Chitral Times

Apr 19, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

اہالیان مداک لشٹ کی طرف سے بلپنچ گاؤں پر چڑہائی کا نوٹس لیاجائے۔عمراخان

شیئر کریں:

چترال ( نمائندہ چترال ٹائمز) شیشی کوہ کے گاؤں بلپنچ سے تعلق رکھنے والے عمر ا خان نے وزیر اعظم پاکستان اور وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سے اپیل کی ہے کہ اہالیان مداک لشٹ کی طرف سے 150مسلح افراد کی ان کے گاؤں پر چڑہائی کا فوری طور پر نوٹس لیا جائے جنہوں نے غنڈہ گردی اور لاقانونیت کی انتہا کرتے ہوئے زرام خان اور ان کے معمر بھائی روزی خا ن کوبے دردی سے زدوکوب کرنے کے بعد خواتین کو اغوا کرکے لے گئے جنہیں پولیس نے بعد میں بازیاب کرائی۔

چترال پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ اہالیان مداک لشٹ نے اسی پر اکتفا نہیں بلکہ شیشی کوہ کی ویلی روڈ کو بلاک کرکے گیارہ دیہات کے عوام کو محبوس کرکے رکھ دیا ہے اور مسلح ہوکر موقع پر موجود ہیں جس سے امن وامان کو سخت خطرہ لاحق ہوسکتا ہے اورچوبیس گھنٹہ اس واقعے کو گزرچکے ہیں جس کی وجہ سے علاقے کی پرامن فضا میں کشیدگی مسلسل بڑھ رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ اہالیان مداک اپنی طاقت کے بل بوتے پر ان کی زرعی زمین زور زبردستی ان سے چھین کر انہیں وادی سے باہر نکالنے کی عزائم رکھتے ہیں اور اس مہذب دور میں اس زور زبردستی کی کوئی نظیر نہیں مل سکتی ہے۔

درین اثناء پولیس نے دونوں فریقین کے خلاف ایک دوسرے پر حملہ اور زدوکوب کرنے پر کراس پرچہ چاک کردیا ہے لیکن علاقے میں کشیدہ حالات کی وجہ سے کوئی گرفتار ی ابھی تک عمل میں نہیں آئی ہے۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, چترال خبریںTagged
49060