Chitral Times

Apr 19, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

صوبائی حکومت پاک چین دوستی کے سترسالوں کی تکمیل پرعوام کو مبارکباد پیش کرتی ہے۔کامران بنگش

شیئر کریں:

پشاور (چترال ٹائمزرپورٹ) ترجمان خیبرپختونخوا حکومت اور وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و اعلیٰ تعلیم کامران بنگش نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا حکومت، پاک چین مستحکم تعلقات اور دوستی کے ستر سالوں کی تکمیل کے موقع پر اور ان سبھی امور کیلئے جو اِنہوں نے پچھلی کچھ دہائیوں میں حاصل کئے ہیں دونوں ممالک کے عوام اور حکومتوں کو مبارکباد پیش کرتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ابتداء ہی سے اور خاص طور پر 1960کی دہائی سے دونوں ممالک میں افہام و تفہیم کے قریبی تعلقات قائم ہونا شروع ہوئے جو علاقائی اور بین الاقوامی سیاست میں تبدیلیوں کے باوجود نمایاں طور پر اور مستقل بنیادوں پر قائم ہیں۔ ان خیالات کا اظہار وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و اعلیٰ تعلیم نے پاک چین دوستی کے 70 سال مکمل ہونے پر اپنے میڈیا پیغام میں کیا۔

اپنے آفس سے جاری کردہ بیان میں معاون خصوصی برائے اطلاعات کامران بنگش نے کہا کہ اگرچہ حالیہ دہائیوں میں چین نے ترقی میں متاثر کن کامیابیاں حاصل کی ہیں جن سے ہمیں رہنمائی ملتی ہے۔ یہ ترقی اور خوشحالی کا ایک معجزہ ہے جس نے آٹھ سو پچاس ملین سے زیادہ چینیوں کو غربت سے نکالا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں برادر ممالک کے سفارتی تعلقات روز بروز مزید بہتر سمت میں تیزی سے آگے بڑھ رہے ہیں اور وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ انہیں تقویت حاصل ہوتی جا رہی ہے۔ آج چین پاکستان اقتصادی راہداری (CPEC) دونوں ملکوں کے مابین باہمی تعاون کیلئے ایک مضبوط بنیاد فراہم کر رہا ہے اور ہمیں مزید قریب لا رہا ہے۔ کورونا وبا اور پاک چائنہ تعلقات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے معاون خصوصی برائے اطلاعات کامران بنگش نے کہا کہ دونوں ممالک کوویڈ-19 کا مقابلہ کر رہے ہیں اور صحت کیلئے بھی ویکسین کی فراہمی کیلئے ہم حکومت چین کے تعاون پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔

اسی طرح CPEC ہماری شراکت کو مستحکم کر رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ خیبر پختونخوا میں دیر پا ترقی کو یقینی بنانے اور یہاں کے لوگوں کے روشن مستقبل کیلئے حکومت خیبر پختونخوا چین کے ساتھ مل کر مواقع پیدا کر رہا ہے۔ اس منصوبے کی بدولت خیبر پختونخوا، افغانستان اور وسطی ایشیائی ریاستوں کیلئے ایک گزر گاہ کی حیثیت اختیار کر جائے گا۔اس صورت میں ہم CPEC کو خیبر پختونخوا کی ترقی کیلئے ایک بہت بڑا موقع سمجھتے ہیں۔ معاون خصوصی کامران بنگش نے کہا کہ مجھے چین کے تمام کاروباری اداروں کو مطلع کرنے میں بے حد خوشی ہے کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے وژن کے تحت ہم CPEC کو ایک ایسی راہداری کے طور پر دیکھتے ہیں جو خوشحال اور روشن کل کی ضمانت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں یقین ہے کہ سی پیک خیبر پختونخوا میں تجارت اور سرمایہ کاری میں اضافہ اور صوبے میں مزید خوشحالی لائے گا اور امید کرتاہوں کہ چینی سرمایہ کار خیبر پختونخوا میں وقار کے ساتھ آزادنہ سرمایہ کاری کی پالیسیوں سے استفادہ کریں گے۔

وزیراعلی خیبرپختونخوا کا ذکر کرتے ہوئے معاون خصوصی کامران بنگش نے کہا کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کی ہدایت کے تناظر میں صوبے میں سرمایہ کاری کیلئے حقیقت پسندانہ حکمت عملی پر کام کر رہے ہیں تاکہ نہ صرف چینی بلکہ دوسرے بیرونی سرمایہ کاروں کو بھی راغب کیا جاسکے۔ ہم صوبے میں سرمایہ کاری کے رجحان کو فروغ دینے اور سرمایہ کاروں کو سہل مواقع فراہم کرنے کیلئے KPBOIT کو مضبوط و مستحکم کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت مختلف سماجی، معاشی منصوبوں خصوصاً لائٹ انجنئیرنگ،صحت، پیشہ وارانہ تربیت، زراعت اور پینے کے صاف پانی میں چینی حکومت کی طرف سے معاونت پر ان کی مشکور ہے۔ رشکئی اکنامک زون بارے میں اپنے پیغام میں معاون خصوصی کامران بنگش نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ رشکئی اور دیگر سپیشل اکنامک زونز کی ترقی کے ذریعے ہم ایک ایسا مناسب ماحول پیدا کرنے کے قابل ہو جائیں گے جہاں ایک دوسرے کے ساتھ مزید باہمی تعاون اور مشترکہ اقدامات اٹھائے جا سکیں گے اور آنے والے عشروں میں صنعتی اور دیگر مشترکہ منصوبوں میں باہمی اقدامات ہمارے دیرینہ روابط کے ساتھ ساتھ معاشی نمو اور ترقی کو بھی پائیدار بناتے جائیں گے۔ تاکہ پاک چین دوستی زندہ باد رہے۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریں
48424