کیا تھا۔ فورم میں CPEC فیز II کے تحت زراعت کے تعاون کی اہمیت پر زور دیا گیا۔ فورم نے خوراک کی حفاظت کے لئے زراعت کی اہمیت اور غذائی تحفظ کے پائیدار ترقیاتی مقصد کے معاون عنصر پر زور دیا۔


فورم میں دونوں ملکوں سے زیتون، شہد، چائے، تمباکو، مویشیوں, دودھ، ماہی گیری، آلو پروسیسنگ کے شعبوں کے اہم اسٹیک ہولڈرز نے شرکت کی۔ اجلاس سے گورنر خیبر پختونخوا، شاہ فرمان کے ساتھ ساتھ پاکستان میں چین کے سفیر مسٹر نونگ رونگ، چیئرمین CPEC اتھارٹی،عاصم سلیم باجوہ، وزیر اعلی کے معاون خصوصی برائے صنعت و تجارت، عبدالکریم، سیکرٹری زراعت اورچیف ایگزیکٹیو آفیسر BOIT خیبر پختونخوا حسن داؤد بٹ نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر مہمان خصوصی گورنر خیبر پختون خوا شاہ فرمان نے خطاب کرتے ہوئے زراعت میں اضافے اور فروغ کے لئے خیبر پختونخوا کے زراعت دوست ماحولیاتی نظام پر روشنی ڈالی اور یہاں کے پھلوں اور سبزیوں اور ان مصنوعات کا تفصیل سے ذکر کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ خیبر پختونخوا میں تیار کردہ دیودار شہد صرف 6-9 فیصد چینی مواد کے ساتھ بہترین معیار کا ہے جو بہت کم ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں چترال جیسے اونچائی والے علاقے ہیں جو زعفران کی پیداوار کے لئے سب سے موزوں ہیں۔ انہوں نے مزید وضاحت کی کہ صوبہ خیبر پختونخوا میں بہترین کوالٹی تمباکو کاشت کیا جاتا ہے اور اس نے غذائی تحفظ کے ابھرتے ہوئے چیلنجوں کو پورا کرنے کے لئے چین اور پاکستان کے مابین زراعت اور تحقیق کے میدان میں مستقبل میں تعاون کی ضرورت پر روشنی ڈالی۔ پاکستان میں چین کے سفیر مسٹر نونگ رونگ نے دونوں ممالک کے مابین صنعتی تعاون کو بڑھانے اور اسے مزید وسیع کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ زراعت دونوں ممالک کی معاشی ترقی اور خوشحالی کے لئے انتہائی اہم ہے اور تحقیق و ترقی کے میدان میں باہمی تعاون لازمی ہے جس سے دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعلقات کو مزید تقویت ملے گی۔چیئرمین CPEC اتھارٹی مسٹر عاصم سلیم باجوہ نے زراعت میں تبدیلی کے منصوبے کے بارے میں وزیر اعظم کے وژن کے بارے میں بات کی۔ انہوں نے مزید وضاحت کی کہ خیبر پختونخوا کے آب و ہوا اور زمین کی بیشتر زراعت کی مصنوعات جیسے تمباکو، چائے اور شہد کی پیداور اور مویشیوں کی نشوونما کے لئے زرخیز ہے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ 100 ایکڑ اراضی پر مشتمل مرچ کی کاشتکاری کا پائلٹ منصوبہ پاکستان میں مکمل ہوچکا ہے اور اس طرح کے مزید منصوبے بھیCPEC صنعتی تعاون فیز II کے تحت پائپ لائن میں ہیں۔

انہوں نے دونوں ممالک کے لئے برآمدات میں اضافے اور محصول کو بڑھانے کے منصوبوں پر کام تیز کرنے پرزور دیا۔وزیر اعلی خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی عبد الکریم نے کہا کہ خیبر پختونخوا چین، افغانستان اور وسطی ایشیائی ریاستوں کے ساتھ ایک گیٹ وے ہیں جس سے ذرعی مصنوعات سمیت برآمدات کے لئے ایک اضافی استفادہ بھی کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ علاقائی ممالک کے ساتھ تجارت کو فروغ دینا زراعت کے شعبے کو ترقی دینے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے زراعت کے شعبے کیلئے سپلائی چین اور کولڈ اسٹورج کو بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ خیبر پختون خوا زراعت کی مصنوعات کا مرکز ہے اور چینی کمپنیوں کے ساتھ تجارتی روابط اور پیداوار میں اضافہ کے لئے بھی تعاون حاصل کریں گے۔

انہوں نے زراعت کے شعبہ میں پپلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت منصوبوں کو پایہ تکمیل تک پہنچانے پر زور دیا۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر KPBOIT حسن داؤد نے دونوں ملکوں کی زرعی شعبہ میں شراکت کو انتہائی سراہا اور دونوں ممالک کے مابین زراعت کی ترقی اور تحقیق کے میدان میں ہم آہنگی کو مستحکم کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے سی پی ای سی کے تحت چینی صنعتی تعاون کی اہمیت کو اجاگر کیا اور سرمایہ کاروں کو ون ونڈو سہولت کی یقین دہانی کرائی۔ چینی سرمایہ کاروں نے زیتون، چائے، شہد، تمباکو، آلو پروسیسنگ، براہ راست اسٹاک اور ڈیری میں تعاون کے طریقوں پر بھی روشنی ڈالی اور یہ کہا کہ دونوں ممالک کے مابین زراعت کو بڑھانے کے لئے آزاد تجارتی معاہدے (ایف ٹی اے) سے استفادہ کیا جائے۔ انہوں نے مشترکہ منصوبوں میں بھی گہری دلچسپی ظاہر کی۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged , ,
49530