Chitral Times

Mar 28, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

میٹرک اور انٹرمیڈیٹ اسٹوڈنٹس کیلئے ایپلی کیشن تیار،ان لائن کلاسز 3 سے شام 10 بجے تک لے سکتے ہیں

شیئر کریں:

پشاور (چترال ٹائمزرپورٹ) خیبر پختونخوا کے وزیر برائے ابتدائی و ثانوی تعلیم شہرام خان ترکئی نے کہاہے کہ محکمہ تعلیم خیبرپختونخوا نے میٹرک اورانٹرمیڈیٹ کے طلباء وطالبات کو امتحانات کی تیاری کروانے کیلئے ایپلی کیشن تیارکرلی ہے۔ ایپلی کیشن پلے سٹور پردستیاب ہے۔ طلباء وطالبات اس پررجسٹریشن کرکے آن لائن کلاسز 3 بجے سے لیکر شام 10 بجے تک لے سکتے ہیں جبکہ لیکچرز کا ریکارڈ بھی موجود ہوگا جس سے طلباء وطالبات بعد ازاں بھی استفادہ حاصل کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اس ایپلی کیشن کیلئے محکمہ تعلیم نے نون اکیڈمی کیساتھ مفاہمتی یادداشت پردستخط کیے ہیں جوکہ بچوں کو محدود کورسز کی تیاری آن لائن کروائیں گے۔ یہ ایپلی کیشن پلے سٹور پر نون اکیڈمی(Noon Academy) کے نام سے دستیاب ہے۔ انہوں نے کہاکہ جو طلباء وطالبات نون اکیڈمی ایپلی کیشن کو استعمال میں لاکر امتحانات کی تیاری کریں گے۔

ان ٹاپ 16 طلباء وطالبات کو فی طالب علم تقریباً 7 لاکھ روپے کا وظیفہ بھی دیاجائیگا۔ جن میں صوبے کے 8 تعلیمی بورڈز میں ہر بورڈ کے 2 طلباء شامل ہوں گے ایک طالب علم میٹرک اور دوسرا انٹرمیڈیٹ سے ہوگا۔ وہ سول سیکرٹریٹ پشاور میں محکمہ اطلاعات وتعلقات عامہ کے میڈیا سیل میں پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ شہرام خان ترکئی نے کہاکہ ہم نے پورے صوبے کے گریڈ10 اور گریڈ12 کے طلباء وطالبات کیلئے سکول کھول دئیے ہیں تاکہ وہ امتحانات کی تیاری کرسکیں اور ہماری کوشش ہے کہ ان کو بعد از سکول آن لائن تیاری بھی کروائیں۔ انہوں نے مزید کہاکہ مستقبل کی ضروریات کو مدنظر رکھ کر ہم صوبے کے سرکاری سکولوں میں سمارٹ سکول پروگرام شروع کررہے ہیں جہاں پر تمام کورس ڈیجیٹلائزڈ ہوگا صوبے میں سکولوں کی تعداد زیادہ ہے مگر ہم آہستہ آہستہ تمام سکولوں تک اس پروگرام کو وسعت دیں گے۔ اس کے علاوہ اساتذہ کی تربیت پر بھی ہم بہت زیادہ توجہ دے رہے ہیں تاکہ وہ بھی مکمل طور پر آن لائن چیزوں کیلئے تیار ہوجائے۔

شہرام خان ترکئی نے صوبے کے تعلیمی نظام میں جاری اصلاحات کے حوالے سے کہاکہ اس سال کے پروگرام کے مطابق صوبے کے 26 اضلاع کے تقریباً 12 لاکھ طلباء وطالبات کو 3 ارب روپے کی لاگت سے فرنیچر فراہم کررہے ہیں جبکہ اگلے سال مزید 3 ارب روپے مختص کرکے صوبے کے تمام طلباء وطالبات کو فرنیچر کی ضرورت پوری کردی جائیگی اور اگلے سال سے ہربچے کو فرنیچر کی سہولت دستیاب ہوگی۔ وزیرتعلیم نے پرائمری ایجوکیشن کی افادیت کے حوالے سے کہاکہ ارلی ایج چائلڈ ہڈ ایجوکیشن پروگرام کے تحت کچی کلاس کے طلباء وطالبات کیلئے مخصوص ای سی ای کلاس رومز تیار کرلئے گئے ہیں جبکہ اگلے سال مزید 2000 کلاس رومز بنانے جارہے ہیں۔ انہوں کہاکہ تمام اساتذہ اور سٹاف ویکسی نیشن کروائے تاکہ تعلیمی سلسلہ جاری رہے اور اساتذہ اور بچے محفوظ رہیں جبکہ تمام بورڈز کو ہدایت ہے کہ صرف ان اساتذہ کی امتحانی ڈیوٹی لگائی جائے جنہوں نے ویکسینیشن کی ہو۔ ایک سوال کے جواب میں وزیرتعلیم نے کہاکہ پوری دنیا میں کورونا کی وجہ سے تعلیمی سلسلہ متاثرہواہے مگر ہماری کوشش ہے کہ مزید نقصان سے بچا جاسکیں۔ انہوں نے کہاکہ طلباء تمام تر توجہ امتحانات کی تیاری پر مرکوز رکھیں۔


شیئر کریں: