Chitral Times

Apr 19, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

گریڈ۔12 سے گریڈ۔18 تک تدریسی کیڈرکے تمام تبادلے ای۔ٹرانسفر پالیسی کے تحت ہونگے۔شہرام ترکئی

شیئر کریں:

پشاور (چترال ٹائمز رپورٹ) صوبائی وزیرتعلیم شہرام خان ترکئی نے کہاہے کہ اب کے بعد گریڈ۔12 سے گریڈ۔18 تک تدریسی کیڈرکے تمام تبادلے ای۔ٹرانسفر پالیسی کے تحت ہوں گے، سال میں تبادلے صرف ایک بار تعلیمی سال کے آغاز اور خالی آسامیوں پرہوں گے، طلباء و اساتذہ کے قیمتی وقت کو بچانے کیلئے مشتہر شدہ خالی آسامیوں پرتبادلوں کیلئے اساتذہ آن لائن ایپلائی کریں گے۔ ان کو دفاترکو چکرلگانے کی کوئی ضرورت نہیں تمام تر توجہ صرف درس وتدریس پر ہوگی۔ انہوں نے کہاکہ یہ فیصلہ تمام اساتذہ اورخصوصاّ فیمیل اساتذہ کو سہولیات فراہم کرنے کیلئے کیاگیاہے جو حقدار ہوگا اس کو مقرر کردہ انڈی کیٹرز کے مطابق مارکس دیے جائیں گے اور خالص میرٹ پرتبادلے ہوں گے جس سے اساتذہ کو بہت سہولت ہوگی۔


ان خیالات کا اظہار انہوں نے سول سیکرٹریٹ پشاور میں پریس کانفرنس کے موقع پر کیا۔ شہرام خان ترکئی نے مزیدکہاکہ گرمی بڑھنے کی وجہ سے گرم علاقوں میں پرائمری سکولوں کیلئے دورانیہ صبح 7 بجے سے 11 اور مڈل سے ہائرسیکنڈری سکولوں کیلئے 7 بجے سے ساڑھے11 بجے کردیاگیاہے تاکہ بچے گرمی کی شدت سے محفوظ رہ سکیں۔ انہوں نے کہاکہ گریڈ 9 سے گریڈ12 تک کے طلباء کو صرف اختیاری مضامین میں امتحانات کی تیاری کیلئے کورس پڑھائے جاتے ہیں۔ شہرام خان ترکئی نے کہاکہ گریڈ۔10 اورگریڈ۔12 کے امتحانات 10 جولائی سے شروع ہوں گے اور اس کی تکمیل کے بعد گریڈ۔9 اورگریڈ11 کے امتحانات شروع ہوں گے۔ انہوں نے کہاکہ تعلیم موجودہ صوبائی حکومت کی اولین ترجیح ہے، جس پر سالانہ 130 ارب روپے سے زیادہ بجٹ خرچ کیاجاتاہے جبکہ امسال 3 ارب روپے کی لاگت سے تقریباّ 11 لاکھ سے زائد بچوں کو فرنیچر فراہم کیاجائیگا اور ہماری کوشش ہوگی کہ اگلے سال تک 95 فیصد بچوں کو فرنیچرکی فراہمی یقینی بنائے۔ وزیرتعلیم شہرام خان ترکئی نے کہاکہ 60 سے زائد غیرفعال سکولوں کو فعال کردیاگیاہے،

اساتذہ کی کمی کو پورا کرنے کیلئے ضرورت کی بنیاد پر پی ٹی سی فنڈ سے اساتذہ کی خدمات حاصل کی جارہی ہے۔ جبکہ ضرورت کے مطابق پورے صوبے اور بالخصوص دور آفتادہ پہاڑی علاقوں جہاں پرسکولوں کی ضرورت ہے وہاں پر سیکنڈشفٹ تدریسی نظام کااجراء کررہے ہیں۔ شہرام خان ترکئی نے مزید کہاک امسال کچی کلاسز کیلئے بہترین طرز کی ارلی چائلڈ ہڈایجوکیشن کے 1000 کمرے تعمیر کرچکے ہیں اور مزید 2000 پر کام شروع کررہے ہیں جبکہ طلباء وطالبات کو مختلف سکالرشپس پربھی اربو روپے خرچ کئے جارہے ہیں۔ڈیجٹلائزیشن کے حوالے سے شہرام خان ترکئی نے کہاکہ خیبرپختونخواہ ٹیکسٹ بک بورڈ کے کتابوں، لیکچرز،دفاتر پشمول پورے نظام کو ڈیجٹلائزڈ کررہے ہیں جبکہ سکولوں میں سمارٹ سکول پروگرام بھی شروع کررہے ہیں۔ انہوں نے کریکولم کے حوالے سے کہاکہ سنگل نیشنل کریکولم کے تحت گریڈ5 تک کورس تیارکیاگیا ہے جو امسال پڑھایاجائیگا جبکہ مڈل لیول تک کورس بھی تکمیل کے مراحل میں ہے۔ ایک سوال کے جواب میں شہرام خان ترکئی نے کہاکہ پرائمری سکول ٹیچرز کی بھرتی کا ٹیسٹ جو بذریعہ این ٹی ایس منعقدہواتھا کینسل کردیاگیاہے اور عنقریب ایٹایا تعلیمی بورڈ کے ذریعے وہ ٹیسٹ دوبارہ لیے جائیں گے۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
49005