Chitral Times

Dec 7, 2022

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

عالمی یوم ماحولیات کی مناسبت سے اسماعیلی سوک کے زیر اہتمام ڈی ایچ کیو ہسپتال چترال میں صفائی مہم

شیئر کریں:

چترال (نمائندہ چترال ٹائمز)اتوار کے دن ڈی ایچ کیو ہسپتال چترال میں اسماعیلی سوک کے زیر اہتمام صفائی مہم کا انعقاد کیا گیا جس میں ضلعی انتظامیہ نے بھی بھر پور کردار ادا کیا۔ مہم کا مقصد صفائی کے بارے میں آگاہی پھیلانے کے ساتھ ساتھ بطور شہری اپنی ذمہ داریوں کو پورا کرنا بھی تھا۔ اس سلسلے میں اسماعیلی اور دوسری برادریوں کے رضاکاروں نے باہمی اشتراک ملک بھر کے مختلف مقامات پر پلاسٹک، کاغذ، ردی، کوڑا کرکٹ اور دیگر کوڑے دانوں کی صفائی گزشتہ دو دنوں سے کررہے ہیں۔  مہم کے ذریعے ماحول کو صاف ستھرا رکھنے کے لئے اجتماعی ذمہ داری کو فروغ دینے کی کوشش کی جارہی ہے۔ہسپتال میں موجود تمام افراد نے اس مہم کو بہت سراہا اور اسماعیلی والنٹئریز کے ساتھ مل کر ہسپتال کی صفائی میں حصہ بھی لیا۔


اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی ڈی ایچ او ڈاکٹر ضیااللہ خان نے کہا کہ اسماعیلی سوک کے تحت پروگرام کے انعقاد سے معاشرے میں صفائی کی اہمیت کے بارے میں آگاہی پھیلے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک وقت کا ایونٹ نہیں ہونا چاہئے بلکہ کم از کم ہر چھ مہینے بعد ایسے پروگرام منعقد کرکے ہم معاشرے صحت مند معاشرہ بنا سکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اتنے اچھے پروگرام کے انعقاد پر وہ اسماعیلی کونسل اور اسماعیلی سوک کے تمام عملداران کے انتہائی مشکور ہیں۔ اور امید رکھتے ہیں کہ یہ سلسلہ آگے بھی جاری رہے گا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے  ایم ایس ڈی ایچ کیو ہسپتال چترال جناب ڈاکٹر شمیم کا کہنا تھا کہ صفائی ہمارا نصف ایمان ہے، انسان کی بیماریوں کا اگر آپ جائزہ لیں تو پچاس فیصد بیماریاں صرف گندگی کی وجہ سے پھیلتی ہیں۔ہم اسماعیلی سوک کے والنٹئیرز اور عہدیداروں کے انتہائی مشکور ہیں کہ وہ اتنی زیادہ گرمی اور دوسرے مسائل کے باوجود ہسپتال کی صفائی میں بہترین کردار ادا کیا۔ ہمیں ہسپتال کے علاوہ، بازاروں، سکولوں اور دوسرے پبلک مقامات پر بھی توجہ دینے کی ضرورت ہے سب سے ضروری عام آدمی میں اس آگاہی کو پھیلانا ہے کہ ڈسٹ بین کا استعمال کیوں ضروری ہے۔


تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پریذیڈنٹ ریجنل کونسل ڈاکٹر ریاض حسین نے کہا کہ ڈسٹرکٹ انتظامیہ کی جانب سے بہترین سپورٹ پر ہم ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ ہم امید رکھتے ہیں کہ ہمارے اس مہم کے ذریعے صفائی کے بارے میں پورے معاشرے خاص طور پر نوجوانوں میں آگاہی پھیلے گی۔ اسماعیلی سوک کے اس مقصد کو فروغ دینے کے لئے کام کررہی ہے کہ جس ملک کے ہم باشندے ہیں اس ملک ہمارے حقوق کے ساتھ ساتھ ہمارے فرائض بھی بطور شہری موجود ہیں۔ اور ہمیں بجا طور پر اپنے فرائض کو پہلے ادا کرنا چاہئے تاکہ ہم ایک اچھے شہری ہونے کا ثبوت دے سکیں۔ انہوں نے مہم میں حصہ لینے پر ڈسٹرکٹ انتظامیہ اور اسماعیلی سوک کے عہدیداروں کے ساتھ والنٹیئرز کا بھی شکریہ ادا کیا کہ وہ اپنے مصروفیات سے وقت نکال کر ایک بہترین کاز کے اکھٹے ہوئے اور مہم کو کامیاب بنانے میں بھر پور کردار ادا کیا۔ یاد رہے کہ یہ اقدام اسماعیلی CIVIC کا حصہ ہے، جو ایک عالمی پروگرام  ہے۔ اس پروگرام کے تحت دنیا بھر میں شیعہ اسماعیلی مسلم کمیونٹی جن معاشروں میں وہ رہتے ہیں ان کی معیار زندگی کو بہتر بنانے اور انسانیت کی خدمت کے لئے متحد ہوئی ہے۔ اسماعیلی سووک نے پاکستان میں ماحولیات کے تحفظ کو 2021 کا تھیم منتخب کیا ہے۔
اس سلسلے میں دوسری بڑی تقریب لوکل کونسل گرم چشمہ میں منعقد ہوا جس میں علاقے عمائدیں اور کونسل کے ذمہ داروں اور والنٹئیرز نے حصہ لیا۔ مہم کے تحت ٹی ایچ کیو ہسپتال گرم چشمہ کے احاطے کی صفائی کی گئی ہے۔

ismaili civic world environment day celebration chitral 5
ismaili civic world environment day celebration chitral 2

ismaili civic world environment day celebration chitral 1
ismaili civic world environment day celebration chitral 4


شیئر کریں: