Chitral Times

Apr 20, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

خیبرپختونخوا میں کورونا کیسز کی مثبت شرح 4.7 ریکارڈ ,مثبت شرح ڈھائی ماہ کی کم ترین سطح پر

شیئر کریں:

مثبت شرح ڈھائی ماہ کی کم ترین سطح پر جبکہ یومیہ اموات کی اوسط 2 ماہ کی کم ترین سطح پر ریکارڈ کی گئی۔ تیمور جھگڑا

صوبے میں اساتذہ اور تعلیمی اداروں میں تعینات دیگر عملے کی ویکسینیشن 5 جون سے قبل کرنے کی ہدایت جاری


پشاور (چترال ٹائمز رپورٹ) خیبرپختونخوا کے وزیر صحت و خزانہ تیمور سلیم خان جھگڑا نے کہا ہے کہ گزشتہ روز صوبے میں کورونا کیسز کی شرح اور یومیہ اموات کی اوسط کم سطح پر ریکارڈ کی گئی۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کورونا وائرس سے متعلق رپورٹ شیئر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز صوبے میں 384 نئے کورونا کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ کیسز کی مثبت شرح 4.7 فیصد رہی جو کہ گزشتہ ڈھائی ماہ کے دوران کی کم ترین شرح تھی۔ اسی طرح یومیہ اموات کی اوسط بھی دو ماہ کی کم ترین سطح پر ریکارڈ کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت فعال کورونا کیسز کی تعداد 5 ہزار 564 ہے جبکہ ہسپتال میں داخل مریضوں کے تعداد 1152 ہے۔ گزشتہ روز صوبے میں سب سے زیادہ یومیہ مثبت شرح لوئر دیر میں 29 فیصد، خیبر میں 25 اور ایبٹ آباد میں 24 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ کورونا وباء کے حوالے سے درست سمت میں جا رہے ہیں۔

کورونا کی تیسری لہر پر قابو پانے کے حوالے اقدامات اور زیادہ شرح والے علاقوں کے اعداد و شمار پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ پشاور ڈویژن میں اس وقت مثبت کیسز کی شرح 10 فیصد سے بھی کم ہے۔ ہسپتالوں میں زیر استعمال بستروں کی تعداد میں بھی کمی آئی ہے۔ تیمور جھگڑا نے کہا کہ کچھ عرصہ قبل صرف لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں روزانہ 450 کورونا کے مریض آ رہے تھے جہاں اب 170 مریض آ رہے ہیں جو کہ اب بھی ملک بھر میں کسی بھی ہسپتال میں کورونا مریضوں کی سب سے زیادہ یومیہ تعداد ہے۔ مردان میں مثبت شرح 35 فیصد کی بلندی کو پہنچ کر کم ہونا شروع ہوئی ہے جبکہ صوابی میں شرح 20 فیصد کی بلندی سے کم ہوئی ہے۔ صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ شہری اپنی کورونا سے بچاؤ کی ویکسینیشن کروا کر خود کو اس مرض سے محفوظ بنائیں۔ تیمور جھگڑا نے کہا کہ کل سے صوبے بھر میں 30 سال سے زائد عمر کے شہریوں کی واک ان ویکسینیشن شروع کر رہے ہیں۔

دریں اثنا خیبرپختونخوا کے محکمہ صحت نے ٹیچرز، لیکچررز اور پروفیسرز کی کورونا سے بچاؤ کی ویکسینیشن ترجیحی بنیادوں پر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں این سی او سی کی جانب سے صوبے میں اساتذہ اور تعلیمی اداروں میں تعینات دیگر عملے کی ویکسینیشن 5 جون سے قبل کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔ ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز خیبرپختونخوا کے دفتر سے متعلقہ حکام کو جاری پیغام میں کہا گیا ہے کہ 29 مئی سے سرکاری و نجی شعبہ سے منسلک اساتذہ اور سرکاری و نجی یونیورسٹیوں، کالجز اور اسکولوں میں تعینات دیگر عملے کی واک ان طریقہ کار کے تحت ویکسینیشن کی جائے گی۔ ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز ڈاکٹر نیاز محمد کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ اساتذہ کی ترجیحی بنیادوں پر کورونا سے بچاؤ کی ویکسینیشن کے لیے انتظامات کے لیے تمام متعلقہ افسران، ہسپتالوں اور ماس ویکسینیشن سینٹرز کو آگاہ کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری و نجی تعلیمی اداروں کے اساتذہ قومی شناختی کارڈ اور جاب سرٹیفکیٹ کے ہمراہ ویکسینیشن سینٹرز تشریف لائیں۔ ڈاکٹر نیاز محمد نے کہا کہ کوائف کی موقع پر تصدیق کے بعد ویکسین لگا دی جائے گی۔ صوبے بھر میں ویکسینیشن سینٹرز صبح 8 بجے سے رات 8 بجے تک کھلے ہوتے ہیں۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged ,
48642