Chitral Times

Apr 19, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

اپر چترال میں دو نوجوان افراد نے خودکشی کرلی، بمبوریت میں پانی میں ڈوب کر ایک شخص جان بحق

شیئر کریں:

چترال ( نمائندہ چترال ٹائمز) گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے اندر اپر چترال میں دو نوجوان افراد نے دل برداشتہ ہوکر اپنی زندگیوں کا چراغ گل کربیٹھے۔ چترال پولیس کے مطابق ایک 17سالہ نوجوان امیر حسین نے سنوغر گاؤں میں مبینہ طور پر گھریلو جھگڑوں کی وجہ سے دریا میں چھلانگ لگاکر خودکشی کرلی جس کی لاش بعد میں دریا سے برامد کرلی گئی۔

خودکشی کا دوسرا واقعہ کوشٹ گاؤں میں پیش آیا جہاں ایک سولہ سالہ غیر شادی شدہ لڑکی عالیہ بی بی دختر محمد نے نامعلوم وجوہات کی بنا پر اپنے آپ کو دریا کی موجوں کے حوالے کردیا۔ ان کی لاش ابھی تک دریا سے برامد نہ ہوسکی۔ اپر چترال پولیس دونوں واقعات کی انکوائری شروع کردی ہے۔ دریں اثناء لویر چترال کے کالاش ویلی بمبوریت کے مقام پر ناصر خان نامی شخص چراگاہ سے اپنے گدھے پر پہاڑی سبزی لاد کر گاؤں لا رہا تھا کہ گدھا راستے میں آنے والی ندی کی پانی میں بہہ گیا جس کو بچاتے بچاتے خود بھی ڈوب گئے۔ بعدازاں ان کی لاش کو پانی سے نکال کر گاؤں میں سپرد خاک کیا گیا۔ وہ کئی بچوں کا باپ تھا اور روز جنگل سے سبزی لاکر گزر اوقات کرتا تھا۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, چترال خبریںTagged
49063