Chitral Times

Apr 20, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

صوبے میں بہترین صحت سہولیات کی فراہمی کیلئے نجی شعبے کو ساتھ لیکر چلیںگے۔ وزیرصحت

شیئر کریں:

نجی شعبے کے تعاون سے چلنے والے ہسپتالوں کی کارکردگی بہتر، مزید ہسپتال پی پی پی ماڈل پر چلائیں گے۔ وزیرِ صحت و خزانہ کا پہلی میڈیکل انوسمنٹ کانفرنس سے خطاب


پشاور (چترال ٹائمز رپورٹ) خیبرپختونخوا کے وزیر صحت و خزانہ تیمور سلیم خان جھگڑا نے کہا ہے کہ صوبے میں بہترین صحت سہولیات کی فراہمی اور معیار کو بہتر بنانے کے لیے نجی شعبے کو ساتھ لے کر چلیں گے۔ پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ ماڈل کو سروس ڈیلیوری اور صحت مراکز کو مزید بہتر بنانے کے لیے زیر استعمال لایا جا رہا ہے۔ اس ماڈل کے تحت پہلے سے چلنے والے ہسپتال شہریوں کو دور دراز علاقوں میں جدید طبی سہولیات فراہم کر رہے ہیں۔ حکومت کئی مزید ہسپتال اس ماڈل کے تحت چلانے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار ہیلتھ فاؤنڈیشن کی جانب سے منعقدہ اپنی نوعیت کی پہلی میڈیکل انوسمنٹ ای کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

کانفرنس میں ہیلتھ کیئر ڈیلیوری میں سرمایہ کاری کا ارادہ رکھنے والی قومی، بین الاقوامی اور مقامی تنظیموں نے شرکت کی جن میں گرین سٹار سوشل مارکیٹنگ، کانٹیک انٹرنیشنل، آغاز خان ہیلتھ سروسز، ایم ای آر ایف، احصار فاؤنڈیشن، جان سنو انٹرنیشنل، رحمان میڈیکل انسٹیٹیوٹ، ٹرانس کانٹی نینٹل فارما، پرائم فاؤنڈیشن اور دیگر تنظیمیں شامل ہیں جنھوں نے خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے پی پی پی ماڈل کے تحت فراہم کردہ اس پلیٹ فارم کو سراہا اور سرمایہ کاری میں دلچسپی ظاہر کی۔

اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز ڈاکٹر نیاز محمد، چیئرمین بورڈ آف گورنرز ہیلتھ فاؤنڈیشن ڈاکٹر امان اللہ خان اور منیجنگ ڈائریکٹر ہیلتھ فاؤنڈیشن ڈاکٹر شاہین آفریدی سمیت دیگر حکامبھی موجود تھے۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا حکومت نے گزشتہ سال 8 ہسپتال پی پی پی ماڈل کے تحت نجی شعبے کے ساتھ مل کر چلانے کا فیصلہ کیا تھا جس پر کامیابی سے عملدرآمد کیا گیا اور آج یہ ہسپتال صوبے کے دور دراز علاقوں میں بہترین طبی سہولیات فراہم کر رہے ہیں۔ ان ہسپتالوں میں تمام جدید طبی آلات موجود ہیں اور مریضوں کے پیچیدہ آپریشن بھی کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں بہتر سروس ڈیلیوری اور طبی سہولیات میں اضافے کے لیے نجی شعبے کو ساتھ لے کر چلیں گے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں صحت کے شعبے میں سرمایہ کاری کے لیے بہترین مواقع موجود ہیں۔

ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز ڈاکٹر نیاز محمد نے ہیلتھ فاؤنڈیشن کی نجی شعبے کو متحرک کرنے کی اس کاوش کو سراہا اور اسے مستقبل کے لیے اہم سنگ میل قرار دیا۔ چیئرمین ہیلتھ فاؤنڈیشن خیبرپختونخوا ڈاکٹر امان اللہ خان کا کہنا تھا کہ عوام کو بہترین صحت سہولیات کی فراہمی حکومت کا فرض ہے۔ اس موقع پر منیجنگ ڈائریکٹر ایچ ایف خیبرپختونخوا ڈاکٹر شاہین آفریدی کا کہنا تھا کہ مزید 10 ہسپتالوں کو پی پی پی ماڈل کے تحت چلانے کے عمل کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ ان دس ہسپتالوں میں 2 ڈسٹرکٹ ہیڈکواٹر ہسپتال بھی شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جلد پرائمری سروسز کی آوٹ سورسنگ کا بھی آغاز کر دیا جائے گا۔ ڈاکٹر شاہین نے بتایا کہ کسی بھی تنظیم کو کنٹریکٹ ایوارڈ کرنے کے عمل میں مکمل شفافیت اور میرٹ کو مدنظر رکھ جائے گا جبکہ سروس ڈیلیوری کے معیار کو بہتر رکھنے کے لیے مانیٹرنگ کا عمل بھی عمل میں لایا جائے گا۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
49284