Chitral Times

Apr 18, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

محکمہ ایکسائز میں اگلے ماہ سے گاڑیوں کے یونیورسل نمبر متعارف کرنا ممکن بنائیں گے، مشیر ایکسائز

شیئر کریں:

پشاور (چترال ٹائمز رپورٹ) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے محکمہ ایکسائز، ٹیکسیشن اور نارکوٹکس کنٹرول خیبر پختونخوا خلیق الرحمن نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا حکومت نے تاریخ کے سب سے بڑے بجٹ کو جس متوازن طریقے سے پیش کیا اس کی مثال پورے ملک میں نہیں ملتی۔ چوتھے سال میں 1118 ارب روپے کے سالانہ بجٹ میں 371 ارب روپے ترقیاتی کاموں کے لئے مختص کئے گئے ہیں۔53 ارب روپے ریونیو کامیابی سے حاصل کرنے کے بعد اگلے سال کے لئے73ارب روپے کا ہدف مقرر کردیا گیا ہے۔لینڈ اور پروفیشنل ٹیکس کی شرح صفر اور کار رجسٹریشن کی فیس ایک روپے مقرر کردی گئی ہے۔ غیر منقولہ جائیداد پر پراپرٹی ٹیکس کی 31 دسمبر تک ادائیگی پر 35 فیصد رعایت دی گئی ہے۔

صوبے کے تمام افراد کے لئے صحت کارڈ سکیم میں 23 ارب روپے کا فنڈ ز مختص کیا گیا ہے۔ جولائی سے صوبے میں پراپرٹی ٹیکس اورگاڑیوں کا ٹوکن ٹیکس سسٹم کمپیوٹرائزڈ ہو جانے سے عوام کو گھر کی دہلیز پر ٹیکس جمع کرنے کی سہولت میسر آجائیگی۔ صوبائی حکومت ٹیکس دہندگان کو تمام تر سہولیات فراہم کرنے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔نوجوان نسل کو منشیات کی لعنت سے محفوظ بنانے کے لئے نارکوٹکس کنٹرول کو مذید فعال کیا جارہا ہے۔ نارکوٹکس کنٹرول میں افراد ی قوت کی کمی کو پورا کرنے کے لئے سٹاف کی تعیناتی کی جارہی ہے۔ محاصل کی بروقت وصولی کے لئے محکمہ ایکسائز میں تمام اضلاع کی کارکردگی کو جانچنے کے لئے ماہانہ بنیادوں پرنگرانی کا نظام وضع کیا جارہا ہے۔بجٹ میں خیبر پختونخوا میں گاڑیوں کی رجسٹریشن فیس ایک روپے تک محدود کردیا گیا ہے۔ اپنے صوبے کی گاڑیوں کی اپنے صوبے میں رجسٹریشن کے لئے خصوصی مراعات دی جارہی ہے۔

یونیورسل نمبر متعارف کیا جارہا ہے۔ایسے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں کہ خیبر پختونخوا کا شہری اپنے صوبے کی نمبر پلیٹ پر فخر کریگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لکی مروت اور کرک اضلاع کے دورے کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ مشیر وزیر اعلیٰ برائے محکمہ ایکسائز، ٹیکسیشن اور نارکوٹکس کنٹرول خلیق الرحمن نے گذشتہ روز ضلع لکی مروت اور کرک کا اچانک دورہ کیا انہوں نے لکی مروت اور کرک کے دفاتر میں محکمہ ایکسائز کا ریکارڈ اور محکمے کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔ ایکسائز و ٹیکسیشن آفیسر لکی مروت اصغر وزیر اور ضلع کرک کے انسپکٹر طارق آفریدی نے اپنے اپنے اضلاع کے حوالے سے مشیر ایکسائز و ٹیکسیشن کو تفصیلی بریفنگ دی اور محاصل کے بارے میں ان کو آگاہ کیا۔

مشیر ایکسائز و ٹیکسیشن خلیق الرحمن نے محاصل کا ہدف بروقت پورا کرنے پر محکمہ کے افسران اور اہلکاروں کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے اس موقع پر افسران کو ہدایت کی کی محاصل کا ہدف کے باوجود ہمیں تندہی اور لگن کے ساتھ کام کرنا ہوگا اور ہمیں ٹیکس نیٹ وسیع کرنے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لانے ہوں گے۔ خیبر پختونخوا میں آئندہ مالی سال میں محکمہ ایکسائز کو دگنا ہدف دیا گیا ہے اور مجھے امید ہے کہ محکمہ اپنی بہتر کارکردگی دکھاتے ہوئے روز اول سے اس ہدف کو پورا کرنے کے لئے پورے لگن سے کام کرنا ہوگا۔ صوبے میں گاڑیوں کی رجسٹریشن فیس ایک روپے سے محدود کردیا گیا ہے اگلے ماہ سے یونیورسل نمبر کے اجراء اور دیگر سہولیات کا اعلان کیا جائیگا جس سے خیبر پختونخوا کے گاڑی مالکان کا اپنے صوبے کی نمبر پلیٹس کے حوالے سے موجودشبہات کا خاتمہ ہوگا اور ہمارے صوبے کے عوام کا خیبر پختونخوا کی نمبر پلیٹس پر فخر ہوگا۔ اس مقصد کے لئے بھرپور آگاہی سیمینار کا اہتمام کیا جائیگا۔اور گاڑی مالکان کو حتی المقدور سہولیات فراہم کی جائیگی۔جولائی میں (زما کے پی)کے نام سے ایپ کا افتتاح ہوگا جس سے ٹیکس دھندگان آسانی سے ٹوکن ٹیکس اور پراپرٹی ٹیکس کی ادائیگی گھر بیٹھ کر کر سکیں گے۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
49413