Chitral Times

Mar 28, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

لویئر چترال کیلئے صوبائی اسمبلی کی سیٹ بحال کرکے فوری طور پر ضمنی الیکشن کرائے جائیں،فضل الرحمن

شیئر کریں:

چترال(نمائند ہ چترال ٹائمز) جنرل سکریٹری پولیٹیکل پارٹیز سٹیرنگ کمیٹی چترال اور معروف سماجی کارکن فصل الرحمن اور انجنیئر انعام الحق نے چترال پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے حکومت سے پُر زور مطالبہ کیا ہے کہ لویئر چترال کے لئے صوبائی اسمبلی کی سیٹ بحال کرکے فوری طور پر ضمنی الیکشن کرائے جائیں۔تاکہ ہمارے ضلع کے مسائل حل ہونے میں آسانی پیدا ہو سکے۔انہوں نے کہا کہ معاون خصوصی برائے اقلیتی امور وزیر ذادہ چترال کی ترقی کے لئے دن رات محنت کر رہے ہیں اور انہیں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کی سرپرستی حاصل ہے۔ انہوں نے چترال کی تعمیر وترقی میں اہم کردار کی حامل سیاحتی مقامات تک سیاحوں کی آسان رسائی کے لئے سڑکوں کی طرف توجہ دینے کا بھی مطالبہ کیا۔ سماجی کار کن فضل الرحمن نے ممبر قومی اسمبلی مولانا عبدالاکبر خان چترالی اور ممبر صوبائی اسمبلی مولانا ہدایت الرحمن سے بھی چترال کے مسائل حل کرنے کا مطالبہ کیا۔اُنہوں نے کہا کہ میرے درخواست پر احساس پروگرام میں مستحق افراد کے سروے کا کام شروع ہوا تھا۔انہوں نے کہا کہ جمیعت علماء اسلام کے رہنماء اور مولانا فضل الرحمن کے فرزند مولانا اسجد محمود اگرچہ چترال کے نجی دورے پر آئے ہوئے تھے تاہم چترال کے مسائل اُنہیں گوش گزار کئے گئے جنہیں اُنہوں نے حل کرنے کا یقین دلایا۔اُنہوں نے چترال کے غرباء میں فوڈ آئٹم پر مشتمل ہزاروں پیکچ تقسیم کرنے پر طلحہ محمود فاؤنڈیشن کا شکریہ ادا کیا۔اُنہوں نے چترال کی ترقی میں کردار ادا کرنے والے تمام سرکاری اور غیر سرکاری اداروں اور خصوصاً پاک فوج کوسراہا۔


شیئر کریں: