Chitral Times

Apr 19, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

چترال اپر،لوئر،ہریپوراورایبٹ آباد میں کورونا ویکسینیشن اہداف پورا کرنا قابل تحسین ہے۔چیف سیکریٹری

شیئر کریں:

پشاور (چترال ٹائمز رپورٹ) چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا ڈاکٹر کاظم نیاز نے پولیس اہلکاروں کی انسداد کورونا ویکسینیشن میں سست روی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ صوبے کے تمام پولیس اہلکاروں کو کورونا ویکسینیشن لگانے کے عمل کو تیز کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار چیف سیکرٹری نے بدھ کے روز صوبے میں کورونا ویکسینیشن بارے میں اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں انتظامی سیکرٹریز، ڈویژنل کمشنرز،  ڈپٹی کمشنرز، ریجنل پولیس آفیسرز اور دیگر متعلقہ حکام نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔ چیف سیکرٹری نے صوبے میں پولیس اہلکاروں کی ویکسینیشن میں سست روی پر شدید برہمی کا اظہار کیا اور ہدایت کی کہ ریجنل پولیس آفیسرز اور ضلعی انتظامیہ پولیس اہلکاروں کو جلد ویکسین لگوانے کے لئے موثر اور تیز اقدامات اٹھائیں۔

اس موقع پر اجلاس کو بتایا گیا کہ صوبے میں اب تک پولیس کے 2000 اہلکاروں کو انسداد کورونا ویکسین لگوائی جا چکی ہیں۔ جبکہ پولیس اہلکاروں کی ویکسینیشن میں سست روی کی وجہ صوبے میں جاری پولیو مہم بھی ہے۔چیف سیکرٹری نے ہدایت کی کہ تمام سرکاری ملازمین کی ویکیسنیشن ترجیحی بنیادوں پر یقینی بنائی جائے۔ ڈاکٹر کاظم نیاز نے کہا کہ چترال اپر، چترال لوئر، ہری پور اور ایبٹ آباد میں کورونا ویکسینیشن کے اہداف کو پورا کرنا قابل تحسین ہے۔  انہوں نے ہدایت کی کہ کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز متعلقہ اضلاع میں کورونا ویکسینیشن کے لئے ٹھوس اقدامات اٹھائیں تاکہ ذیادہ سے ذیادہ شہریوں کو کورونا وائرس سے تحفظ دیا جاسکے۔سیکرٹری صحت سید امتیاز شاہ نے کہا کہ پولیس اہلکاروں کو چاہیے کہ وہ اپنے قریبی کورونا ویکسینیشن مراکز جا کر ویکسین لگوائیں۔ تاہم پولیس کے لئے ویکسینیشن کے عمل کو تیز کرنے کے لئے پولیس لائنز میں موبائل ویکسینیشن وین بھی مہیا کریں گے۔ 

چیف سیکرٹری نے ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ کمشنرز اور ریجنل پولیس آفیسرز مربوط حکمت عملی طے کرکے پولیس اہلکاروں کی ویکسینیشن کو تیز کریں۔  انہوں نے سختی سے ہدایت کی کہ تمام ضلعی انتظامیہ کورونا ویکسینیشن کے حوالے سے دئے گئے اہداف کو ہر صورت پورا کریں۔  اور ڈپٹی کمشنرز اپنے اضلاع میں علماء کرام،  انجمن تاجران، اور سول سوسائٹی کے ساتھ اچھے روابط قائم کرکے کورونا ویکسینیشن کو مزید تیز اور موثر بنائیں۔ اسی طرح ضلعی انتظامیہ اور لیبر ڈیپارٹمنٹ مل کر صنعتوں میں ویکسینیشن کے لئے بھی اقدامات اٹھا ئیں۔ ان صنعتی مراکز کے خلاف سخت کاروائی کی جائے جو اپنے ورکرز کو ویکسین نہیں لگواتے۔  چیف سیکرٹری نے حکومتی اداروں کے مابین رابطے کی فقدان پر اظہار ناراضگی کرتے ہوئے کہا کہ تمام متعلقہ ادارے آپس میں اچھے روابط قائم کرکے ہی بہتر نتائج حاصل کر سکتے ہیں۔چیف سیکرٹری نے مزید کہا کہ ضلعی انتظامیہ نجی ہسپتالوں کے تعاون سے بھی ویکسینیشن کے عمل کو مزید تیز کریں۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
49051