Chitral Times

Apr 23, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

ماحولیاتی آلودگی کو مستقل بنیادوں پر ختم کرنے کیلئے صوبائی حکومت شروع دن سے کام کر رہی ہے۔وزیراعلیٰ

شیئر کریں:

ماحولیات کے عالمی دن کے موقع پر وزیراعلیٰ کا پیغام


پشاور ( چترال ٹائمز رپورٹ )وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے صاف اور شفاف ماحولیاتی نظام کو انسانی زندگی کے لئے نہایت اہمیت کا حامل اور اپنی حکومت کی اولین ترجیحات کا ایک اہم جز قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ تیز رفتار ماحولیاتی تبدیلی کی وجہ سے درپیش چیلنجز سے نمٹنے اور لوگوں کو صاف اور شفاف ایکو سسٹم فراہم کرنے کے لئے موجودہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں انتہائی سنجیدہ اقدامات اٹھار ہی ہےں، جن میں عالمی سطح پر سراہا جانے والا ٹن بلین ٹری سونامی منصوبہ سر فہرست ہے ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت ماحولیاتی آلودگی کو ختم کرنے اور آنے والی نسلوں کو ایک صاف ستھرا ماحولیاتی نظام دینے کے لئے پر عزم ہے اور وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں یہ سنگ میل بھی جلد عبور کرلیا جائے گا۔

ماحولیات کے عالمی دن کی مناسبت سے یہاں سے جاری اپنے ایک پیغام میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبے میںماحولیاتی آلودگی کو مستقل بنیادوں پر ختم کرنے اور ماحول کو خوشگوار بنانے کے لئے تحریک انصاف کی صوبائی حکومت شروع دن سے کام کر رہی ہے ۔ پچھلے پانچ سالوں کے دوران صوبے میں بلین ٹری منصوبہ کے تحت ایک ارب درخت لگانے کا ہدف کامیابی سے مکمل کیا گیا ہے جس کو نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں سراہا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ وفاقی حکومت کے قومی سطح پر ٹین بلین ٹری سونامی منصوبہ کے تحت بھی خیبرپختونخوا میں مزید ایک ارب درخت لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے اور صوبائی حکومت اس ہدف کے تعقب میں کامیابی کے ساتھ گامزن ہے، جس سے جنگلات کے رقبے میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے۔ اس کے علاوہ لوگوں کو شفاف ماحول اور تفریح کی سہولت فراہم کرنے کے لئے متعدد نیشنل پارکس کے قیام کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

محمود خان نے کہا کہ صوبائی حکومت شجر کاری کے لئے ہر سال خطیر رقم مختص کرتی ہے لیکن یہ بات سب پر عیاں ہے کہ ہمارے وسائل نہایت محدود اور ترقیاتی ترجیحات کا دائرہ کافی وسیع ہے۔ لہٰذا جنگلات کی بڑھوتری کو تیز کرنے کے لئے ضروری ہے کہ عوام الناس اور دیگر سرکاری اور غیر سرکاری ادارے بھی شجرکاری کو اپنا شعار بنائیں تاکہ موسمی تغیرات اور دیگر ماحولیاتی چیلنجز سے مو ¿ثر انداز میں نمٹا جا سکے۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ حکومتی اقداما ت کو نتیجہ خیز بنانے میں عوام کا کردار اہم ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے شجرکاری مہمات میں عوام زیادہ سے زیادہ حصہ لےں تاکہ ہمارا صوبہ سرسبز اور شاداب ہو سکے اورشجرکاری میں مطلوبہ بین الاقوامی معیار بھی حاصل ہو سکے۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ نے تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے ارد گرد فالتو اورغیرمستعمل زمینوں پر زیادہ سے زیادہ شجرکاری کرکے ماحولیاتی چیلنجز سے نمٹنے کے لئے حکومتی کوششوں میں اپنا حصہ ڈالیں ۔

ٹو بیکو ڈویلپمنٹ سیس فنڈز میں سے تمباکو کے پیداواری اضلاع کے لئے مجوزہ شیئرز ریلیز کرنے کی منظوری دی گئی

پشاور ( چترال ٹائمز رپورٹ ) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کی زیر صدارت ٹو بیکو ڈویلپمنٹ سیس کی یوٹیلائزیشن کے سلسلے میںقائم کمیٹی کے اجلاس میں مالی سال برائے 2018-19 کے ٹو بیکو ڈویلپمنٹ سیس فنڈز میں سے تمباکو کے پیداواری اضلاع کے لئے مجوزہ شیئرز ریلیز کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔ کمیٹی کا اجلاس جمعہ کے روز وزیراعلیٰ ہاو س پشاور میں منعقد ہوا۔ صوبائی وزراءشہرام خان ترکئی اور محب اللہ کے علاوہ وزیراعلیٰ کے مشیر برائے مال حاجی قلندر خان لودھی، متعلقہ حلقوں سے اراکین صوبائی اسمبلی، متعلقہ محکموں کے انتظامی سیکرٹریز اور دیگر اعلیٰ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ مالی سال 2018-19 کیلئے ٹوبیکو ڈویلپمنٹ سیس کی مد میں 433.679 ملین روپے کے فنڈز موصول ہوئے اور پہلے سے طے شدہ فارمولا کے تحت تمباکو کے پیداواری اضلاع کے لئے شیئرز مختص کئے گئے ہیں۔

کمیٹی نے مجوزہ شیئرز سے اتفاق کرتے ہوئے فنڈز متعلقہ حلقوں کو جاری کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ اس موقع پر ٹوبیکو ڈویلپمنٹ سیس فنڈز کے مختلف شعبوں میں ترقیاتی کاموں کے لئے استعمال میں لانے سے متعلق امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ متعلقہ قواعد و ضوابط کے مطابق مذکورہ فنڈز کو ضروری ترقیاتی کاموں میں استعمال میں لایا جاسکتا ہے تاہم انہوں نے اگلے مالی سال کیلئے ٹوبیکو ڈویلپمنٹ سیس رولز 2007 کو مزید بہتر اور مو ¿ثر بنانے کی ضرورت پر زور دیا اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ متعلقہ رولز پر نظر ثانی کی جائے اور کمیٹی اراکین کی طرف سے دی گئی تجاویز کو بھی شامل کیا جائے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ اصل مقصد فنڈز کے نتیجہ خیز استعمال کو یقینی بنانا ہے۔ یہ فنڈز متعلقہ حلقوں میں جن ترقیاتی کاموں پر بھی خرچ کئے جائیں ان کے مثبت اثرات اور نتائج نظر آنے چاہئیں۔ انہوں نے اس موقع پر مالی سال 2017-18 کے ٹوبیکو ڈویلپمنٹ سیس فنڈز کے بعض حلقوں کو بقایا جات بھی جلد ریلیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔

CM meeting on tdc kp


<><><><><><>


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
48886