Chitral Times

Sep 25, 2021

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

کالاش قبیلے کیلئے بیس کنال زمین خریدلی گئی،جوقبرستان اورچھارسوکیلئے استعمال ہوگی

شیئر کریں:

چترال ( نمائندہ چترال ٹائمز ) حکومت خیبر پختونخوا کے ڈیپارٹمنٹ آف سپورٹس ، کلچر، آثار قدیمہ و امور نوجوانان نے قدیم کالا ش تہذیب و ثقافت کے تحفظ کیلئے تینوں کالاش وادیوں میں بیس کنال زمین خرید لی ہے ۔ کالاش وادیاں ہزاروں سال قدیم تہذیب و ثقافت کی وجہ سے پوری دنیا میں مشہور ہیں ۔ اور عالمی سطح پر ان کی تاریخی و آثاریاتی اہمیت ہے ۔ لیکن اس قدیم تہذیب کے حامل قبیلے کے پاس قبرستان ( مڈوکجال ) کیلئے جگہیں ختم ہو چکی تھیں ۔ اور چھارسو ( ڈانسنگ پلیس ) بھی بہت محدود رہ گئے تھے

۔ اس لئے عرصے سے نئے قبرستان کیلئے زمین کی خریداری اور چھارسو کی توسیع کی ضرورت محسو س کی جا رہی تھی ۔ جس کیلئے بیس کنال زمین خرید لی گئی ہے ۔ جن میں کراکاڑ بمبوریت میں قبرستان کیلئے 3کنال ، برون قبرستان کیلئے 4کنال ، ڈانسنگ پلیس بتریک بمبوریت کی توسیع کیلئے 4کنال ، بیہاڑ بریر قبرستان کیلئے ڈیڑ ھ کنال ، ڈانسنگ پلیس کیلئے 0.30کنال ، بڑانگورو رمبور ڈانسنگ پلیس کیلئے 3.35 کنال ، بھٹیٹ رمبور کیلئے 2کنال ، بتریک قبرستان کیلئے 1.5 کنال و 0.16کنال اور کالاشگرام کیلئے 0.28 کنال شامل ہیں ۔

جن کی مجموعی مقدار 20 کنال بنتی ہے ۔ کالاش قبیلے کے قبرستان ختم ہو چکے تھے ۔ اور قبیلے کے انجہانی میتوں کو دفنانے میں بہت مشکلات درپیش تھیں ۔ جس کیلئے معاون خصوصی وزیر اعلی خیبر پختونخوا وزیر زادہ کی کوششوں سے وزیر اعلی کے خصوصی احکامات کے تحت ڈیپارٹمنٹ آف سپورٹس، آرکیالوجی و میوزیم نے یہ زمین خرید کر قبیلے کے حوالے کی ۔

کالاش قبیلے میں تقریبا ایک سو سال قبل مردوں کو زمین میں دفنانے کا طریقہ شروع ہوا ۔ جبکہ اس سے قبل کالاش قبیلہ اور شیخان قبیلے کے لوگ مردوں کو لکڑی کےتابوت میں رکھ کر زمین کے اوپر ہی رکھ دیتے تھے ۔ لیکن اس سے ماحولیاتی مسائل پیدا ہوئے اور مردوں کے ساتھ تابوت میں رکھے جانے والے روایتی سامان محفوظ نہیں رہے ۔ اس لئے دفنانے کو بہتر سمجھا گیا ۔ کالاش ویلی بمبوریت کے کراکاڑ گاوں میں قدیم قبرستان آثار قدیمہ کی صورت میں موجود ہے ۔ جس میں زمین کے اوپر کئی تابوت پڑے ہیں ۔ جن میں انسانی ڈھانچے کے باقیات دیکھے جا سکتے ہیں ۔ اب اس قبرستان میں دفنانے کیلئے کوئی جگہ خالی موجود نہیں ہے ۔ جس کی وجہ سے قبیلے کو انتہائی مشکلات درپیش تھیں ۔

کالاش قبیلے کے عمائدین اور لوگوں نے قبرستان اور مذہبی تہوارچلم جوشٹ اور چترمس کیلئے زمین خریدنے پر وزیر اعلی محمود خان ، معاون خصوصی وزیر اعلی برائے اقلیتی امور وزیرزادہ اور ڈیپارٹمنٹ آف سپورٹس ، کلچر ، آرکیالوجی کا شکریہ ادا کیا ہے ۔ اور اسے حکومت اور وزیر زادہ کی طرف سے کالاش قبیلے کیلئے عظیم تحفہ قرار دیا ہے ۔


شیئر کریں: