Chitral Times

Mar 28, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

وزیراعظم و وفاقی وزیر داخلہ,کیا اوورسیز پاکستانی سیکورٹی رسک ہیں ؟…قادر خان یوسف زئی

شیئر کریں:

ے وزیراعظم پاکستان و وفاقی وزیرداخلہ کے اوورسیز پاکستانیوں کے لئے جذبات و بیانات کسی سے ڈھکے چھپے نہیں، عمران خان اوورسیز پاکستانیوں کو قومی اثاثہ قرار دیتے ہیں اور انہوں نے سفارت خانوں کو بھی احکامات دیئے کہ وہ اوورسیز پاکستانیوں سے اپنا رویہ تبدیل کریں۔وزیراعظم نے عوامی شکایات پر سعودی عرب میں پاکستانی سفارتخانے کے نامناسب رویہ پر سخت ایکشن بھی لیا، جسے دنیا بھر موجود اوورسیز پاکستانیوں نے خوب سراہا۔

کورونا کے دوران بیرون ملک سے بھیجی جانے والی ترسیلات زر میں اضافہ ہوا۔10ماہ کے دوران بیرون ممالک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے ترسیلات زرکی مد میں 24.2 ارب ڈالر بھیجے گئے جو نہ صرف ایک ریکارڈ ہے بلکہ اس سے پاکستان کی معیشت کو بھی استحکام حاصل ہوا۔ وزیراعظم نے بھی بیرون ملک پاکستانیوں کو ریکارڈ ترسیلات ِزر بھیجنے پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اُمید ظاہر کی کہ رواں مالی سال کے آخر تک بیرون ملک سے موصول ہونے والی ترسیلاتِ زر بڑھ کر ریکارڈ 27 سے 28 ارب ڈالر تک پہنچ جائیں گی، جس پر وزیراعظم نے اوورسیز پاکستانیوں کو سلام بھی پیشکیا۔ یہ تو ہوئی اوورسیز پاکستانیوں کی ملک سے محبت کی ایک مثال، جو زرمبادلہ کی صورت میں قانونی طریق کار سے بھیجی جا رہی ہیں، جس میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔

حکومت نے اوورسیز پاکستانیوں کی سہولت کے لئے روشن پاکستان ڈیجیٹل اکاؤنٹ کا بھی اہم اقدام کیا، یہ عمل بھی قابل ستائش ہے، اوورسیز پاکستانی ووٹ کا حق بھی تقویض کرنے کی اطلاعات پر مسرور نظر آئے، لیکن ایک واقعے نے مجھے ششدر کردیا کہ کیا اوورسیز پاکستانیوں کی خدمات کا صلہ حکومت کی جانب سے کھلے دل کے ساتھ دیا بھی جارہا ہے یا نہیں۔ کچھ ایسا ہوا کہ کویت میں کئی دہائیوں سے رہائش پذیر بزنس مین محترم غلام حیدر شیخ نے مجھے فون کیا، شیخ صاحب اہل علم و قلم دوست بھی ہیں، ان سے مختلف معاملات پر گاہے بگاہے گفت و شنید رہتی ہے، دھیمے لہجے و حالات کی کسوٹی کے گرم و سرد تجارب کے ساتھ ان کا متحمل اسلوب و بیان کا قائل رہا ہوں، لیکن پہلی مرتبہ ان کے غصے میں شکایات سے میں ہڑبڑا گیا، کیونکہ اس کی سرشت سے جتنا واقف ہوں، بوجوہ میرے لئے ان کا غیض و غصب ہونا حیران کن ہی نہیں پریشان کن بھی تھا۔

انہوں نے پرشدید تنقید کی،اب اصل مدعے پر آتا ہوں۔ شیخ غلام حیدر شیخ نے پہلا سوال مجھ سے پوچھا کہ کیا،میں پاکستانی نہیں، کیا ہم اوورسیز پاکستانی نہیں، میں نے پورے یقین کے ساتھ جواب دیا کہ اگر کوئی یقین نہیں رکھتا تو اُسے اپنے دماغ کا علاج کرواناچاہیے، اوورسیز پاکستانی تو پاکستانی معیشت کے لئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں، تو انہو ں نے کہا کہ کیا ہمیں پیسے بنانے کی مشین سمجھا جاتا ہے، میں نے بے یقینی سے کہا، شاید ایسا نہیں ، انہوں نے چراغ پا ہو کر کہا کہ ایسا ہی ہے۔ میں بضد تھا کہ وجہ تو بتائیں کہ آج سورج مغرب سے کیوں نکلا ہے، لفظوں کی حدت کراچی کی گرمی کے پارے میں اضافے کے موجب بن رہی ہے، بالاآخر بتایا کہ کرونا وبا کی وجہ سے فیملی کے ساتھ اپنے وطن آیا ہوا ہوں، ویسے بھی کویت میں رہائش پذیر ہونے کے دوران بھی کئی مرتبہ پاکستان آتا رہتا ہوں، کیونکہ خاندان اورزیادہ تر دوست احباب و غیرہ پاکستان میں بھی ہیں، ان سے ملاقات کے لئے وقتاََ فوقتاََ آنیاں جانیاں رہتی ہیں، تاہم کرونا کی وجہ سے، اس باردورانیہ طویل ہوگیا، جس کے سبب پاکستانی موبائل فون کنکشن کے لئے یکے بعد دیگرے مختلف فرنچائز کا دورہ کیا تو انکشاف ہوا کہ ان کا بائیو میٹرک قومی شناختی کارڈ جو کہ 18کویتی دینار دے کر سفارت خانے سے بنایا تھا وہ پاکستان میں ایک موبائل فون کنکشن لینیکے لئے قابل قبول نہیں، بائیو میٹرک تصدیق نہیں ہوسکتی۔

