Chitral Times

Mar 29, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

ریشن کے مقام پر متبادل سڑک انتہائی قلیل مدت میں تعمیر کرنے پر حکام کو خراج تحسین۔۔فضل الرحمن

شیئر کریں:

چترال ( نمائندہ چترال ٹائمز ) آل پولٹیکل پارٹیز اسٹیرنگ کمیٹی چترال کے جنرل سیکریٹری اور جمعیت العلمائے اسلام کے رہنما فضل الرحمن نے ایک اپر چترال کے علاقہ ریشن کے مقام پر سڑک کی دریا بردگی کے بعد جانفشانی سے کام کرکے سڑک کو دوبارہ موٹر گاڑیوں کی ٹریفک کے قابل بنانے اور عوام کا اعتماد بحال کرنے پر وزیراعظم پاکستان، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا، نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے حکام اور موقع پر شب و روز انتھک محنت کرنے پر ڈی سی اپر چترال شاہ سعود اور اے سی مستوج شاہ عدنان کو خراج تحسین پیش کیا ہے ۔

جمعرات کے روز چترال پریس کلب میں پارٹی کے کارکنان صہیب نعیم اور عطاحسین کے ہمراہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہاکہ دریا کی سطح بلند ہونے پر ریشن میں سڑک کے کٹ جانے کی وجہ سے عوام کو سخت مشکلات کا سامنا تھا مگر حکومت نے بروقت کاروائی اور ایک لمحہ بھی ضائع کئے بیغیر این ایچ اے کے جنرل منیجر کو ریشن بھیجا جس نے اسسٹنٹ کمشنر مستوج شاہ عدنان کے ساتھ مل کر زمین کے چالیس متاثرہ گھرانوں کے نمائندوں سے کامیاب بات چیت کرکے متبادل سڑک پر کام شروع کیااور دو دن کی ریکارڈ مدت میں اسے پایہ تکمیل کو پہنچادیا جس سے اپر چترال کے عوام حکومت کے مشکور ہیں ۔

فضل الرحمن نے کہا کہ وزیراعظم کے حکم پر این ایچ اے کا اعلیٰ افسر اپر چترال کے ڈی سی اور اے سی کے ہمراہ تین دن تک متاثرہ مقام پر موجورہا جو ان کا چترال کے عوام کے ساتھ ہمدردی کا منہ بولتا ثبوت ہے جسے جتنا بھی سراہا جائے کم ہے ۔ انھوں نے ریشن کے متاثرین اور عوام کا بھی شکریہ ادا کیا جو کہ مصیبت کی اس گھڑی میں پر امن رہے اور متبادل سڑک کےلئے زمین فراہمی میں مکمل تعاون کی ۔

انھوں نے متاثرین کیلئے فی گھرانہ کم از کم دس لاکھ روپے امداد اور کاغ لشٹ میں ان کے لئے تیا رگھر کی فراہمی کا بھی مطالبہ کیا ۔ جے یو آئی کے رہنما نے حکومت سے مذید مطالبہ کیا کہ آنے والے دنوں میں قدرتی آفات سے نمٹنے کیلئے جامع تیاری کی جائے اور ہر یونین کونسل کی لیول پر ضروری سامان اسٹور کئے جائیں تاکہ عین موقع پر پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔


شیئر کریں: