Chitral Times

Apr 25, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

وزیراعلیٰ کا بھیس بدل کرمختلف تھانوں کا دورہ، کیمروں کی خرابی اور صفائی کی ناقص صورتحال پر برہمی کا اظہار

شیئر کریں:

پشاور ( چترال ٹائمز رپورٹ ) وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے اچانک چھاپوں کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے ہفتے کے روز پھر سے بھیس بدل کر بغیر کسی پروٹوکول فقیر آباد اور خزانہ پولیس اسٹیشنز پہنچ گئے۔ وزیر اعلی نے ان تھانوں کے روزنامچہ رجسٹرز سمیت دیگر ریکارڈ چیک کیااور حوالاتیوں سے ملاقات کرکے ان سے پولیس کے برتاو کے بارے میں معلومات حاصل کی۔وزیر اعلی نے خزانہ پولیس اسٹیشن میں سی سی ٹی وی کیمروں کی خرابی اور صفائی کی ناقص صورتحال پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے تھانے کے انچارج کو سی سی ٹی وی کیمروں کو فوری طور پر فعال بنانے اور صفائی کی صورتحال کو فوری بہتر بنانے کے لئے ضروری اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے اس سلسلے میں رپورٹ بھی طلب کر لی۔وزیراعلی نے تھانہ فقیر آباد میں بہتر انتظامات اور ریکارڈ منظم انداز میں رکھنے پر عملے کو شاباش دی۔

وزیراعلیٰ نے ان تھانوں میں موجود سائلین سے بھی ملے اور اُن سے اُن کے مسائل اور پولیس کے رویے کے بارے میں دریافت کیا اور تھانوں کے عملے کو تھانوں میں آنے والے بزرگ شہریوں اور خواتین کا خاص خیال رکھنے کی تاکید کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلی نے کہا کہ موجودہ حکومت تھانوں کو صحیح معنوں میں عام آدمی کی داد رسی اور انصاف کے مراکز میں تبدیل کرنے کیلئے اقدامات کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس عوام کے جان و مال کے تحفظ کی ضامن ہے اور عوام کا اعتماد مکمل طور پر بحال کرنے کے لئے پولیس کو اپنی کارکردگی مزید بہتر کرنی ہوگی۔ وزیراعلیٰ کا مزید کہنا تھا کہ وہ تمام محکموں اور عوامی خدمات کے اداروں کے اچانک دوروں کا سلسلہ جاری رکھیں گے اور عوام کو خدمات کی فراہمی میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کریں گے۔

chief minister khyber pakhtunkhwa surprise visit police stations

۔۔۔۔۔

دریں اثنا وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے خوازخیلہ بشام ایکسپریس وے منصوبے کی فیزیبلٹی کروانے کا اصولی فیصلہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس ایکسپریس وے کی تعمیر ضلع شانگلہ کے عوام کا دیرینہ مطالبہ اور وقت کی اہم ضرورت ہے جس پر فیزیبلٹی رپورٹ کی روشنی میں مزید پیشرفت کی جائے گی۔وہ گزشتہ روز صوبائی وزیر محنت و ثقافت شوکت یوسفزئی سے گفتگو کر رہے تھے جس نے ان کے دفتر میں ان سے ملاقات اور ضلع شانگلہ میں ترقیاتی منصوبوں اور عوامی فلاح و بہبود سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔ صوبائی وزیر محنت شوکت یوسفزئی نے وزیراعلیٰ سے علاقے کے لوگوں کو درپیش سفری مشکلات کے پیش نظر بشام ایکسپریس وے منصوبے کی فیزیبلٹی کروانے کی درخواست کی جس پر وزیر اعلیٰ محمود خان نے اس منصوبے پر عملدرآمد کے لئے فیزیبلٹی کروانے کا اصولی فیصلہ کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو اس سلسلے میں ضروری اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی۔ خوازہ خیلہ بشام ایکسپریس وے کے مجوزہ منصوبے کو علاقے کی ترقی کے لئے انتہائی اہمیت کا حامل قرار دیتے ہوئے وزیر اعلی نے کہا صوبائی حکومت ضلع شانگلہ میں سیاحتی سرگرمیوں کو فروغ دے کر علاقے کے نوجوانوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے اور علاقے کی پسماندگی دور کرنے کیلئے انتہائی سنجیدہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے تمام اضلاع کو یکساں بنیادوں پر ترقی دینے کے لیے ایک مربوط حکمت عملی کے تحت اقدامات اٹھا رہی ہے اور صوبائی حکومت کے ان اقدامات کے نتیجے میں پسماندہ علاقوں کی محرومیوں کا آزالہ ہوجائے گا اور انہیں ترقی کے میدان میں صوبے کے دیگر ترقی یافتہ اضلاع کے برابر لانے میں مدد ملے گی۔ وزیر اعلی کا مزید کہنا تھا کہ مشکل صورتحال کے باوجود آنے والے بجٹ میں عام آدمی کو۔زیادہ سے زیادہ ریلیف دیا جائے گا اور اگلے سالانہ ترقیاتی پروگرام کو تمام اضلاع کی ضروریات اور عوامی مسائل کو مد نظر رکھتے ہوئے ترتیب دیا جائے گا جبکہ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور یومیہ اجرت پر کام کرنے والوں کی اجرت میں اضافہ اور آئمہ مساجد کو وظائف کی فراہمی جیسے دیگر عوام دوست اقدامات بھی بجٹ کا حصہ ہونگے اور نیا مالی سال انشاءاللہ صوبے کی ترقی اور خوشحالی کا سال ثابت ہوگا۔انہوں نے کہا کہ سوات تا کالام روڈ پر تمام پلوں کی تعمیر کے ٹینڈر جاری ہوچکے ہیں اور عنقریب ان پلوں کی تعمیر پر عملی کام کا آغاز کیا جائے گا۔

cm met shaukat yousufzai

شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
48664