علم ہوا کہ حکومت کی جانب سے اوورسیز پاکستانیوں کو NICOP پر پاکستان سے سم کے اجرا ء پر پابندی ہے، اس موقف کی تصدیق لاہور میں نادرا کے ایک رجسٹریشن سینیٹر میں معلوماتی ڈیسک پر موجود خاتون نے بھی کی، اول تو ان خاتون کو خود بھی اس کا علم نہیں تھا، انہوں نے نادرا سینیٹر میں موجود اپنے کسی سینئر سے معلومات حاصل کی اور توثیق کی کہNICOPپر موبائل سم کنکشن نہیں مل سکتا۔ وجہ وغیرہ و دیگر معلومات سے متعلق انہیں کچھ آگاہی نہیں تھی ماسوائے اس کے کہ انہیں وزرات داخلہ کی جانب سے یہی احکامات ہیں۔ غلام حیدر شیخ نے اپنے دھڑکا سنا یا اورمجھیشناختی کارڈ کا عکس واٹس ایپ کیا،، اوورسیز پاکستانی قومی کارڈ (NICOP)تھا، جس کی موجودہ نارمل فیس، ارجنٹ اور ایگزیکٹو فیس 57امریکی ڈالر ہے، نیا بنائیں موڈیفئکشن کریں، گم ہونے پر ڈبلیکٹ بنائیں یا تجدید کرائیں، کیٹگری اے سے بی یکساں فیس 54/57ڈالر ہے۔(انہوں نے 18کویتی دینار میں بنایا تھا)۔

قومی شناختی کارڈ ہے، سفارت خانے سے بنایا گیا، بائیو میٹرک سے تصدیق شدہ قومی اسمارٹ کارڈ ہے، اپنے چند اوورسیز دوستوں و نادرا سینیٹر سے بھی تصدیق کی، تو پھر یہ سب کیا ہے، قومی شناختی کارڈ کو دنیا بھر میں تسلیم کیا جاتا ہے، ملک میں مختلف دستاویزات مثلاََ لائسنس، این ٹی این، بنک اکاؤنٹ، پاسپورٹ، موبائل کنکشن کے لئے شناختی کارڈ کا ہونا لازمی شرط، تو پھر یہ حق اوورسیز پاکستانیوں کو کیوں نہیں، جو کہ ملک کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی ہیں، قیمتی زر مبادلہپاکستان بھیجتے ہیں، حکومت کے ہر اعلان پر لبیک کہتے ہیں، ترسیلات زر بھیجنے کے نئے ریکارڈ بنا تے ہیں،ذاتی محنت کی کمائی سے ملک کا معاشی پہیہ چلا رہے ہیں، ایسے اوورسیز پاکستانی،NICOP رکھنے کے باوجود ایک موبائل کنکشن لینے کے بھی اہل نہیں۔

وزیراعظم پاکستان اور وفاقی وزیر داخلہ صاحب سوچنے کا مقام ہے کہ اس سے اوورسیز پاکستانیوں کی کتنی حوصلہ شکنی ہوتی ہوگی، جب وہ واپس جاکر یا مجھ جسے کئی دوست احباب کو اپنا یہ دھڑکا سناکر کہتے ہوں گے کہ کیا وہ صرف پیسے بنانے کی مشین ہیں کہ ہر جگہ ان سے فیس کے نام پر بھاری رقم بھی وصول کی جائے، سفارت خانوں میں خجل خواری بھی ہو، اپنے وطن واپس آئیں تو رشتے داروں سے سستے رابطے کے لئےNICOPپر موبائل کنکشن بھی نہ لے سکیں، کیا اس اہم مسئلے کا کوئی حل ارباب اختیار کے پاس ہے۔کیا اوورسیز پاکستانی سیکورٹی رسک ہیں جنہیں بنیادی حقوق نہیں دیئے جارہے۔


شیئر کریں: